فرض حج نہ کرنے والوں کیلئے لمحہ فکریہ

تحریر : مولانا حافظ اسعد عبید


حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جس کے پاس سفر حج کا ضروری سامان ہو اور اس کو سواری میسر ہو جو بیت اللہ تک اس کو پہنچا سکے اور پھر وہ حج نہ کرے تو کوئی فرق نہیں کہ وہ یہودی ہو کر مرے یا نصرانی ہو کر، اور یہ اس لیے کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ ’’اللہ کیلئے بیت اللہ کا حج فرض ہے ان لوگوں پر جو اس تک جانے کی استطاعت رکھتے ہوں‘‘ (رواہ الترمذی)

حج کی فرضیت کا حکم راحج قول کے مطابق 9ھ میں آیا اور اگلے سال 10 ھ میں اپنی وفات سے صرف تین ماہ پہلے نبی کریم ﷺ نے صحابہ کرامؓ کی بہت بڑی جماعت کے ساتھ حج فرمایا جو ’’حجۃ الوداع‘‘ کے نام سے مشہور ہے اور اس حجۃ الوداع میں خاص عرفات کے میدان میں آپ پر یہ آیت نازل ہوئی الیوم اکملت لکم دینکم واتممت علیکم نعمتی الایہ(المائدہ)۔اس آیت میں تکمیل دین کے ساتھ ساتھ ایک لطیف اشارہ ہے کہ حج اسلام کا تکمیلی رکن ہے۔ اگر بندہ کو مخلصانہ حج نصیب ہو جائے جس کو دین و شریعت کی زبان میں ’’حج مبرور‘‘ کہتے ہیں تو گویا اس شخص کو سعادت کا اعلیٰ مقام حاصل ہو گیا۔

لیکن جو شخص حج کرنے کی استطاعت رکھنے کے باوجود حج نہ کرے اس کیلئے آغاز میں مذکور ارشاد نبویﷺ میں بڑی سخت وعید آئی ہے۔ مولانا منظور نعمانی صاحبؒ معارف الحدیث میں تحریر فرماتے ہیں کہ حج فرض ہونے کے باوجود حج نہ کرنے والوں کو مشرکین کے بجائے یہود و نصاریٰ سے تشبیہ دینے کا راز یہ ہے کہ حج نہ کرنا یہود و نصاریٰ کی خصوصیت تھی البتہ مشرکین عرب حج کیا کرتے تھے لیکن وہ نماز نہیں پڑھتے تھے اس لیے ترک نماز کو مشرکین کا عمل بتایا گیا۔

ارشاد نبوی میں استطاعت کے باوجود حج نہ کرنے والوں کیلئے یہ فرمایا گیا یہودی و نصرانی ہو کر مرنا گویا برابر ہے (معاذ اللہ) اس کے بعد حدیث میں سورہ آل عمران کی اس آیت کا حوالہ دیا گیا جس میں حج کی فرضیت کا بیان ہے ’’للہ علی الناس حج البیت من استطاع الیہ سبیلا‘‘ لیکن معلوم ہوتا ہے کہ راوی نے صرف حوالہ کے طور پر آیت کا ابتدائی حصہ پڑھنے پر اکتفاء کیا، حدیث میں مذکور وعید آیت کے جس حصہ سے نکلتی ہے وہ اس کے آگے والا حصہ ہے یعنی ومن کفر فان اللہ غنی عن العالمین (جس کا مطلب یہ ہے کہ اس حکم کے بعد جو کوئی کافرانہ رویہ اختیار کرے یعنی باوجود استطاعت کے حج نہ کرے تو اللہ کو کوئی پرواہ نہیں وہ ساری دنیا اور ساری کائنات سے بے نیا زہے)۔

اس میں استطاعت کے باوجود حج نہ کرنے والوں کے رویہ کو ’’من کفر‘ کے لفظ سے تعبیر کیا گیا ہے اور ’’ان اللہ غنی عن العالمین‘‘ کی وعیدسنائی گئی ہے۔ اس کا مطلب یہی ہوا کہ ایسے ناشکرے اور نافرمان جو کچھ بھی کریں اور جس حال میں مریں اللہ کو ان کی کوئی پرواہ نہیں۔(معارف الحدیث، جلد چہارم، صفحہ 193)۔باقی رہا یہ کہ حج کس پر فرض ہوتا ہے تو اس بار ے میں حضرت عبداللہ بن عمر ؓ کی یہ روایت کافی راہنمائی کر رہی ہے کہ ایک شخص نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اس نے سوال  کیا یا رسول اللہ ﷺ کیا چیز حج کو واجب کر دیتی ہے۔ آپﷺنے فرمایا سامان سفر اور سواری (جامع ترمذی، سنن ابن ماجہ)۔

قرآن مجید میں فرضیت حج کی شرط کے طور پر ’’من استطاع الیہ سبیلا‘‘ فرمایا گیا ہے یعنی حج ان لوگوں پر فرض ہے جو سفر کر کے مکہ معظمہ تک پہنچنے کی استطاعت رکھتے ہوں اس آیت میں جو اجمال ہے غالباً سوال کرنے والے صحابی نے اس کی وضاحت چاہی تو آپ ﷺ نے یہ ہدایت فرمائی: ایک تو سواری کا انتظام جس پر مکہ معظمہ تک سفر کیا جا سکے اور اس کے علاوہ کھانے پینے جیسی ضروریات کیلئے اتنا سرمایہ ہو جو اس زمانہ سفر کے گزارنے کیلئے کافی ہو۔فقہائے کرام نے ان اخراجات میں ان لوگوں کے اخراجات کو بھی شامل کیا ہے جن کی کفالت حج پر جانے والے کے ذمہ ہو ۔

جب کوئی شخص حج کر لے تو اس کیلئے بڑی بشارتیں ہیں‘ حضرت ابوہریرہؓسے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جس شخص نے حج کیا اس میں نہ تو کسی شہوانی اور فحش بات کا ارتکاب کیا اور نہ اللہ کی کوئی نافرمانی کی تو وہ گناہوں سے ایسا پاک و صاف ہو کر واپس ہو گا جیسا اس دن تھا جس دن اس کی ماں نے اسے جنا تھا۔(صحیح بخاری، صحیح مسلم)

جو شخص اخلاص کے ساتھ حج یا عمرہ کرتا ہے وہ گویا کہ اللہ تعالیٰ کے دریائے رحمت میں غوطہ لگاتا ہے جس کے نتیجہ میں وہ گناہوں کے گندے اثرات سے پاک صاف ہو جاتا ہے اور اس کے علاوہ دنیا میں بھی اس پر اللہ تعالیٰ کا یہ فضل ہوتا ہے کہ فقر و محتاجی اور پریشان حالی سے اس کو نجات مل جاتی ہے، خوشحالی اور اطمینان قلب کی دولت نصیب ہو جاتی ہے، اور ’’حج مبرور‘‘ کے صلہ میں جنت کا عطا ہونا اللہ تعالیٰ کا قطعی فیصلہ ہے۔ حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ایک عمرہ سے دوسرے عمرہ تک کفارہ ہو جاتا ہے ان کے درمیان گناہوں کا اور حج مبرور (نیکی سمجھتے ہوئے اخلاص کے ساتھ حج کرنے) کا بدلہ تو بس جنت ہی ہے‘‘ (صحیح بخاری، صحیح مسلم)۔

حضرت ابوہریرہؓسے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :حج اور عمرہ کرنے والے اللہ تعالیٰ کے مہمان ہیں۔ اگر وہ اللہ سے دعا کریں تو وہ ان کی دعا قبول فرمائے اور اگر وہ اس سے مغفرت مانگیں تو وہ ان کی مغفرت فرمائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

ڈیجیٹل دور میں خواتین کی معاشی خودمختاری

دنیا تیزی سے ڈیجیٹل معیشت کی طرف بڑھ رہی ہے۔ انٹرنیٹ، آرٹیفشل انٹیلی جنس، ای کامرس، فری لانسنگ اور سوشل میڈیا نے نہ صرف کاروبار کے انداز بدل دیے ہیں بلکہ روزگار کے نئے دروازے بھی کھول دیے ہیں۔

چہرے کی دلکشی کے لیے گھریلو ٹریٹمنٹ

ہر خاتون کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا چہرہ صاف اور قدرتی طور پر دلکش نظر آئے۔ خوبصورت جلد صرف مہنگی کریموں یا بیوٹی ٹریٹمنٹس سے ہی حاصل نہیں ہوتی، بلکہ روزمرہ کی اچھی عادات، متوازن غذا اور چند محفوظ گھریلو نسخے بھی جلد کی خوبصورتی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

آج کا پکوان:مرغ دال

اجز: ایک عدد درمیانی سائز کی مرغی (گوشت)، آدھا کلو چنے کی دال، ایک عدد بڑا پیاز باریک کٹا ہوا، آدھا کلو ٹماٹر باریک کٹے ہوئے، دو عدد ہری مرچیں، چھ چمچ ادرک لہسن کا پیسٹ، ایک پیالی دہی، نمک حسبِ ذائقہ، آدھا چمچ پسی ہوئی ہلدی، ایک چمچ پسا ہوا دھنیا، دو چمچ کٹا ہوا ثابت مصالحہ، آدھا چمچ زیرہ، گرم مصالحہ حسبِ ضرورت، چند تیز پتے اور تیل حسبِ ضرورت۔

احمد ندیم قاسمی: انسان دوست ادیب اور شاعر

20 ویں برسی:ان کی شاعری اور افسانوں میں فکری گہرائی اور وسعت کے ساتھ تاریخی اور عمرانی شعور بھی نمایاں ہے:قاسمی صاحب نے لکھا ہے کہ زندگی کے کر بناک حالات انہیں فنکار بنایا، ان کی جگہ کوئی معمولی اور عمومی ذہن کا بچہ ایسے حالات میں پرورش پاتا تو وہ کوئی بھی منفی قدم بھی اٹھا سکتا تھا

فیفا ورلڈ کپ 2026 سنسنی خیز مرحلےمیں داخل

رائونڈ آف32 اختتام پذیر:پہلے ناک آئوٹ مرحلہ میں میسی ،صلاح اور ڈیاز نمایاں رہے ،رائونڈ آف 16 کا آغاز

غرور کا انجام

تپتی دوپہر میں ریاض نے ایک ہی رٹ لگا رکھی تھی۔ اس کے دوست پسینے سے شرابور، تھکے ہارے بیٹھے تھے۔