اینٹی ایجنگ سکن کیئر
بڑھتی عمر میں جلد کو تروتازہ رکھنے کے طریقے
عمر بڑھنا ایک فطری عمل ہے جسے روکا نہیں جا سکتا لیکن جدید طبی تحقیق اور درست لائف سٹائل کی مدد سے جلد پر عمر کے اثرات کو کافی حد تک کم ضرور کیا جا سکتا ہے۔ چہرے پر جھریاں، باریک لکیریں، جلد کا ڈھیلا پن، بے رونقی اور داغ دھبے عموماً عمر بڑھنے کے ساتھ نمایاں ہونے لگتے ہیں۔ تاہم اگر جلد کی بروقت اور مناسب دیکھ بھال کی جائے تو اس کی قدرتی چمک اور صحت کو زیادہ عرصے تک برقرار رکھا جا سکتا ہے۔ اینٹی ایجنگ سکن کیئر کا مقصد عمر کو روکنا نہیں بلکہ جلد کو صحت مند، توانا اور جوان نظر آنے میں مدد دینا ہے۔
عمر کے ساتھ جلد میں تبدیلیاں
انسانی جلد میں کولیجن اور ایلاسٹن نامی پروٹین موجود ہوتے ہیں جو جلد کو مضبوط، لچک دار اور ہموار رکھتے ہیں۔ تقریباً 25 سال کی عمر کے بعد جسم میں ان پروٹینز کی پیداوار آہستہ آہستہ کم ہونے لگتی ہے۔ اس کے ساتھ سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعیں، فضائی آلودگی، ذہنی دباؤ، ناکافی نیند، غیر متوازن غذا اور پانی کی کمی جلد کی عمر بڑھنے کے عمل کو مزید تیز کر دیتے ہیں۔ یہی عوامل قبل از وقت جھریوں اور جلد کی بے رونقی کا سبب بنتے ہیں۔
اینٹی ایجنگ سکن کیئر
اینٹی ایجنگ سکن کیئر کی بنیاد روزانہ کے ایک سادہ مگر مستقل معمول پر ہوتی ہے۔ سب سے پہلے جلد کو نرم کلینزر سے صاف کریں تاکہ گردوغبار، اضافی تیل اور آلودگی دور ہو جائے۔ اس کے بعد ایسا موئسچرائزر استعمال کریں جو جلد میں نمی برقرار رکھے کیونکہ خشک جلد پر جھریاں زیادہ نمایاں نظر آتی ہیں۔دن کے وقت سن سکرین کا استعمال سب سے اہم سمجھا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق کم از کمSPF 30 والی سن سکرین ہر روز استعمال کرنی چاہیے چاہے ۔ سورج کی شعاعیں جلد میں کولیجن کو نقصان پہنچا سکتی ہیں اس لیے سن سکرین قبل از وقت بڑھاپے سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔رات کے وقت جلد کی ریپئیر کا عمل تیز ہوتا ہے اس لیے سونے سے پہلے جلد کو اچھی طرح صاف کرکے مناسب نائٹ کریم یا ڈاکٹر کے مشورے سے ریٹینول یا دیگر مؤثر اجزا پر مشتمل مصنوعات استعمال کی جا سکتی ہیں۔ تاہم حساس جلد والے افراد کو ایسی مصنوعات احتیاط سے اور ماہر امراضِ جلد کے مشورے سے استعمال کرنی چاہئیں۔
غذا اور طرزِ زندگی
خوبصورت جلد صرف مہنگی کریمیں استعمال کرنے سے نہیں ملتی بلکہ اس کے لیے متوازن غذا بھی ضروری ہے۔ وٹامن سی، وٹامن ای، وٹامن اے، اومیگا تھری فیٹی ایسڈز، زنک اور اینٹی آکسیڈنٹس جلد کو اندر سے صحت مند بناتے ہیں۔ تازہ پھل، سبز پتوں والی سبزیاں، گریاں، بیج، مچھلی اور مناسب مقدار میں پانی جلد کی نمی اور چمک برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔روزانہ سات سے آٹھ گھنٹے کی پرسکون نیند جلد کی مرمت کے لیے ضروری ہے۔ باقاعدہ ورزش خون کی روانی بہتر بناتی ہے جس سے جلد کو زیادہ آکسیجن اور غذائیت ملتی ہے۔ ذہنی دباؤ کو کم کرنے کے لیے نماز،دعا‘ گہری سانس لینے کی مشق اور ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمیاں فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں۔
اینٹی ایجنگ مصنوعات کا انتخاب کیسے کریں؟
بازار میں اینٹی ایجنگ کے نام پر بے شمار مصنوعات دستیاب ہیں لیکن ہر پراڈکٹ ہر شخص کے لیے موزوں نہیں ہوتی۔ کسی بھی نئی کریم یا سیرم کا انتخاب کرتے وقت اپنی جلد کی قسم کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ایسی مصنوعات جن میں ریٹینول، وٹامن سی، نیاسینامائڈ، ہائیلورونک ایسڈ، پیپٹائیڈز یا سیرامائیڈز شامل ہوں جلد کی نمی برقرار رکھنے، رنگت بہتر بنانے اور باریک لکیروں کوکم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔لیکن کوئی نئی پراڈکٹ استعمال کرنے سے پہلے بازو کے ایک حصے پر ٹیسٹ کرنا بہتر رہتا ہے تاکہ کسی ممکنہ الرجی سے بچا جا سکے۔یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ اینٹی ایجنگ پراڈکٹس فوری نتائج نہیں دیتیں۔ جلد میں واضح بہتری کے لیے کئی ہفتوں یا بعض اوقات چند ماہ تک مستقل استعمال ضروری ہوتا ہے۔
عام غلطیاں جن سے بچنا چاہیے
بعض افراد جلد کو زیادہ صاف رکھنے کی کوشش میں دن میں کئی بار چہرہ دھوتے ہیں جس سے جلد کی قدرتی نمی ختم ہو جاتی ہے۔ اسی طرح سخت سکرب کا بار بار استعمال بھی جلد کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔بغیر مشورے کے کیمیکلز والی مختلف مصنوعات ایک ساتھ استعمال کرنا، سن سکرین کو نظر انداز کرنا، کم پانی پینا اور ناکافی نیند جیسی عادات بھی جلد کی عمر بڑھنے کے عمل کو تیز کر دیتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ہر نسخے یا گھریلو ٹوٹکے کو آزمانے کے بجائے مستند معلومات اور ماہرین کی رائے پر اعتماد کرنابہتر ہے۔اینٹی ایجنگ سکن کیئر دراصل ایک لائف سٹائل ہے نہ کہ صرف چند مہنگی مصنوعات کا استعمال۔ جلد کی باقاعدہ صفائی، مناسب نمی، روزانہ سن سکرین، متوازن غذا، وافر پانی، اچھی نیند اور صحت مند عادات مل کر جلد کو طویل عرصے تک تروتازہ اور صحت مند رکھنے میں مدد دیتی ہیں۔ اگر جلد پر اچانک غیر معمولی تبدیلیاں، شدید داغ دھبے یا حساسیت پیدا ہو تو خود علاج کرنے کے بجائے ماہر امراضِ جلد سے مشورہ کرنا چاہیے۔ مستقل مزاجی اور درست دیکھ بھال ہی خوبصورت اور صحت مند جلد کا اصل راز ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments