دماغی تندرستی کیلئے بہترین غذا
اسپیشل فیچر
نئی تحقیق ، حیران کن انکشاف
صحت مند غذا کے فوائد سے شاید ہی کوئی انکار کر سکے۔ متوازن خوراک نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتی ہے بلکہ دل، ہڈیوں اور مدافعتی نظام کو بھی مضبوط رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ تاہم ہاورڈ یونیورسٹی کے محققین کی ایک تحقیق سے یہ واضح ہو رہا ہے کہ روزمرہ کی خوراک ہمارے دماغ کی صحت، یادداشت اور سوچنے سمجھنے کی صلاحیت پر بھی گہرے اثرات مرتب کرتی ہے۔ حال ہی میں شائع ہونے والی اس تحقیق نے اس سوال کا جواب تلاش کرنے کی کوشش کی کہ دماغ کو زیادہ عرصے تک صحت مند رکھنے کے لیے کون سا غذائی نظام سب سے زیادہ مؤثر ہے۔اس تحقیق میں تقریباً ایک لاکھ انسٹھ ہزار سے زائد بالغ افراد کے غذائی معمولات اور ذہنی صحت کا طویل عرصے تک جائزہ لیا گیا۔ہاورڈ کے محققین نے مختلف غذائی منصوبوں کا موازنہ کیا تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ کون سی غذائی عادات بڑھتی عمر کے ساتھ یادداشت اور دماغی صلاحیتوں کو بہتر طور پر برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔تحقیق میں چھ مختلف غذائی نظام شامل تھے، جن میں Mediterranean ڈائٹ، DASH ڈائٹ اور دیگر معروف غذائی منصوبے شامل تھے۔ نتائج کے مطابق DASH ڈائٹ دماغی صحت کے حوالے سے سب سے زیادہ مؤثر ثابت ہوئی جبکہ Mediterranean ڈائٹ دوسرے نمبر پر رہی۔
DASHڈائٹ کیا ہے؟
DASH دراصل Dietary Approaches to Stop Hypertension کا مخفف ہے۔ یہ غذائی منصوبہ ابتدا میں ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے کے لیے تیار کیا گیا تھا لیکن بعد ازاں متعدد مطالعات سے معلوم ہوا کہ اس کے فوائد دل اور خون کی شریانوں تک محدود نہیں بلکہ دماغ کو بھی نمایاں فائدہ پہنچاتے ہیں۔اس غذا میں تازہ پھل، سبزیاں، ثابت اناج، دالیں، نٹس، کم چکنائی والی دودھ کی مصنوعات، مچھلی اور مرغی کو ترجیح دی جاتی ہے جبکہ نمک، چینی، سرخ گوشت، پراسیسڈ فوڈ اورزیادہ چکنائی والی غذاؤں کا استعمال محدود رکھنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔تحقیق کے مطابق جن افراد نے DASH ڈائٹ پر زیادہ مستقل مزاجی سے عمل کیا ان میں بڑھتی عمر کے ساتھ ذہنی کمزوری یا یادداشت میں کمی محسوس کرنے کا خطرہ تقریباً 41 فیصد کم دیکھا گیا۔ یہ نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ متوازن غذا دماغی افعال کو بہتر رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ دماغ کو مسلسل مناسب غذائیت درکار ہوتی ہے۔ اینٹی آکسیڈنٹس، فائبر، وٹامنز، معدنیات اور صحت بخش چکنائی دماغی خلیوں کو نقصان سے بچانے، خون کی روانی بہتر بنانے اور جسم میں سوزش کو کم کرنے میں مدد دیتی ہیں، جس کے مثبت اثرات یادداشت اور توجہ پر مرتب ہوتے ہیں۔تحقیق میں ایک اور اہم نکتہ یہ سامنے آیا کہ اگر صحت مند غذائی عادات کا آغاز درمیانی عمر یعنی تقریباً 45 سے 54 سال کے درمیان کر لیا جائے تو بڑھاپے میں اس کے فوائد زیادہ نمایاں ہوتے ہیں۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ دماغی صحت کے تحفظ کے لیے احتیاط کا آغاز علامات ظاہر ہونے کے بعد نہیں بلکہ پہلے ہی کر دینا چاہیے۔
Mediterranean ڈائٹ کی اہمیت برقرار
اگرچہ اس تحقیق میں DASH ڈائٹ نے بہترین نتائج دیے لیکن Mediterranean ڈائٹ بھی انتہائی مفید ثابت ہوئی۔ اس غذا میں زیتون کا تیل، مچھلی، تازہ پھل، سبزیاں، نٹس اور ثابت اناج نمایاں حیثیت رکھتے ہیں اور اسے دنیا کے صحت مند ترین غذائی نظاموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس تحقیق سے صرف یہ معلوم ہوا کہ دماغی صحت کے حوالے سے DASHڈائٹ کو معمولی برتری حاصل رہی۔محققین نے واضح کیا ہے کہ یہ ایک مشاہداتی تحقیق تھی اور اس کا مطلب یہ ہے کہ اس میں لوگوں کی غذائی عادات اور دماغی صحت کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا لیکن یہ قطعی طور پر ثابت نہیں کیا جا سکتا کہ صرف DASH ڈائٹ ہی بہتر دماغی صحت کی وجہ بنتی ہے۔ جسمانی سرگرمی، نیند، تعلیم، معاشرتی روابط اور دیگر عوامل بھی دماغی صحت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔اس کے باوجود چونکہ تحقیق بہت بڑی آبادی پر کی گئی اور اس کے نتائج واضح رہے اس لیے ماہرین کا خیال ہے کہ یہ نتائج مستقبل میں مزید کلینیکل تحقیقات کی بنیاد بن سکتے ہیں۔
جدید سائنسی تحقیق اس حقیقت کو مزید مضبوط کرتی ہے کہ دماغ کی صحت کا تعلق صرف ذہنی مشقوں یا جینیاتی عوامل سے نہیں بلکہ روزمرہ کی خوراک سے بھی گہرا ہے۔ تازہ پھل، سبزیاں، ثابت اناج، دالیں، نٹس اور کم چکنائی والی غذائیں نہ صرف جسم کو توانائی فراہم کرتی ہیں بلکہ دماغی افعال کو بھی بہتر رکھنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔اگرچہ مزید تحقیق کی ضرورت اب بھی موجود ہے لیکن موجودہ شواہد یہی بتاتے ہیں کہ صحت مند غذائی عادات اپنانا بڑھتی عمر میں یادداشت اور ذہنی کارکردگی کو بہتر رکھنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔ اس لیے متوازن غذا کو صرف جسمانی صحت کا ذریعہ نہیں بلکہ دماغی صحت میں سرمایہ کاری بھی سمجھنا چاہیے۔