مسائل اور ان کا حل
مصنوعی اعضا ء لگوانا سوال:اگر حادثہ کی وجہ سے جسم کا کوئی حصہ ضائع ہوجائے تو کیا شرع کی روسے مصنوئی اعضاء لگوائے جاسکتے ہیں؟ (نعمان علی، لاہور)
جواب: مصنوئی اعضاء لگوئے جا سکتے ہیں۔ اس میں شرعاً کوئی حرج نہیں ۔
عدت کا خرچہ کس پر آئے گا ؟
سوال ـ:کیا عدت کاخرچہ شرعاًشوہرپرلازم ہے؟ اگر لازم ہے تو کتنا دینا ہو گا؟(کبیر علی، کراچی)
جواب : اگرمطلقہ شوہرکے گھر یا شوہرکی اجازت سے اپنے میکے میں عدت گزارے تو عدت کے دوران اس کے نان و نفقہ کے اخراجات شرعاً شوہر کے ذمہ ہیں۔یہ اخراجات دونوں فریق باہمی طور پر طے کر کے مقررکرسکتے ہیں۔ تاہم اگرمطلقہ شوہر کی اجازت کے بغیرمیکے میں عدت گزارے تواس کے نان ونفقہ کے اخراجات شرعاًشوہر کے ذمہ نہیں۔ (فی ردالمحتار)
عورتوں کا قبرستان جانا
سوال:عورتوں کے قبرستان جانے کے بارے میں شرعی حکم کیا ہے؟(رانا عبدالواحد، راولپنڈی)
جواب: اگر عورتوں کی طرف سے زیارت قبور میں ِ جزع فزع ، بے پردگی،مردوں سے اختلاط یا بدعات کے ارتکاب،یازیب و زینت کے ساتھ جانے یا کسی اور فتنے کا اندیشہ ہو تو ایسی صورت میں عورتوں کا زیارت قبور کیلئے جانا جائز نہیں۔ اگر اس قسم کا اندیشہ نہ ہو تو مذکورہ خرابیوں سے بچتے ہوئے کبھی کبھار چلے جانے کی گنجائش ہے۔(فی الدر المختار وحاشیۃ ابن عابدین 2/ 242)، (وفی الفتاوی الہندیۃ 5/ 350)
مریض کیلئے نمازکا حکم
سوال:۔میرے والد کینسر کے مریض ہیں، گرنے کی وجہ سے ان کی ریڑھ کی ہڈی بھی فریکچر ہو گئی ہے اور وہ اٹھنے بیٹھنے چلنے پھر نے سے معذور ہیں، وہ ڈائپر استعمال کرتے ہیں اور پیشاب کی نلکی بھی لگی ہوئی ہے، ان کیلئے نماز کا حکم کیا ہے۔(اعجاز قاضی، کراچی)
جواب:ایسی صورت میں اگر پیشاب کی نلکی کو جسم سے ہٹانا ممکن نہ ہو تو اسی لگی ہوئی نلکی کیساتھ نماز پڑھ سکتے ہیں لیکن نماز سے پہلے نلکی کو پیشاب سے خالی کرنا ضروری ہے۔ اگر مریض نے ڈائپر پہنا ہوا ہو تو نماز سے پہلے ڈائپر تبدیل کر لیا جائے کیونکہ عذر کی وجہ سے نجاست کو معاف قرار دیا گیا ہے اور عذر میں نجاست کو جس قدر کم کرنا ممکن ہو تو وہ ضروری ہے۔ (درالمختار، ج:1، ص: 307)
عورتوں کا ابروئیں بنانا
سوال:عورتوں کا ابروؤں کو باریک کرنا کیسا ہے؟ (محمد اکرام اللہ ، میانوالی)
جواب:عورتوں کا اپنے ابروؤں کو باریک کرنا ناجائز ہے۔اگر کسی عورت کی ابروئیں غیر معمولی طور پرزیادہ ہوں اور بُری معلوم ہوتی ہوں،تو معمول کی معتدل حد تک لے آنے کی گنجائش ہے۔(صحیح بخاری 6/ 147)، (صحیح مسلم 3/ 1678)
قرآن کریم کے بوسیدہ اوراق جلانا
سوال:قرآن کریم کے اوراق اگر بوسیدہ ہو جائیں تو انہیں بے حرمتی سے بچانے کیلئے شرعاً جلانے کا حکم ہے یا کوئی اور حکم ہے؟شریعت کی رو سے جو بھی حکم ہو، اسے بحوالہ تحریر فرمائیں۔ (شعیب شبیر، کراچی)
جواب:قرآن ِکریم کے بوسیدہ اوراق جلانا درست نہیں، بہتر یہ ہے کسی پاک کپڑے میں لپیٹ کر زمین میں دفن کر دیا جائے یا پھر دریا میں یا کسی غیرآبادکنویں میں رکھ دیا جائے۔ (جامع الفتاوٰی، 502/4)
جادو کرنے والوں سے میل جول رکھنا
سوال:جادو وغیرہ کرنے والے افراد سے میل جول رکھنا کیسا ہے؟(فرید غوری، لاہور)
جواب:جادوکرنا حرام اور گناہِ کبیرہ ہے اور جو لوگ جادو کرتے ہیں چونکہ ان سے میل جول رکھنے میں عقائد کے بِگڑنے کا اندیشہ ہے لہٰذا ان سے میل جول نہیں رکھنا چاہئے۔ (فی بذل المجہود، 5/261)
بیعانہ کی رقم کا مسئلہ
سوال: بیعانہ کی شرعی حیثیت کیا ہے، بعض دفعہ ایسے ہوتا ہے کہ بائع اور مشتری دونوں کسی تیسرے شخص (مثلاً پراپرٹی ڈیلر وغیرہ) کے پاس کچھ رقم بطور بیعانہ جمع کراتے ہیں کہ ہم میں سے جو بھی اس سودے سے مُکر گیا تو اس کی رقم ضبط ہوجائے گی ؟ آیا یہ جائز ہے یا ناجائز؟ (مولوی عبد اللہ، لاہور)
جواب:بیعانہ کی رقم امانت ہوتی ہے، اگر سودا مکمل ہوجائے تو اس رقم کو قیمت میں شامل کیا جا سکتا ہے اور اگر سودا نہ ہوتو وہ رقم ہر حال میں واپس کرنا لازم ہے۔ فریقین (بائع یا مشتری) یا کسی تیسرے شخص کیلئے اس رقم کو ضبط کرکے اپنے پاس رکھنا شرعاً جائز نہیں۔ (فتاویٰ رحیمیہ،222/9)،(فتاویٰ دارالعلوم دیوبند،982/41)،(سنن ابن ماجہ 1/158)
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments