کیریئر پلاننگ کیسے کریں؟
اسپیشل فیچر
صحیح کیریئر کا انتخاب انسانی زندگی کا سب سے اہم مگر مشکل فیصلہ ہے ۔اس فیصلے سے زندگی بن سکتی ہے اورتباہی کا شکار بھی ہوسکتی ہے۔کیریئر پلاننگ کیلئے بنیادی فارمولا یہ ہے۔-1 طالب علم کی ذات (دلچسپی، رجحان، صلاحیتیں وغیرہ)50%-2 ملکی اور قومی ضروریات40%-3 والدین کی خواہشات 10%طالب علم کو اپنی ذات کی پہچان ہی سب سے مشکل مسئلہ محسوس ہوتاہے۔ اسی وجہ سے اگلے مرحلے مشکل بن جاتے ہیں۔ آئیے آپ کچھ معاون طریقوں سے اس مشکل کو آسان بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔اس صورت میں نکلنے کیلئے اہم یہ ہے کہ آپ مختلف کیریئرز سے اچھی طرح واقف ہوں۔ ان کی تفصیلات اور جزئیات پر آپ کی نظر ہو۔ آنے والا کل آپ کے سامنے ہو۔ ایسے میں آپ کا انتخاب بڑی حد تک درست ہوگا۔عملی زندگی کے تقاضوں کو پورا کرنے اور کامیاب پیشہ ورانہ زندگی کیلئے تعلیم بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ درست تعلیمی شعبے کا انتخاب ہی آپ کو بہتر مواقع فراہم کریگا۔لہٰذا تعلیمی شعبے کے انتخاب کا فیصلہ انسان کی زندگی کا سب سے اہم فیصلہ ہوگا۔طلباء و طالبات کی ایک بڑی تعداد کیریئر کے انتخاب کے وقت دوسروںکی طرف دیکھتی ہے۔ جو دوسرے کر رہے ہیںوہی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ دوسروں کے انتخاب کو اپنا انتخاب بناتے ہیں۔ دوسروں کی پسند کو اپنی پسند ٹھہراتے ہیں۔ آپ کے فیصلے کی بنیاد لازماً آپ کا طبعی میلان آپ کی صلاحیت آپ کی پسند اور خواہشات ہی ہونی چاہیے۔اب دوسرا سوال یہ ہے کہ اگر کیریئر کونسلنگ سیشن نہ لیا جاسکتا ہو اور کیریئر پلاننگ ٹیسٹ بھی ممکن نہ ہو تو پھر کسی طرح عام طالب علم اپنی کیریئر پلاننگ کرے؟ عام طالب علم ہو یا ذہین طالب علم ہر دور کیلئے اصول وہی رہیںگے۔ اس مقصد کیلئے ذیل میں کچھ نکات دیئے جا رہے ہیں۔ امید ہے کہ طلباء و طالبات اگر توجہ سے ان پر عمل کریں گے تو مثبت نتائج تک پہنچ جائیں گے۔-1آپ کی دلچسپیاںآپ کو اپنا بغور مشاہدہ کرکے اس بات کا صحیح اندازہ لگانا چاہیے کہ آپ کی دلچسپیوں کا مرکز و محور کیا ہے اور اس کے پانچ بنیادی نکات کون سے ہیں؟-2 طبعی میلانانسان کیلئے درست سمت میںآگے بڑھنا اسی وقت ممکن ہوگا جب وہ اپنے طبعی میلان سے واقف ہو گا۔ ورنہ قدم قدم پر اس کیلئے مشکلات اور ذہنی پریشانی کا سامنا موجود ہوگا۔ درست سمت میں سفر ہی سے منزل پر پہنچنا یقینی ہوسکتا ہے۔-3 طاقتور اور کمزور پہلو اپنی شخصیت اور صلاحیت کا ایمانداری اور گہرائی کے ساتھ تجزیہ کیجیے۔ پانچ مضبوط اور پانچ کمزور نکات اپنی نوٹ بک میں لکھ لیں۔ جائزہ لیں کہ آپ کے مضبوط نکات کیا رخ رکھتے ہیں؟-4 آپ کے خوابآپ اپنے مستقبل کے حوالے سے کیا خواب دیکھ رہے ہیں؟ آپ کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں؟ جو کچھ بھی آپ سوچتے ہیں اسے نوٹ کرلیں۔ بڑے سے بڑاخواب اور چھوٹی سے چھوٹی خواہش کی بھی بہت اہمیت ہے۔-5 آپ کے اہدافآپ کے متعین اہداف جو آپ نے سوچے ہوں وہ مختصر مدت کے بھی ہوسکتے ہیں اور طویل مدت کے بھی، ان کی بھی فہرست بنائیں۔-6 کیریئرگروپ20 بڑے کیریئر گروپ (تعلیمی گروپ) کے بارے میں بنیادی معلومات حاصل کریں، ان کی ابتدائی تعلیم سے لیکر اعلیٰ تعلیم کے تمام مراحل سے واقفیت حاصل کریں۔ (بنیادی معلومات ایجویژن کی ویب سائٹ www.eduvision.edu.pk پر موجود ہیں)۔-7 پسندیدہ کیریئرگروپآخر میں ان تمام میں دو یا تین کیریئر گروپ کے بارے میں مکمل تفصیلات جاننے کی کوشش کریں جو آپ کو اپنی طرف متوجہ کریں اور مذکورہ 6 نکات کے ساتھ ہم آہنگ بھی ہوں۔جن دو یا تین کیریئر کا آپ انتخاب کریں اس حوالے سے مندرجہ ذیل سوالات کے جوابات حاصل کریں۔٭ اس کیریئر میں لوگ عملاً کیا کرتے ہیں؟٭کام کی شرائط، کام کا ماحول اور اوقات کار کیا ہیں؟٭کس طرح اور کس کس سطح کا علم اور ہنر ضروری ہے؟٭کس طرح کی تعلیم اور کونسا تخصص ضروری ہے؟٭ کیا کوئی اضافی سرٹیفکیٹ یا لائسنس ضروری ہے؟ اور اگر ہے تو اس کی شرائط اور حصول کا طریق کار کیا ہے؟٭ تجربے کی نوعیت کیا ہونی چاہیے؟٭معاوضہ (Salary)کتنا ہوگا؟٭ظاہری رکھ رکھائو کیسا ہوگا؟اس کے بعدآپ آسانی سے اس بات کو سمجھ جائیں گے اورآپ کا دل اور دماغ اپنی رائے آپ پر صاف طور پر ظاہر کردے گا کہ حقیقی صورتحال کیا ہے؟ اس مرحلے پر آپ کو چھ باتوں کا مکمل اطمینان حاصل کرلینا چاہیے۔-1کیا آپ اپنی بنیادی دلچسپی کے میدان میں ہی رہیںگے؟-2 کیا یہ کیریئر آپکے ذہنی رجحانات اور طبعی میلانات کے مطابق ہے؟-3 کیا آپ اس شعبے میں رہ کر اپنی اقدار کا پاس اور مقصد زندگی کو حاصل کرسکیںگے؟-4 اگر یہ کیریئر ترقی پذیر ہے تو اس کا ظاہری رکھ رکھائو آپ کے مزاج کے مطابق ہے؟-5 مطلوبہ تعلیمی ترقی کیلئے آپ کس قدر تیار ہیں؟-6 کیا مالی فوائد اتنے ہیں کہ اس میں آپ باعزت زندگی گزار سکیں؟(ماہنامہ’شاہراہ، تعلیم،لاہور)