انگلینڈ کی کنڈیشنز: گرین شرٹس کیلئے بڑا چیلنج

تحریر : محمد ارشد لئیق


پاکستان کا دورہ انگلینڈ :ٹیسٹ سیریز 2026:پاکستانی ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو نئی گیند کا سامنا کرتے ہوئے وکٹ پر ٹکنا ہوگا حریف کی وکٹیں جلد حاصل کرنا ہو گی،فیلڈنگ میں کیچز ڈراپ کرنے سے بچنا ہوگا

ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کرنے کے بعد قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم اب انگلینڈ کے مشکل اور اہم دورے پر ہے۔ کیریبین کی گرم آب و ہوا سے نکل کر انگلینڈ کی سرد اور بدلتی ہوئی کنڈیشنز میں قدم رکھنا پاکستانی بیٹرز اور بالرز دونوں کیلئے ایک نیا امتحان ہوگا۔ جہاں دونوں روایت حریفوں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔یہ سیریز محض دو روایتی حریفوں کے درمیان کرکٹ کا مقابلہ نہیں بلکہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل پر برتری حاصل کرنے کیلئے ایک سنسنی خیز اور فیصلہ کن چیلنج کی حیثیت رکھتی ہے۔ اگست کے اواخر اور ستمبر کے اوائل میں انگلینڈ کے موسمی حالات اور سوئنگ پچز پر ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ہمیشہ سے ایشیائی ٹیموں کیلئے کڑا امتحان رہا ہے۔ 

سیریز کا باقاعدہ آغاز19 اگست سے ہیڈنگلے (لیڈز)  میں ہو گا، جس کے بعد 27 اگست کو لارڈز (لندن)میں دوسرا جبکہ 9 ستمبر سے برمنگھم میں تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔ اس سیریز میں  پاکستان کی باگ ڈور بابر اعظم کے ہاتھوں میں ہے جبکہ میزبان انگلینڈ کی قیادت نامور بلے باز جوروٹ کر رہے ہیں۔ انگلش کنڈیشنز میں جو روٹ کی کپتانی اور بلے بازی کا ریکارڈ غیر معمولی رہا ہے، جہاں وہ گیند کی موومنٹ سے بخوبی واقف ہیں اور ہوم گرائونڈ پر جارحانہ حکمت عملی اپنانے کے عادی ہیں۔ دوسری جانب، بابر اعظم کیلئے انگلینڈ کی کٹھن پچز پر ٹیم کو متحد رکھ کر نتائج حاصل کرنا اور اپنی انفرادی فارم کو دبائو کے ماحول میں برقرار رکھنا ایک بڑا امتحان ہو گا۔ ٹیسٹ میچز کے مختلف سیشنزمیں پچ کے روئیے کو پڑھنا، بولنگ کی درست تبدیلی اور فیصلہ کن لمحوں میں حکمت عملی کا انتخاب سیریز کے نتائج پر براہ راست اثر انداز ہو گا۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نامزد کردہ اسکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑیوں اور نوجوان استعداد کا امتزاج شامل کیا گیا ہے۔ بیٹنگ لائن اپ میں بابر اعظم کے ساتھ شان مسعود، سعود شکیل، امام الحق اور سلمان علی آغا جیسے منجھے ہوئے بلے باز موجود ہیں۔ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں محمد رضوان اور غازی غوری کے پاس ہیں۔ سیریز سے قبل ٹاپ آرڈر بلے باز عبداللہ فضل کی کمر کی تکلیف کے باعث عبداللہ شفیق کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جو بیٹنگ لائن کو استحکام فراہم کر سکتے ہیں۔ بولنگ اٹیک میں انگلینڈ کی سوئنگ کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے محمد عباس کے ساتھ عامر جمال، محمد علی، خرم شہزاد، عبید شاہ اور اویس ظفر جیسے فاسٹ بولرز کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ اسپن شعبے کی قیادت ساجد خان اور علی عثمان کے سپرد کی گئی ہے۔

میزبان انگلینڈ کی ٹیم اپنے گھریلو میدانوں پر روایتی طور پر ایک مضبوط حریف سمجھی جاتی ہے۔ جو روٹ کی زیر قیادت انگلش اسکواڈ میں ہیری بروک (نائب کپتان)، بن ڈکٹ، اولی پوپ، ڈین لارنس اور ایمیلیو گے جیسے باصلاحیت بیٹرز اور جیمی سمتھ بطور وکٹ کیپر شامل ہیں۔ بولنگ اٹیک میں جوفرا آرچر کی طوفانی رفتار، گس اٹکنسن، بریڈن کارس، میتھیو فشر، اولی روبنسن اور جوش ٹنگ کا سوئنگ اٹیک پاکستانی بیٹنگ لائن کیلئے بڑا چیلنج ثابت ہوگا، جبکہ شعیب بشیر اسپن بولنگ کے آپشن کے طور پر موجود ہیں۔ انگلش بولرز کی سوئنگ اور سیم کو زائل کرنا پاکستانی ٹاپ آرڈر کیلئے اوّلین تکنیکی ضرورت ہوگی۔

تینوں میچز کے مقامات تکنیکی اعتبار سے مختلف خصوصیات کے حامل ہیں۔ ہیڈنگلے (لیڈز)کا پہلا ٹیسٹ پچ کی نمی اور ہوا کے باعث فاسٹ بولرز کو زبردست مدد فراہم کرے گا، جہاں ٹاس کی اہمیت اور ابتدائی ایک گھنٹے کا کھیل انتہائی حساس ہوگا۔ لارڈز (لندن) کا تاریخی میدان اپنے روایتی ’’سلپ‘‘اور شائقین کے دبائو کے باعث کھلاڑیوں کی تکنیک کا امتحان لیتا ہے۔ سیریز کا آخری ٹیسٹ ایجبسٹن (برمنگھم)میں ہوگا، جہاں ستمبر کے موسم میں پچ کا خشک ہونا اور پرانی گیند کا ریورس سوئنگ ہونا اہم کردار ادا کرے گا، جس میں ساجد خان کی اسپن بولنگ اور محمد عباس کی نپی تلی بولنگ پاکستان کیلئے کارآمد ثابت ہو سکتی ہے۔

پاکستان کیلئے اس دورے میں کامیابی حاصل کرنے کا فارمولا تین بنیادی نکات پر مبنی ہے۔ پہلا، ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو نئی گیند کا سامنا کرتے ہوئے وکٹ پر ٹکنا ہوگا تاکہ مڈل آرڈر پر بے جا دبا نہ آئے۔ دوسرا، انگلینڈ میں محمد عباس کے سابقہ تجربے اور عامر جمال کی جارحانہ بولنگ کا درست استعمال کرتے ہوئے حریف کی وکٹیں جلد حاصل کرنا ہوں گی۔ تیسرا، فیلڈنگ میں ڈراپ کیچز سے گریز اور نچلے نمبروں کے بلے بازوں کا ٹیل اینڈ پر کارآمد رنز بنانا۔ اگر قومی ٹیم ان تمام شعبوں میں نظم و ضبط اور تسلسل کا مظاہرہ کرتی ہے تو وہ انگلینڈ کو اس کی ہوم کنڈیشنز میں سخت مقابلے کا چیلنج دینے اور آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی ریس میں اہم پیش رفت کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...

قومی کھیل کی بحالی اور نئے ٹیلنٹ کا امتحان

جنوبی کوریا ہاکی ٹیم کا دورہ پاکستان:گرین شرٹس نے مہمان ٹیم کو پہلے تین میچوں میں شکست دے کر ہاکی ٹیسٹ سیریز اپنے نام کی

وطن سے محبت

عمیر ابھی ابھی سکول سے واپس آیا تھا۔ کھانا کھانے کے بعد اپنے کمرے میں سکول کا کام کرنے بیٹھ گیا تھا۔

کتنا اچھا ہے کتنا پیارا ہے

کتنا اچھا ہے کتنا پیارا ہے،اِک چمکتا ہوا ، ستارا ہے

چڑیا: ہمارے آنگن کی چہچہاتی مہمان

قدرت نے زمین کو بے شمار خوبصورت مخلوقات سے آراستہ کیا ہے، جن میں پرندے نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ انہی پرندوں میں ایک ننھی سی چڑیا بھی شامل ہے، جو صدیوں سے انسان کے قریب رہنے والی مخلوق سمجھی جاتی ہے۔

ڈریگن فروٹ: صحت، ذائقے اور جدید کاشت کا منفرد تحفہ

دنیا بھر میں ایسے بے شمار پھل پائے جاتے ہیں جو اپنی غذائی اہمیت، منفرد ذائقے اور دلکش شکل و صورت کی وجہ سے خاص مقام رکھتے ہیں۔

سمجھدار کون؟

ڈیل کارنیگی نے کہا کہ زندگی میں سب سے زیادہ اہم چیز کامیابیوں سے فائدہ اُٹھانا نہیں ہے۔ ہر بے وقوف آدمی ایسا کر سکتا ہے۔