مسائل اور ان کا حل
منگنی توڑنے کی شرعی حیثیت سوال: میری بہن کی شادی کے بارے میں والدکی زندگی میں چچاکے لڑکے سے فقط بات ہوئی تھی۔ اب پتہ چلاہے کہ لڑکانشہ کرتاہے، جس پربہن نے اس رشتے سے انکارکردیاہے۔لڑکے والے مجبورکررہے ہیں کہ یہ رشتہ دینا ہو گا۔ نیزانہوں نے جرگے میں بھی یہ بات کی ہے کہ اگرآپ رشتہ توڑو گے تو2لاکھ روپے جرمانہ اداکرناہوگا۔آپ شرعی طور پر رہنمائی فرمائیں کہ کیا ہمارا رشتے سے انکارکرنااور ان کا اصرار اور جرمانہ کرناجائزہے؟ (جاوید، کراچی)
جواب :منگنی شرعاً نکاح نہیں بلکہ وعدہ نکاح ہے اور بلاعذر منگنی توڑناوعدہ خلافی ہے جو شرعاًناجائز اور گناہ ہے ۔تاہم لڑکے کا نشہ کرنا منگنی توڑنے کا شرعاً معقول عذرہے، لہٰذا سوال میں ذکرکردہ صورت اگر واقعتاً درست ہے توایسی صورت میں آپ کیلئے اپنی بہن کی منگنی توڑنا شرعاً جائز ہے، اورلڑکے والوں کا اس پر آپ کو مجبور کرنا درست نہیں اور جرمانے کا مطالبہ کرنا ناجائز ہے جس سے احتراز کرنا لازم ہے۔(فی عمدۃ القاری، 349/1)
عبدالنبی نام رکھنا
سوال: میں نے اپنے بیٹے کا نام عبدالنبی رکھا اور ’’ب‘‘ فارم میں بھی یہی نام درج کرایا۔ اب بچے کی عمر 15 سال ہونے کے بعدبعض علماء کرام اور دوستوں نے کہاکہ اس نام کو تبدیل کریں۔ ہم نے مشاورت کے بعد بچے کانام سید نبی کر دیاہے۔ آپ سے پوچھنایہ ہے کہ کیاعبدالنبی نام رکھنادرست نہیں؟ تاکہ ’’ب‘‘فارم میں بھی نام تبدیل کر سکیں (راشدعلی ،حیدر آباد)
جواب:عبدالنبی نام رکھنا درست نہیں، لہٰذایہ نام تبدیل کردیاجائے،البتہ سیدنبی یامحمدنبی نام رکھنے کی گنجائش ہے۔(فی ردالمحتار،6؍418)
سوتیلے بیٹے کا میراث میں حصہ نہیں
سوال: ایک خاتون نے پہلے شوہرسے طلاق کے بعد دوسرا نکاح کر لیا۔پہلے شوہرسے اس کا ایک بیٹا ہے اوروہ اپنی ماں کے دوسرے شوہرکی جائیدادمیں حصہ مانگ رہاہے۔ کیا اس کا اپنے سوتیلے باپ کی جائیداد میں شرعاًکو حصہ بنتا ہے؟ واضح رہے کہ اس خاتون اور اس کے دوسرے شوہر کا انتقال ہو چکا ہے۔ (آصف علی، سکھر)
جواب :مرحوم کی جائیدادمیں اس کے سوتیلے بیٹے کا شرعاً کوئی حق نہیں لہٰذابیٹے کااس میں میراث کا مطالبہ کرناجائز نہیں، اس سے احترازلازم ہے ۔
بچے کا انتقال کے بعد عقیقہ
سوال :کیا نومود کے انتقال کر جانے کے بعد بھی عقیقہ کرنا سنت ہے؟ ایک بچہ پیدائش کے5 دن بعد فوت ہوگیا کیا اس کا عقیقہ کیا جا سکتا ہے؟ (طاہر قیوم، لاہور)
جواب :مرنے کے بعد عقیقہ کا کوئی تصور نہیں کیونکہ عقیقہ دنیاوی بلائوں اور تکالیف کے ٹالنے کیلئے ہوتا ہے جبکہ وہ بچہ اب دنیا سے جاچکا ہے ۔
طلاق کی صورت میں بالغ اولاد
کس کے پاس رہے گی ؟
سوال :میرے 3 بیٹے اور 3 بیٹیاں ہیں۔ سب کے سب بالغ ہیں جبکہ ایک لڑکی شادی شدہ ہے۔ میرا سوال یہ ہے کہ اگرشوہرطلاق دیدے توبچے کس کے پاس رہیں گے؟ (پروین اختر،ضلع اٹک)
جواب :طلاق کی صورت میں لڑکوں کوا ختیار ہے کہ ماں باپ میں سے جس کے پاس رہناچاہیں رہ سکتے ہیں تاہم لڑکیاںوالدکے پاس رہیں گی۔(فی الھندیۃ، 542/1)
حالت احرام میں رومال سے منہ صاف کرنا
سوال: حالت احرام میں تولیہ وغیرہ سے پسینہ یا ناک صاف کرنا جائز ہے یا نہیں ؟اس سے کوئی دم وغیرہ تو لازم نہیں ہوگا۔(ندیم یاسین ، لاہور)
جواب :حالت احرام میں رومال یا تولیہ سے منہ صاف کرنا جائز ہے۔ اس سے کچھ واجب نہیں ہوتا ۔
میاں بیوی کے طویل عرصہ علیحدہ
رہنے سے طلاق نہیں ہوتی
سوال: میرے خاوند نے31سال قبل مجھے 5 بچوں سمیت گھرسے تشددکرکے نکال دیاتھا۔ اتنے عرصے میں اس نے نہ مجھے کوئی خرچہ دیااورنہ ہی مجھ سے رابطہ رکھا۔ میں نے محنت مزدوری کرکے اپنے بچوں کو پالا ہے۔ ایک مولوی صاحب سے پوچھا تووہ کہتے ہیں کہ آپ کوطلاق ہو گئی ہے۔کیااتناعرصہ علیحدہ رہنے سے طلاق واقع ہو جاتی ہے؟کیابیوی اتنی لمبی علیحدگی کے بعدتجدیدنکاح کئے بغیر شوہرکے ساتھ رہ سکتی ہے؟جبکہ شوہرنے زبانی یا تحریری طلاق نہیں دی۔(خ پ،لاہور)
جواب :آپ کو جو مسئلہ بتایا گیا وہ شرعاً غلط ہے، میاں بیوی کے محض طویل عرصہ علیحدہ رہنے سے نکاح پرشرعاً کوئی اثر نہیں پڑتا جب تک کہ شوہر طلاق نہ دے۔ لہٰذا مذکورہ صورت میں نکاح حسب سابق برقرار ہے، دونوں میاں بیوی کی حیثیت سے اکٹھے رہ سکتے ہیں،دوبارہ نکاح کرنے کی ضرورت نہیں۔