نئی ایپ نئی سہولت:گمشدہ سامان ہوا دھونڈنا آسان
اسپیشل فیچر
ڈیجیٹل دور میں جہاں جدید ٹیکنالوجی انسانی زندگی کو آسان بنا رہی ہے، وہیں قیمتی اشیاء کا گم ہو جانا ایک عام مسئلہ بن چکا ہے۔ موبائل فون، اسمارٹ واچ، وائرلیس ایئربڈز اور دیگر چھوٹے گیجٹس اکثر لاپرواہی یا مصروفیات کے باعث کہیں رکھ کر بھلا دیے جاتے ہیں۔ ایسے میں ایک نئی ایپ متعارف ہوئی ہے جو صارفین کو اپنے گم شدہ گیجٹس کو باآسانی تلاش کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ یہ ایپ جدید ٹریکنگ سسٹم اور اسمارٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے نہ صرف اشیاء کا سراغ لگاتی ہے بلکہ صارفین کی پریشانی کو بھی کم کرتی ہے، جس سے روزمرہ زندگی مزید سہل ہو جاتی ہے۔
کسی قیمتی چیز کے گم ہو جانے کا احساس، اور یہ نہ معلوم ہونا کہ وہ کہاں ہو سکتی ہے، اس سے زیادہ پریشان کن اور کچھ نہیں ہوتا۔ میرے ساتھ بھی حال ہی میں یہی ہوا، جب اچانک مجھے احساس ہوا کہ میری ''اورا‘‘ (Oura) رنگ کسی طرح میری انگلی سے پھسل کر کہیں گم ہوگئی ہے۔ اس وقت میں گھر پر ہی تھی اور مجھے معلوم تھا کہ میں نے اسے آخری بار چند گھنٹے پہلے بیڈ روم میں چارج کرنے کے بعد پہنا تھا۔
اس کے بعد میری پوری شام اسے تلاش کرنے میں گزری اور یہاں تک کہ میں نے کچرے کے ڈبے کو بھی ایک ایک چیز نکال کر چیک کیا۔ جیسے جیسے دن گزرتے گئے، میں نے پورا فلیٹ الٹ پلٹ کر رکھ دیا اور ٹارچ کی مدد سے ہر چھوٹے سے چھوٹے کونے کا جائزہ لیا۔ میری ''Oura ایپ‘‘ مجھے تسلی دیتی رہی کہ رنگ واقعی گھر میں ہی ہے، مگر وہ اس کی درست جگہ بتانے سے قاصر تھی۔
جب میری رنگ کی بیٹری ختم ہونے کے قریب پہنچی تو میں نے بے بسی کے عالم میں آن لائن کوئی ایسا طریقہ تلاش کرنا شروع کیا جو میری رہنمائی کر سکے۔ تب مجھے ایک مفت ایپ ''Wunderfind‘‘ کے بارے میں معلوم ہوا، جس نے مجھے سیدھا میری رنگ تک پہنچا دیا، جو میری گرم پانی کی بوتل اور اس کے کور کے درمیان چھپی ہوئی تھی۔
یہ ایپ بلیوٹوتھ ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک ''ڈیوائس ریڈار‘‘ استعمال کرتی ہے، جو آپ کے آس پاس موجود تمام ڈیوائسز کی فہرست فراہم کرتا ہے۔ اس میں ایپل مصنوعات، پورٹیبل اسپیکرز اور فٹنس ٹریکرز بھی شامل ہوتے ہیں۔ جب آپ کسی مخصوص ڈیوائس پر کلک کرتے ہیں تو یہ ایک فیصدی اسکور دکھاتی ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ آپ اس کے کتنے قریب ہیں۔ آپ کو بس آہستہ آہستہ ادھر اُدھر حرکت کرنا ہوتی ہے تاکہ دیکھ سکیں کہ اسکور بڑھ رہا ہے یا کم ہو رہا ہے۔
یہ ایپ مجھے آہستہ آہستہ کمرے کے ایک کونے کی طرف لے گئی جہاں ہم گرم پانی کی بوتلیں رکھتے ہیں۔ جیسے ہی میں نے اپنا فون قریب کیا، اسکور اچانک 100 فیصد تک پہنچ گیا، جس سے ظاہر ہوا کہ میں گم شدہ ڈیوائس کے بالکل قریب ہوں۔ جب میں نے اپنی گرم پانی کی بوتل اٹھائی تو مجھے اس کے نچلے حصے میں رنگ محسوس ہوئی۔ جب میں نے کور کھولا تو بالآخر میری گمشدہ ہیلتھ ٹریکر سامنے آ گئی، جو گرم پانی کی بوتل اور اس کے اندرونی کپڑے کے درمیان پھنسی ہوئی تھی۔
یہ ایپ آپ کو اپنے گمشدہ ایئر پوڈز، ایپل پنسل، آئی فون، آئی پیڈ، ایپل واچ اور دیگر ڈیوائسز تلاش کرنے میں مدد دیتی ہے۔
یہ ایپ چند ہی سیکنڈز میں آپ کی گمشدہ چیز کو تلاش کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
اب تک ایک لاکھ 15ہزار صارفین اس ایپ کو ریٹنگ دے چکے ہیں، اور اسے اوسطاً 5 میں سے 4.5 اسٹارز ملے ہیں۔ زیادہ تر صارفین نے خوشی کا اظہار کیا کہ اس ایپ نے ان کی گمشدہ اشیاء ڈھونڈنے میں مدد دی۔ ایک صارف کے مطابق، اس ایپ نے ان کے سماعت کے آلے کو گاڑی میں مڑی ہوئی نیپکن کے اندر تلاش کرنے میں مدد دی، جبکہ ایک اور شخص نے بتایا کہ اس نے صرف دو ہفتے پہلے اپنے ہیڈفونز اسی ایپ کی مدد سے ڈھونڈ لیے۔ کچھ لوگوں نے کہا کہ انہوں نے چند ہی منٹوں میں اپنی گمشدہ ایپل پنسل کو کپڑوں کی ٹوکری میں تلاش کر لیا، جبکہ ایک اور صارف نے اسے اپنے گدے اور بیڈ فریم کے درمیان دراڑ میں پایا۔
ایک صارف نے لکھا کہ میں نے حال ہی میں پہلی بار سماعت کے جدید اور چھوٹے آلات حاصل کیے۔ ان کا نقصان یہ ہے کہ اگر وہ کہیں رکھ کر بھول جائیں تو ڈھونڈنا مشکل ہو جاتا ہے۔ خوش قسمتی سے یہ بلیوٹوتھ سے منسلک تھے، اس لیے میں نے ایپ کے ذریعے گمشدہ ڈیوائس کو تلاش کر لیا۔
تاہم کچھ صارفین نے شکایت کی کہ اسکور اپڈیٹ ہونے میں تھوڑی تاخیر ہوتی ہے، اس لیے آہستہ حرکت کرنا اور صبر سے کام لینا ضروری ہے۔
اپنی انگوٹھی کو اس ایپ کی مدد سے ڈھونڈنے کے بعد، میں نے اپنے تمام اہلِ خانہ اور دوستوں کو اس کے بارے میں بتایا۔ سچ کہوں تو مجھے نہیں لگتا کہ میں کبھی اپنی رنگ تلاش کر پاتی، اگر اس ایپ کی مدد نہ ملتی۔
یہ ایپ صرف ان ڈیوائسز پر کام کرتی ہے جو اس وقت بلوٹوتھ سگنل خارج کر رہی ہوں، اس لیے تیزی ضروری ہے تاکہ بیٹری ختم ہونے سے پہلے آپ اپنی چیز تلاش کر سکیں۔ ''Wunderfind‘‘ایپ، ایپ سٹور اور گوگل پلے سٹور دونوں پر دستیاب ہے۔