بہترین صحت کے لیے مفید پھل
اسپیشل فیچر
پھلوں کا استعمال انسانی صحت کے لیے ہمیشہ مفید رہا ہے۔ بڑے بڑے طبیب اس بات پر متفق ہیں کہ پھلوں اور سبزیوں کا باقاعدگی سے استعمال انسانی صحت کے لیے بہترین ہے۔ ہم ذیل میں ان پھلوں کا ذکر کر رہے ہیں جو کم و بیش ہر لحاظ سے جسم کی نشوونما میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں اور دنیا کے بہترین پھلوں میں شمار ہوتے ہیں۔ گریپ فروٹگریپ فروٹ بہت زبردست پھل ہے۔ وٹامنز اور معدنیات کے علاوہ اس سے وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ کھانا کھانے سے پہلے گریپ فروٹ نوش کرنے والے 91 لوگوں پر ہونے والی ایک تحقیق سے پتا چلا کہ ان کا وزن 1.3 کلوگرام کم ہو گیا۔ گریپ فروٹ کی وجہ سے انسولین لیول میں بھی خاصی کمی آتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ پھل کولیسٹرول لیول بھی کم کرتا ہے اور گردے کی پتھری کے امکانات کو بھی گھٹاتا ہے۔ انناسمنطقہ حارہ کا یہ پھل غذائیت کا خزانہ ہے۔ یہ وٹامن سی کی ضروریات بھی پوری کرتا ہے۔ اس میں وٹامن سی اور میگنیز کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔ اس میں برومیلین پایا جاتا ہے۔ یہ اینزائمز کا ایک مرکب ہے جو سوزش کم کرنے اور پروٹین ہضم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایووکیڈویہ دوسروں سے بالکل مختلف پھل ہے۔ زیادہ تر پھلوں میں کاربوہائیڈریٹس زیادہ ہوتے ہیں جبکہ ایووکیڈو میں یہ کم ہوتے ہیں۔اس میں جو چکنائی ہوتی ہے وہ صحت کیلئے بہت مفید ہے۔ اس کے علاوہ اس پھل میں پوٹاشیم کی بڑی مقدار ہوتی ہے جو فشار خون (بلڈ پریشر) میں زیادتی کو روکتی ہے اور دل کے دورے کے خطرے کو کم کرتی ہے۔ لیموںاس میں وٹامن سی کی بڑی مقدار ہوتی ہے اور یہ ترش پھل صحت پر بڑے مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔ یہ دل کے لیے بھی بہت مفید ہے کیونکہ یہ فشارِ خون بھی کم کرتا ہے۔ محقق کہتے ہیں کہ لیموں کا استعمال وزن نہیں بڑھنے دیتا۔ تربوزاس پھل میں وٹامن اے اور سی بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں اینٹی اوکسیڈنٹس بھی موجود ہوتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق تربوز کینسر کے خطرات کم کرتا ہے۔ تمام پھلوں کی نسبت تربوز میں پانی زیادہ ہوتا ہے۔ ایک تربوز میں 92 فی صد پانی ہوتا ہے۔ یہ فشارِ خون کم کرتا ہے۔ سٹرابیرییہ غذائیت سے بھر پور پھل ہے۔ بہت سے لوگ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ سٹرابیری ذیابیطس کے مریضوں کے لیے خطرناک ہے اور یہ شوگر لیول اچانک بہت بڑھا دیتی ہے، حالانکہ یہ بات بالکل غلط ہے۔ زیتونزیتون میں وٹامن ای، فولاد، تانبا اور کیلشیم ہوتا ہے۔ اس میں اینٹی اوکسیڈنٹس خاصی تعداد میں ہوتے ہیں جو دل اور جگر کی بیماریاں روکنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ بلیک بیریزوٹامن سی، ریشہ، وٹامنزاور اینٹی اوکسیڈنٹس سے بھر پور یہ پھل صحت کیلئے انتہائی مفید ہے۔ یہ سینے کی جلن کم کرتا ہے اور شریانیں مضبوط کرتا ہے۔ دل اور سرطان کے مریضوں کیلئے بھی کافی فائدہ مند ہے۔ بلیو بیریزاس پھل کے صحت پر بہت اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں کیونکہ اس میں کمال کی غذائیت ہوتی ہے۔ اس میں ریشہ، وٹامن سی اور وٹامن ’’کے‘‘ کافی مقدار میں موجود ہوتا ہے۔ اس پھل میں بہت زیادہ اینٹی اوکسیڈنٹس ہوتے ہیں جو دل کے امراض کو روکنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ذیابیطس کا خطرہ بھی کم ہو جاتا ہے۔ سنگترےغذائیت سے بھرپور اس پھل کو دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے۔ اس میں وٹامن سی اور پوٹاشیم کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے۔ وٹامن بی بھی سنگترے کا اہم جزو ہے۔ کیلاکیلوں میں وٹامنز اور معدنیات ہوتے ہیں۔ ان میں پوٹاشیم بھی بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے۔ انگورصحت کے لیے انگور بہت مفید ہے۔ یہ سینے کی جلن کم کرتے ہیں۔ یہ دل، آنکھوں، جوڑوں اور دماغ کے لیے بہت اچھا پھل ہے، لیکن اس کا زیادہ استعمال مناسب نہیں۔ ایک وقت میں انگور مناسب مقدار میں کھانے چاہئیں۔امروداس پھل میں بھی کمال کی غذائیت ہے۔ وٹامن سی اور ریشے سے بھرپور یہ پھل معدے کے لیے بہت مفید ہے۔ یہ قبض ختم کرتا ہے۔ اس میں وٹامن اے، پوٹاشیم اور تانبا بھی پایا جاتا ہے۔ یہ نظامِ انہضام کو بہتر بناتا ہے اور اس کا روزانہ استعمال بہت فائدہ مند ہے۔(تلخیص شدہ)