ریڈیو ، ٹی وی اور سٹیج کے لاثانی اداکار ایوب خان
ویسے تو ہمارے ملک میں بڑے بڑے فنکار پیدا ہوئے ہیں لیکن کچھ فنکار اتنے ورسٹائل تھے کہ آج بھی ان گنت لوگ ان کی تعریف میں رطب اللسان ہیں ۔ یہ الگ بات ہے کہ ان کی حیات میں ان کی وہ قدر و منزلت نہیں کی گئی جس کے وہ مستحق تھے ۔ ایک ایسے ہی ورسٹائل اداکار تھے ایوب خان۔ ایوب خان وہ فنکار تھے جنہوںنے ریڈیو ، سٹیج ، ٹی وی اور فلموں میں اپنی خداداد صلاحیتوں کے وہ جوہر دکھائے کہ ایک زمانہ ان کا معترف ہو گیا ۔1937ء میں پشاور کے کوہاٹی دروازہ میں پیدا ہونیوالے ایوب خان کو پنجابی ، پشتو ، اردو اور فارسی زبان پر عبور حاصل تھا ۔ سرکاری ٹی وی کا آغاز 1964ء میں ہوا اور ایوب خان ٹی وی ڈراموں کی پہلی کھیپ سے تعلق رکھتے تھے ۔ اسی طرح ان کا شمار ٹی وی ڈراموں کے بانیوں میں ہوتا ہے ۔ وہ اپنی فطری اداکاری کی وجہ سے مشہور تھے ۔ ان کو جو کرداردیا جاتا تھا‘ وہ اس میں اس قدر ڈوب جاتے تھے کہ ایسا لگتاکہ یہ کردار ان ہی کیلئے بنا ہے۔ ریڈیو کے سب سے مشہور ڈرامے ’’تلقین شاہ ‘‘ میں ایوب خان نے سلیمان کا کردار ادا کیا ۔ یہ ڈرامہ کئی عشروں تک نشر ہوتا رہا اور اس میں مرکزی کردار صرف تین تھے ۔ ایک اشفاق احمد ، دوسرے نذیر حسینی (ہدایت اللہ ) اور تیسرے ایوب خان (سلیمان ) ۔ اس ریڈیو ڈرامے کی شہرت اب تک برقرار ہے ۔ ایوب خان نے اس کے علاوہ بھی بے شمار ریڈیو ڈراموں میں کام کیا ۔ انہوں نے سٹیج پر بھی کئی یادگار ڈراموں میں کام کیا ۔ انہوں نے زیادہ تر صوفی تبسم اور اطہر شاہ خان کے سٹیج ڈراموں میں اپنی فطری اور بے ساختہ اداکاری کے جوہر دکھائے ۔ ایک دور میں وہ سرکاری ٹی وی پر پروڈکشن مینجر کے فرائض بھی سر انجام دیتے رہے ۔ وہ اپنے فن کے ساتھ اتنے مخلص تھے کہ انہوں نے اس کی خاطر پی ڈبلیو ڈی کی نوکری بھی چھوڑ دی ۔ ایوب خان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ سرکاری ٹی وی پر چلنے والی پہلی پنجابی ڈرامہ سیریز ’’ٹاہلی تھلے ‘‘ کا پہلا مکالمہ بھی انہوں نے ادا کیا ۔ اس کے بعد ان کی ڈرامہ سیریز ’’ اچے برج لہور دے ‘‘ نے بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے ۔ سرکاری ٹی وی کی مقبول ڈرامہ سیریز ’’لاکھوں میں تین ‘‘ کی چند قسطوں میں بھی انہوں نے اپنی خوبصورت اداکاری سے ناظرین کو متاثر کیا ۔ انہوں نے مجموعی طور پر قریباً 600ٹی وی ڈراموں میں کام کیا ۔ بعض ڈراموں میں چھوٹے چھوٹے کردار ادا کئے لیکن وہ جب بھی ٹی وی سکرین پر نمودار ہوتے تو اپنی بے مثل اداکاری کے نقوش چھوڑ جاتے ۔ ان کے مشہور ترین ڈرامہ سیریز ’’ ٹاہلی تھلے ، اچے برج لہور دے ، جھوک سیال ، جزیرہ ، دھوپ اور سائے ، وارث ، سونا چاندی ، لوک کہانی ، الف نون ، آخر شب ، اور یا نصیب کلینک‘‘ شامل ہیں ۔ غالباً 1975ء میں ان کا ایک ڈرامہ ’’ سونے کی چڑیا ‘‘ ٹیلی کاسٹ کیا گیا ۔ یہ عارف وقار کا لکھا ہوا ڈرامہ تھا جس کی ہدایات آفتاب احمد نے دیں تھیں ۔ اس میں ایوب خان کے ساتھ نثار قادری بھی تھے ۔ یہ ایک اعلیٰ درجے کا ٹی وی ڈرامہ تھا ۔ اس ڈرامے میں یہ بتایا گیا تھا کہ بھوک انسان سے کیا کچھ کروا دیتی ہے۔ اس ڈرامے میں ایوب خان نے ایک بدمعاش کا کردار ادا کیا تھا ۔ انہوں نے اتنی شاندار اداکاری کی کہ ایوارڈ کے مستحق ٹھہرے ۔ ’’ سونے کی چڑیا ‘‘ کو آج بھی بہترین ٹی وی ڈرامہ قرار دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ایوب خان نے ’’ جھوک سیال ‘‘ میں مولوی فضل الرحمان کا کردار ادا کیا ۔ اس کے بعد منو بھائی کے لکھے ہوئے ڈرامے ’’ جزیرہ ‘‘ میں انہوں نے فیروز نائی کا کردار ادا کیا اور اس ڈرامے میں بھی ان کی اداکاری بہت متاثر کن تھی ۔ اس کے بعد منو بھائی کی ایک اور شہرہ آفاق ڈرامہ سیریز ’’ سونا چاندی ‘‘ ٹیلی کاسٹ کی گئی ۔ اس ڈرامہ سیریز میں ایوب خان نے ماما یعقوب کا کردار ادا کیا اور اپنی بہترین کارکردگی سے ان گنت شائقین کو متاثر کیا ۔ ان کی اداکاری اتنی بے ساختہ اور برجستہ تھی کہ انہیں اب بھی لوگ ماما یعقوب کے نام سے یاد کرتے ہیں ۔ انہوں نے منو بھائی کے ساتھ بہت کام کیا اور وہ ان کے بہت قریب تھے ۔ امجد اسلام امجد کے لکھے ہوئے ڈرامے ’’ وارث ‘‘ نے بے پناہ مقبولیت حاصل کی ۔ اس ملٹی سٹار ٹی وی سیریز میں عابد علی ، شجاعت ہاشمی ، طاہرہ نقوی ، عظمیٰ گیلانی ، سجاد کشور ، آغا سکندر ، طلعت صدیقی اور محبوب عالم جیسے اداکار ناقابل فراموش اداکاری کا مظاہرہ کر رہے تھے لیکن ماسٹر جی کے کردار میں ایوب خان نے بھی اپنی چھاپ چھوڑی ۔ ایوب خان نے 25فلموں میں بھی کام کیا ۔ ان کی قابل ذکر فلموں میں ’’ دکھ سجناں دے ، ویر پیارا ، گڈو ، قادرا ، چانن اکھیاں دا ، بازی جت لئی‘‘ اور ’’سچائی ‘‘ شامل ہیں ۔ انہوں نے فلموں میں بھی اپنی الگ شناخت بنائی ۔ ایوب خان نے ٹی وی ڈراموں میں مصطفے قریشی اور ادیب کے ساتھ بھی کام کیا ۔ ایوب خان نے ٹی وی ڈراموں میں جتنے منفرد کردار ادا کئے‘ اس کی مثال ملنا مشکل ہے ۔ وہ بڑے وضع دار اور خوددار انسان تھے جنہوں نے ہمیشہ میرٹ پر کام کیا اور کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ وہ ٹی وی کے سینئر ترین اداکار تھے اور آج بھی ٹی وی کے پرانے اداکار ان کی فنی عظمت کے گن گاتے ہیں ۔ وہ خود کہا کرتے تھے کہ میں چمچہ گیری نہیں کر سکتا ، چاہے کچھ بھی ہو جائے ۔3جنوری1987ء کو اس بے بدل فنکار کا جگر کے عارضے کے باعث انتقال ہو گیا ۔ منو بھائی نے ان کی وفات کو 1987ء کا پہلاالمیہ قرار دیا ۔ فنکار برادری نے ان کی وفات پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ۔ قوی ، مسعود اختر اور اورنگ زیب لغاری جیسے فنکاروں نے ایوب خان کے انتقال کو عظیم نقصان قرار دیا لیکن یہاں ایک تلخ حقیقت کا تذکرہ از بس ضروری ہے ۔ ایوب خان کی علالت کے دوران فنکار برادری نے ان کیلئے کچھ نہیں کیا ۔ اس بات کو مد نظر رکھا جائے کہ یہی فنکار برادری جس طرح طاہرہ نقوی اور اخلاق احمد کیلئے متحرک ہوئی تھی‘ اس طرح ایوب خان کیلئے میدان میں نہیں آئی ۔ ایوب خان کے مداحین اور ان کے سوگوار خاندان کو آج تک اس کا بے حد ملال ہے ۔ سرکاری ٹی وی نے بھی ان کیلئے کچھ نہ کیا حتیٰ کہ ان کی وفات پر سرکاری ٹی وی پر ان کی یاد میں کوئی پروگرام پیش نہیں کیا گیا البتہ اس وقت کے صدر جنرل ضیاء الحق نے ان کی وفات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا تھا ۔ ایوب خان کے ساتھ دوسری نا انصافی یہ کی گئی کہ نہ ان کی زندگی میں انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا اور نہ ہی بعد میں۔یہ حکومتی بے حسی نہیں تو اور کیا ہے ؟ انصاف کی نظر سے دیکھا جائے تو ایوب خان کو پرائیڈ آف پرفارمنس ملنا چاہئے ۔ ایوب خان نے اپنے فن سے ریڈیو اور ٹی وی کی جتنی خدمت کی‘ اس کی بناء پر ان کا نام ریڈیو اور ٹی وی ڈراموں کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا ۔