مسائل اور ان کا حل
کاسٹک سوڈا کا استعمال سوال :کیاصفائی کرنے والی اشیا میں کاسٹک سوڈا کا استعمال جائز ہے؟(سرفرازحمید کراچی)
جواب:اگر کاسٹک سوڈا کا استعمال مضر صحت نہ ہو تو کپڑے یا منہ دھونے کے صابن میں اس کا استعمال شرعاً جائز ہے۔( فقہ الحلال، ص145)
نماز میں ایک سجدہ رہ جانے کا مسئلہ
سوال:اگر کسی سے نمازمیں ایک سجدہ رہ جائے اور آخری قعدہ میں یادِآجائے توکس طرح نمازمکمل کرے؟ (محمد ابراہیم، حیدرآباد)
جواب:رہ جانے والاسجدہ نماز میں جب بھی یاد آئے تو یاد آنے پر فوراً سجدہ کرلے اور آخر میں سجدہ سہو کرکے نماز کو مکمل کرے۔(وفی الدر المختار و حاشیۃ ابن عابدین،1/ 462)
سجدہ میں دونوں پاؤں
زمین سے اٹھا ئے رکھنا
سوال:اگر کوئی شخص سجدہ کرتے ہوئے دونوں پیر زمین سے اٹھا لے تو کیا اس کی نماز فاسد ہو گی؟(حاجی محمد عبداللہ ،شکر گڑھ)
جواب:اگر پورے سجدہ میں دونوں پاؤں زمین سے اٹھے رہیں اور ایک انگلی بھی زمین پر تھوڑی دیر کیلئے بھی نہ ٹکے تو یہ سجدہ ادا نہ ہو گا۔(امداد السائلین، جلد 2، صفحہ 158)،(شامی، جلد 1، صفحہ 300)
کپڑوں کے ساتھ کتے کا لگ جانا
سوال: کپڑوں کے ساتھ کتا لگ جائے توکیا کپڑا ناپاک ہوجاتاہے؟( جہانزیب، کراچی)
جواب:کتے کا جسم اگر خشک ہو اور کپڑے کے ساتھ لگ جائے تو کپڑا ناپاک نہیں ہوتا۔ تاہم اگرکتے کاجسم اس کے لعاب یاپسینے سے ترہو تو کپڑے پر لگنے سے کپڑا ناپاک ہوجائے گا۔(وفی الفتاویٰ الہندیۃ، 1/ 48)
مساجد کے احکام
سوال: بعض مساجد میں موٹے فوم والے قالین استعمال ہوتے ہیں، کیا ان پر نماز درست ہے؟ دوسرے فقیر کا مسجد میں بآواز بلند بھیک مانگنا کیا شرعاًیہ درست ہے؟(علی اکبر، لاہور)
جواب:اگر فوم ایساہو کہ اس پر سر رکھنے سے پیشانی ٹِک جاتی ہواور دبانے سے مزید نہ دبتی ہو تو ایسے فوم پر نماز پڑھنے سے نماز درست ہو گی۔ البتہ اگر فوم ایسے نرم ہوکہ اس پر سر رکھنے سے پیشانی اس پر نہ ٹکے بلکہ دبتی ہی چلی جاتی ہو تو ایسے فوم پر سجدہ ادا نہیں ہوگا۔مسجد میں بھیک مانگنا شرعا درست نہیں۔( وفی رد المحتار، 1/ 454)،(وحاشیۃ ابن عابدین ،1/ 501)
کرایہ پر چلتی گاڑی کی زکوٰۃ
سوال:ایک شخص کے پاس ایک یا چند ٹیکسیاں ہیں جو کرایہ پر چل رہی ہیں تو سالانہ زکوٰۃ ادا کرنے کی کیا صورت ہوگی؟(کبیرخان، کراچی)
جواب:صرف آمدنی پر زکوٰۃ واجب ہے جوسال کے اختتام پر باقی بچی ہے۔ دوران سال جو آمدنی خرچ ہوگئی اس پر زکوٰۃ واجب نہیں۔ اور اس ٹیکسی پر زکوٰۃ واجب نہیں ۔(فتاویٰ دار العلوم کراچی، جلد 1، ص 406)،(الدرالمختار کتاب الزکوٰۃ)
مردکا حصہ عورت کے مقابلہ
میں دوگنا کیوں ؟
سوال:السلام علیکم ،جناب مفتی صاحب! اسلام میں وراثت اور ترکہ میں مردکے دوحصے رکھے گئے ہیں اور عورت کاایک حصہ رکھا گیاہے،اس کی شرعی حیثیت اور وجہ کیا ہے؟(طاہرہ زمان، سکھر)
جواب:میراث میں مرد کو عورت سے دوگنا حصہ ملنے کی وجہ کی طرف خود قرآنِ کریم میں اشارہ موجود ہے، سورۃ النساء میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: ’’مردعورتوں کے نگراں ہیں کیونکہ اللہ نے ان میں سے ایک کو دوسرے پر فضیلت دی ہے،اور کیونکہ مردوں نے اپنے مال خرچ کئے ہیں‘‘ (النساء: 34)۔ نیز مردکو میراث میں زیادہ حصہ دینے کی وجہ یہ بھی ہے کہ وہ اہل وعیال اور اموال و عزتوں کی حفاظت کرتاہے اوراس پر اخراجات و مصارف کا بوجھ بھی زیادہ ہوتا ہے۔ مردپرگھرکے مختلف افراد کانان ونفقہ واجب ہوتاہے جبکہ عورت پر کسی کانان و نفقہ واجب نہیں ہوتا۔مردشوہر کی شکل میں ہو تواس پر بیوی کا،باپ کی شکل میں ہوتواولادکا،بالغ بیٹے کی شکل میں ہو تووالدین کاحتیٰ کہ بعض صورتوں میں بہن بھائیوں اور دادا، دادی وغیرہ کانفقہ بھی واجب ہوتا ہے، جبکہ عورت پر کسی کانفقہ شرعاً لازم نہیں ہے۔ (تفسیر ابن کثیر2/ 225)
مسجد میں دوسری جماعت کرانا
سوال:۔ اگر کسی مسجد میں ایک مرتبہ جماعت ہو چکی ہو اور کچھ لوگ دوبارہ جماعت کے ساتھ نماز پڑھیں تو آیا ان پر دوبارہ اقامت ضروری ہوگی کہ نہیں؟
جواب:۔محلہ کی مسجد میں ایک مرتبہ نما ز باجماعت ہوچکی ہو تو دوبارہ جماعت کرنا مکروہ تحریمی ہے۔ البتہ اگر ایسی مسجد ہو جہاں امام اور مؤذن مقر ر نہ ہو ،یامسجد شاہراہ،بازاریا اسٹیشن پر واقع ہواور اس میں بھی امام و مؤذن مقر نہ ہو تو ایسی صورت میں دوسری مرتبہ جماعت کیلئے اذان اور اقامت کہنا مسنون ہے۔(مستفاد: فتاوی حقانیہ 56/3)، (رد المحتار،1/ 395)
امام کی موجودگی میں کسی غیر کا نماز پڑھانا
سوال:۔جس مسجد کا امام و موذن مقرر ہوتو کیا اس کے ہوتے ہوئے کوئی اور نماز پڑھا سکتا ہے؟نیز جس مسجد کا امام وموذن مقرر نہ ہو اس کا کیا حکم ہے؟
جواب:۔مسجد میں امام و مؤذن مقرر ہوں اور امام نماز کے وقت موجود بھی ہو تو مقرر امام ہی نماز پڑھائے ، تاہم اگر امام کی اجازت سے کوئی اورپڑھائے یاامام و مؤذن ہی مقرر نہ ہوں تو ایسی صورت میں جس شخص میں امامت کی اہلیت اور شرائط پائی جاتی ہوں وہ نماز پڑھا سکتا ہے۔ نیز اگر مؤذن مقر ر ہو تو وہی اذان و اقامت کہے لیکن اگر کوئی دوسرا شخص موذن کی اجازت سے اذان و اقامت کہے یا مؤذن مقررنہ ہویا مقرر تو ہو لیکن مؤذن غائب ہو اوراس کے انتظار میں مقتدیوں کو حرج ہو تو کوئی دوسرا شخص بھی اذان و اقامت کہہ سکتا ہے۔( سنن الترمذی 5/ 99)، (فی الدر المختار وحاشیۃ ابن عابدین ،رد المحتار1/ 559)
کمپنی کا سامان فروخت کرنے پر کمیشن خود رکھنا
سوال:۔میں ایک کمپنی میں ملازم ہوں اور کمپنی کیلئے میٹریل خریدتا ہوں ۔بعض فیکٹری والے میٹریل خریدنے کیلئے 20فیصدکمیشن کی آفر کرتے ہیں، کیامیرا کمیشن لینا جائز ہے؟
جواب:۔جب آپ کمپنی کے ملازم ہیں اور آپ کی ذمہ داریوں میں کمپنی کیلئے میٹریل خریدنا بھی شامل ہے، اور اس پر باقاعدہ تنخواہ بھی ملتی ہے، تو ایسی صورت میں کسی بھی کمپنی سے میٹریل خریدنے پر فروخت کرنے والی کمپنی کی طرف سے جو ڈسکاؤنٹ ملے گا، وہ کمپنی کا حق ہے،آپ کا اسے بطورکمیشن اپنے پاس رکھنا شرعا جائز نہیں۔ (سورۃ البقرۃ :188)