آج کا دن
اسپیشل فیچر
کینیڈا کا قیام
یکم جولائی 1867ء کو شمالی امریکہ میں ایک نئی وفاقی ریاست، کینیڈا کا قیام عمل میں آیا۔ اس دن برطانوی پارلیمنٹ کے منظور کردہ ایکٹ کے تحت چار نوآبادیاں، اونٹاریو، کیوبیک، نووا اسکاٹیا اور نیو برنزوک ایک وفاق کی شکل میں متحد ہوئیں۔ اس طرح کینیڈا کو اندرونی معاملات میں وسیع خودمختاری حاصل ہوئی۔ اگرچہ خارجہ امور اور آئینی اختیارات بدستور برطانوی سلطنت کے پاس رہے۔ بعد کے برسوں میں مینیٹوبا، برٹش کولمبیا، پرنس ایڈورڈ آئی لینڈ، البرٹا اور دیگر علاقے بھی اس وفاق میں شامل ہوتے گئے۔کینیڈا کی کنفیڈریشن جدید وفاقی نظام کی ایک کامیاب مثال سمجھی جاتی ہے جہاں مختلف زبانوں اور ثقافتوں کو ایک آئینی ڈھانچے میں یکجا کیا گیا۔
صومالیہ کی آزادی
یکم جولائی 1960ء کو افریقی ملک صومالیہ نے مکمل آزادی حاصل کی۔ اس دن سابق اطالوی زیرانتظام ٹرسٹ ٹیریٹری آف صومالیہ، چند روز قبل آزاد ہونے والے برٹش صومالی لینڈ کے ساتھ متحد ہوا اور جمہوریہ صومالیہ وجود میں آئی۔آزادی کے بعد صومالیہ نے پارلیمانی نظام اختیار کیا اور آدم عبداللہ عثمان دار پہلے صدر منتخب ہوئے۔ بعد کے برسوں میں سیاسی عدم استحکام، فوجی انقلاب، قبائلی تنازعات اور خانہ جنگی نے ملک کو شدید مشکلات سے دوچار کیا۔اس کے باوجود یکم جولائی صومالی عوام کے لیے قومی اتحاد، آزادی اور خودمختاری کی علامت ہے۔
ہانگ کانگ کی چین کو واپسی
یکم جولائی 1997ء کوتقریباً 156 برس بعد ہانگ کانگ برطانوی حکومت سے واپس چین کے حوالے کر دیا گیا۔1842ء میں پہلی افیون جنگ کے بعد برطانیہ نے ہانگ کانگ جزیرہ پر قبضہ کیا تھا جبکہ بعد میں مزید علاقے بھی اس کے قبضے میں آئے۔ 1984ء میں Sino-British Joint Declaration پر دستخط ہوئے جس کے مطابق یکم جولائی 1997ء کو ہانگ کانگ چین کے حوالے کر دیا جانا تھا۔ اقتدار کی منتقلی کی تقریب 30 جون اور یکم جولائی کی درمیانی شب منعقد ہوئی۔چین نے وعدہ کیا کہ ایک ملک دو نظام کے اصول کے تحت ہانگ کانگ کو پچاس برس تک اپنے سرمایہ دارانہ نظام، عدالتی آزادی اور وسیع خودمختاری برقرار رکھنے کی اجازت دی جائے گی۔
زپ کوڈ کا آغاز
یکم جولائی 1963ء کو امریکہ کے ڈاک کے محکمے نے ZIP کوڈ نظام متعارف کرایا جس نے ڈاک کی ترسیل میں انقلاب برپا کر دیا۔ہر علاقے کو ایک منفرد عددی شناخت دی گئی جس سے ڈاک کو خودکار مشینوں کے ذریعے تیزی سے چھانٹنا ممکن ہوا۔ بعد میں 1983ء میں ZIP 4 نظام بھی متعارف کرایا گیا جس سے مخصوص گلیوں، عمارتوں اور دفاتر تک زیادہ درست ترسیل ممکن ہوئی۔آج امریکہ میں تقریباً ہر سرکاری، تجارتی اور مالیاتی ادارہ ZIP کوڈ استعمال کرتا ہے۔ آن لائن خریداری، مردم شماری اورہنگامی خدمات میں بھی اس نظام کی بہت اہمیت ہے۔
عالمی فوجداری عدالت
یکم جولائی 2002ء کو بین الاقوامی فوجداری عدالت نے باضابطہ طور پر اپنا کام شروع کیا۔ اس عدالت کا قیام روم معاہدہ کے تحت عمل میں آیا جسے 1998ء میں منظور کیا گیا تھا اور مطلوبہ تعداد میں ممالک کی توثیق کے بعد یکم جولائی2002ء سے نافذ ہوا۔آئی سی سی دنیا کی پہلی مستقل بین الاقوامی عدالت ہے جسے نسل کشی، انسانیت کے خلاف جرائم، جنگی جرائم اور بعد ازاں جارحیت کے جرم کے مقدمات سننے کا اختیار دیا گیا۔ اس کا صدر دفتر دی ہیگ، نیدرلینڈز میں قائم کیا گیا۔اس عدالت کا مقصد یہ ہے کہ اگر کوئی ملک سنگین بین الاقوامی جرائم کے ملزمان کے خلاف مؤثر کارروائی نہ کرے تو آئی سی سی مداخلت کر سکے۔