کامیابی کا اہم اصول پہلا قدم بڑھائیں
اسپیشل فیچر
زندگی میں کچھ بھی حاصل کرنے کے لیے آپ کو پہلا قدم بڑھانا پڑے گا۔آپ تب تک کسی خاص منزل تک نہیں پہنچ سکتے جب تک کہ آپ خود شروع نہ کریں، قدم نہ بڑھائیں، کوئی بھی گھر تعمیر نہیں کیا جا سکتا جب تک کہ آپ پہلی اینٹ نہیں رکھتے۔ آپ کوئی بھی کتاب نہیں لکھ سکتے جب تک کہ کاغذ پر پہلے لفظ تحریر نہ کریں اور کوئی بھی منصوبہ تب تک عمل میں نہیں آ سکتا جب تک کہ ذہن میں خیال نہ آئے۔ آپ جب تک یہ نہیں جانتے کہ آپ کہاں جانا چاہتے ہیں تو آپ وہیں کھڑے رہیں گے، جہاں آپ آج کھڑے ہیں۔ کوئی عمل ممکن نہیں جب تک کہ آپ پہلا قدم نہ اٹھائیں اور اس کے لیے کوشش نہ کریں۔ ہم اپنی منزلوں تک کیسے پہنچ سکتے ہیں ،اگر ہم کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے۔ ہر کام کرنے کے لیے شروعات کی ضرورت ہوتی ہے۔زندگی ایک مسلسل عمل ہے۔ اس میں آپ کے لیے مواقع بھی شامل ہوتے ہیں اور مشکلات بھی۔ ہم صحیح وقت کا انتظار نہیں کر سکتے ہمیں اس کو اپنے لیے خود پیدا کرنا ہوگا۔ ہمیں مواقعوں پر نظر رکھنی چاہیے اور ان پر کام کرنا چاہیے۔ زندگی میں مشکلات کا مقابلہ کرکے ان کا مناسب حل نکالا جا سکتا ہے، مگر جو موقع زندگی آپ کو دیتی ہے اگر اسے آپ کھو دیں تو آپ اسے واپس نہیں لا سکتے۔لوگوں کو دو طرح سے جانا جاتا ہے، کچھ حکمران ہوتے ہیں اور دوسرے پیروی کرنے والے۔ حکمران وہ لوگ ہوتے ہیں، جن کے اندر بلند حوصلہ ہوتا ہے اوروہ حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہوتے ہیں۔ انہیں اپنی ذات پر پورا عتماد ہوتا ہے، وہ کبھی قدم بڑھاتے وقت نہیں گھبراتے اور اسی طرح باقی لوگوں سے سبقت لے جاتے ہیں،جو لوگ پیروی کرتے ہیں ان میں ہمیشہ ایک ہچکچاہٹ پائی جاتی ہے، انہیں اپنے اوپر کوئی خاص بھروسہ نہیں ہوتا اور کبھی کوئی نئی چیز یا نیا تجربہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتے، وہ ہمیشہ ایک خول میں بند رہتے ہیں اور اپنے آپ کو محفوظ تصور کرتے ہیں۔ ان میں خود اعتمادی کی کمی ہوتی ہے اور ہم میں سے کئی لوگ اسی طبقے سے ہیں۔زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے ایک نیا قدم بڑھائیں۔ اگر آپ کچھ حاصل کرنا چاہتے ہیں، تو اس کے لیے آپ کو ہی پیش قدمی کرنی ہو گی، ہمت بڑھانی ہو گی اور چند خطرات مول لینے ہوں گے۔ اگر آپ اب شروع کریں گے، تو ایسا ہوگا ورنہ کبھی نہیں۔ اپنی راہ میں بہانوں کو جگہ مت دیں۔ اگر آپ آج کا کام آج نہیں کر سکتے تو آپ کبھی نہیں کر سکیں گے۔ ایک ناکام آدمی ہمیشہ بہانے بناتا ہے، اس کے پاس نہ تو وقت ہوتا ہے اور نہ آگے بڑھنے کی صلاحیت، اگر آپ ایسے فرد سے پوچھیں تو وہ آپ کو بتائے گا کہ اس کی بہت سی ذمہ داریاں ہے، اس کی نوکری کی وجہ سے وہ وقت نہیں دے پاتا، اس کا باس بہت سخت مزاج ہے ،وغیرہ۔ آپ دیکھیں گے کہ بہانوں کی ایک لسٹ اس کے پاس موجود ہو گی۔ آپ نے دیکھا ہوگا کہ ایسے لوگ زیادہ تر اپنی زندگی میں پیش آنے والے مسائل کے حل میں اتنے مصروف رہتے ہیںکہ ان کے پاس دوسری تعمیری سرگرمیوں کے لیے وقت ہی نہیں بچتا اور اکثر ایسے کام کرتے رہتے ہیں، جن کی کوئی خاص اہمیت بھی نہیں ہوتی۔ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا سب سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ آپ اس کو حاصل کرنے کے لیے فوراً عمل کریں اور حرکت میں آ جائیں۔ ہمیشہ یاد رکھیں کہ آپ اور صرف آپ ہی ہیں، جس کو اپنی منزل پانے کے لیے پہلا قدم اٹھانا ہوگا۔ان چند باتوں کو ہمیشہ ذہن میں رکھیں:-1زندگی میں جو کچھ بھی آپ حاصل کرنا چاہتے ہیں، آپ کا جو بھی منصوبہ ہے، جب تک اسے ممکن العمل بنانے کے لیے آپ مطلوبہ کام انجام نہیں دیتے کچھ بھی ممکن نہیں ہو سکتا۔-2اگر آپ لیڈر بننا چاہتے ہیں تو پہلا قدم بڑھائیں۔-3جب ایک منصوبہ آپ کے ذہن میں آ جائے تو جامع اقدامات اٹھائیں۔ اپنے منصوبے پر عمل درآمد کیے، بغیر آپ کا مشن محض خواہش ہی ہوگا۔-4آپ کی ناکامی کی سب سے بڑی وجہ آپ کی کم ہمتی ہے اور اس کا حل یہی ہے کہ آپ فوراً عمل کریں۔-5جو منصوبے آپ کل کے لیے بنا رہے ہیں، انہیں آج پورا کرکے دیکھیں اپنا کام کل پر نہ چھوڑیں۔( کتاب ’’کامیابی کے 10 اصول‘‘ سے مقتبس)