محدود آمدنی میں بہتر منصوبہ بندی کیسے کریں؟

تحریر : ثوبیہ اسلم


بڑھتی ہوئی مہنگائی، نت نئے اخراجات اور غیر یقینی معاشی حالات ہر گھر کے بجٹ کو متاثر کرتے ہیں۔ ایسے میں خواتین کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو جاتا ہے۔

 چاہے وہ گھریلو خاتون ہوں، ملازمت پیشہ ہوں یا گھر بیٹھے کوئی چھوٹا کاروبار کرتی ہوں، بہتر مالی منصوبہ بندی کے ذریعے محدود آمدنی میں بھی ایک خوشحال اور پُرسکون زندگی گزاری جا سکتی ہے۔ مالی منصوبہ بندی کا مقصد صرف اخراجات کم کرنا نہیں بلکہ دستیاب وسائل کا بہترین استعمال کرنا ہے۔

آمدنی اور اخراجات حساب

کسی بھی کامیاب مالی منصوبے کی بنیاد یہ ہے کہ آپ کو اپنی آمدنی اور اخراجات کا مکمل علم ہو۔ ہر ماہ ایک نوٹ بک یا موبائل ایپ میں تمام آمدنی اور ہر چھوٹے بڑے خرچ کو لکھیں۔ اس سے معلوم ہوگا کہ پیسہ کہاں خرچ ہو رہا ہے اور کن اخراجات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ضروری اخراجات جیسے راشن، بچوں کی تعلیم، بجلی، گیس اور علاج کو ترجیح دیں، جبکہ غیر ضروری خریداری سے حتیٰ الامکان گریز کریں۔

ماہانہ بجٹ بنائیں

بجٹ مالی نظم و ضبط پیدا کرتا ہے۔ ہر مہینے کے آغاز میں آمدنی کے مطابق بجٹ ترتیب دیں اور کوشش کریں کہ اسی کے اندر رہ کر اخراجات کیے جائیں۔ اگر کسی مد میں بچت ہو جائے تو اسے کسی اور غیر ضروری خرچ میں استعمال کرنے کے بجائے بچت میں شامل کریں۔گھر کے تمام افراد کو بھی بجٹ کی اہمیت سے آگاہ کریں تاکہ فضول خرچی سے بچا جا سکے۔

بچت کو عادت بنائیں

عام طور پر لوگ مہینے کے آخر میں بچ جانے والی رقم کو بچت سمجھتے ہیں جبکہ بہتر طریقہ یہ ہے کہ آمدنی ملتے ہی ایک مخصوص رقم بچت کے لیے الگ کر دی جائے۔ چاہے یہ رقم پانچ سو یا ایک ہزار روپے ہی کیوں نہ ہو، مسلسل بچت مستقبل میں بڑا سہارا بن سکتی ہے۔بچت کسی بینک اکاؤنٹ، کمیٹی یا محفوظ جگہ پر رکھی جا سکتی ہے تاکہ اسے روزمرہ کے اخراجات میں استعمال نہ کیا جائے۔

غیر ضروری خریداری سے گریز

اکثر اشتہارات، سیل اور سوشل میڈیا ہمیں ایسی اشیا خریدنے پر آمادہ کرتے ہیں جن کی حقیقی ضرورت نہیں ہوتی۔ خریداری سے پہلے خود سے یہ سوال ضرور کریں کہ کیا یہ چیز واقعی ضروری ہے؟خریداری کی فہرست بنا کر بازار جائیں اور کوشش کریں کہ صرف انہی چیزوں تک محدود رہیں۔ اس عادت سے ماہانہ اخراجات میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔

گھریلو مہارتوں کو آمدنی کا ذریعہ بنائیں

بہت سی پاکستانی خواتین سلائی، کڑھائی، بیکنگ، پکوان، آن لائن تدریس، بیوٹی سروسز یا دستکاری جیسے ہنر رکھتی ہیں۔ ان مہارتوں کو چھوٹے کاروبار کی شکل دے کر اضافی آمدنی حاصل کی جا سکتی ہے۔ آج کل سوشل میڈیا کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی مصنوعات یا خدمات کی تشہیر کرنا بھی نسبتاً آسان ہو گیا ہے۔ معمولی آمدنی بھی گھر کے بجٹ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

ہنگامی فنڈ ضرور بنائیں

زندگی میں بیماری، ملازمت کے خاتمے یا کسی اچانک خرچ جیسے حالات پیش آ سکتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ آہستہ آہستہ ایک ہنگامی فنڈ تیار کیا جائے۔ اگر چند ماہ کے ضروری اخراجات کے برابر رقم محفوظ ہو تو مشکل وقت میں قرض لینے کی ضرورت کم پڑتی ہے۔

بچوں کو بھی مالی شعور دیں

مالی منصوبہ بندی صرف بڑوں کی ذمہ داری نہیں بلکہ بچوں کو بھی کم عمری سے بچت اور ذمہ دارانہ خرچ کرنے کی عادت سکھانی چاہیے۔ انہیں جیب خرچ میں سے کچھ حصہ بچانے کی ترغیب دیں تاکہ مستقبل میں وہ مالی طور پر ذمہ دار شہری بن سکیں۔

قرض سے حتیٰ الامکان بچیں

ضرورت کے بغیر قرض لینا یا کریڈٹ پر غیر ضروری خریداری کرنا مالی مشکلات میں اضافہ کر سکتا ہے۔ اگر قرض لینا ناگزیر ہو تو صرف اتنی رقم لیں جس کی واپسی آپ کی آمدنی کے مطابق ممکن ہو۔محدود آمدنی کا مطلب یہ نہیں کہ خوشحال زندگی ممکن نہیں۔ اصل کامیابی سمجھداری، منصوبہ بندی اور نظم و ضبط میں ہے۔ اگر پاکستانی خواتین بجٹ بنانے، باقاعدہ بچت کرنے، غیر ضروری اخراجات سے بچنے اور اپنی صلاحیتوں کو آمدنی میں تبدیل کرنے کی عادت اپنالیں تو وہ نہ صرف اپنے خاندان کی معاشی حالت بہتر بنا سکتی ہیں بلکہ مالی خودمختاری کی جانب بھی اہم قدم اٹھا سکتی ہیں۔ یاد رکھیں، مالی استحکام بڑی آمدنی سے نہیں بلکہ درست فیصلوں اور مستقل مزاجی سے حاصل ہوتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

دھوپ میں آنکھوں کی حفاظت کتنی ضروری؟

سورج کی روشنی زندگی کے لیے ناگزیر ہے،یہ جسم کو وٹامن ڈی فراہم کرنے میں مدد دیتی ہے اور قدرتی ماحول کو روشن بناتی ہے، لیکن اسی سورج کی تیز شعاعیں اگر براہِ راست اور زیادہ دیر تک آنکھوں پر پڑیں تو بینائی کو نقصان بھی پہنچا سکتی ہیں۔

آج کا پکوان:اچار گوشت

اجزا:گوشت (چکن، مٹن یا بیف): آدھا کلو،پیاز: 2 عدد (باریک کٹے ہوئے)،ٹماٹر: 3 عدد (پیسٹ یا کٹے ہوئے)،دہی: 1 کپ (پھینٹا ہوا)،ادرک لہسن کا پیسٹ: 2 کھانے کے چمچ ،لیموں کا رس: 3 سے 4 کھانے کے چمچ ،ہری مرچیں: 6 سے 8 عدد ،اچار گوشت مصالحہ: 3 سے 4 کھانے کے چمچ (یا حسبِ ذائقہ)،کوکنگ آئل: 1 کپ۔

عبداللہ حسین:اداس نسلوں کے ناول نگار

گیارھویں برسی: انہوں نے اپنے ناولوں اور افسانوں کے انگریزی میں تراجم کیے جبکہ براہ راست انگریزی میں بھی لکھا: فکشن اصل میں حقیقت ہی کی توسیع ہے، جب تک حقیقی اجزا نہیں لیے جائیں گے فکشن کی کوئی تصویر مکمل نہیں ہو سکتی:عبداللہ حسین:انہوں نے تجربات سے اپنی تخلیق کا مواد حاصل کیا‘ وہ خود کو ان فکشن نگاروں میں شمار کرتے ہیں جو محض تخیل کی بنا پر فکشن تخلیق نہیں کرتے بلکہ حقیقت کے مشاہدے سے اپنے لئے مواد حاصل کرتے ہیں

میر تقی میرؔ سماجی شعور و آگہی کا شاعر

میر تقی میر(1723-1810ء) ایک نابغۂ روزگار شخصیت کا نام ہے۔ ایسی شخصیات ہر روز پیدا نہیں ہوتیں، میر کو خود اس کا بات کا احساس ہے؛یہ شعر ان کے حسب حال ہے

فیفا ورلڈ کپ 2026ء :رائونڈ 32کا آغاز

ناک آئوٹ مرحلہ 32ٹیموں کے درمیان 16مقابلے ہونگے

گولڈن بوٹ کی دوڑ

فیفا ورلڈ کپ 2026 اپنے سنسنی خیز مقابلوں، حیران کن نتائج اور عالمی شہرت یافتہ ستاروں کی شاندار کارکردگی کے باعث دنیا بھر کے شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔