آج کا دن
اسپیشل فیچر
آسٹریلیا :پہلی قومی پارلیمنٹ
9مئی1901ء کو آسٹریلیا نے میلبورن میں اپنی پہلی قومی پارلیمنٹ کا افتتاح کیا، جو اس کی سیاسی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا کی نوآبادیاتی ریاستوں نے ایک وفاقی نظام کے تحت متحد ہو کر ایک خودمختار قوم کی شکل اختیار کی۔ پارلیمنٹ کے قیام نے ملک میں جمہوری نظام کی بنیاد رکھی اور عوام کو نمائندگی کا حق فراہم کیا۔ اس تاریخی موقع پر مختلف ریاستوں کے نمائندے جمع ہوئے اور نئے آئینی ڈھانچے کے مطابق قانون سازی کے عمل کا آغاز کیا۔
گھانا فٹ بال بھگدڑ
ٓٓٓٓٓٓ آج کے دن 2001ء میں گھانا کے شہر اکرا میں واقع اکرا اسپورٹس اسٹیڈیم میں ایک افسوسناک سانحہ پیش آیا جس میں 129 فٹ بال شائقین ہلاک ہو گئے۔ یہ واقعہ بعد ازاں ''اکرا اسپورٹس اسٹیڈیم ڈیزاسٹر‘‘ کے نام سے معروف ہوا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب میچ کے دوران ریفری کے ایک متنازع فیصلے پر تماشائی مشتعل ہو گئے۔ صورتحال کو قابو میں لانے کیلئے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی۔ اسی بھگدڑ کے باعث درجنوں افراد کچلے گئے اور اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جب کہ کئی دیگر زخمی بھی ہوئے۔
دوسری جنگ ارتوا
1915ء میں جنگ عظیم اوّل کے دوران دوسری جنگ ارتوا جرمن اور فرانسیسی افواج کے درمیان لڑی گئی۔ یہ معرکہ فرانس کے علاقے ارتوا میں پیش آیا اور مغربی محاذ کی اہم جھڑپوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس جنگ کا مقصد فرانسیسی افواج کی جانب سے جرمن دفاعی لائنوں کو توڑنا تھا، تاہم شدید مزاحمت اور خندقوں کی جنگ نے پیش قدمی کو مشکل بنا دیا۔ اس لڑائی میں دونوں جانب بھاری جانی نقصان ہوا اور یہ جنگ خندقوں میں لڑی جانے والی طویل اور خونریز لڑائیوں کی ایک نمایاں مثال بن گئی۔
یوم یورپ
یوم یورپ ''یورپ میں امن اور اتحاد‘‘کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ یہ دن 5 مئی کو یورپی کونسل جبکہ 9 مئی کو یورپی یونین کی جانب سے منایا جاتا ہے۔یومِ یورپ پہلی مرتبہ کونسل آف یورپ کی جانب سے 1964ء میں منایا گیا تھا اور اسی برس اس دن کو بین الاقوامی شہر ت بھی حاصل ہوئی۔ یورپی یونین نے بعد میں 1950ء کے شومن اعلامیہ کی یاد میں اپنا یوم یورپ منانا شروع کیا۔ کچھ لوگ اسے ''یوم متحدہ یورپ‘‘ کے نام سے بھی جانتے ہیں۔اس دن کو شومن علامیہ کی برسی کے طور پر بھی منایا جاتا ہے۔ یہ وہی علامیہ تھا جسے پورا یورپ متحد ہوا اور یورپی اقوام کے درمیان ہمیشہ کیلئے جنگوں کا خاتمہ ہو گیا۔اسی علامیہ نے یورپی یونین کی بنیاد رکھی۔
ویسٹری مائن حادثہ
ویسٹری مائن کینیڈا میں کوئلے کی کان تھی۔یہ کان ستمبر 1991ء میں کھولی گئی، لیکن آٹھ ماہ بعد بند ہو گئی۔ یہ اس وقت بند کی گئی جب 9 مئی 1992ء کو زیر زمین میتھین کی وجہ سے ہونے والے دھماکے کی وجہ سے 26کان کن ہلاک ہو گئے۔ کان کنوں کو بچانے کی ہفتہ بھر کوشش کی گئی لیکن مایوسی کے علاوہ کچھ ہاتھ نہ آسکا۔ 1997ء کے آخر میں انکوائری رپورٹ شائع کی گئی،رپورٹ میں بتایا گیا کہ کان کا انتظام غلط تھا، کان کنوں کی حفاظت کو نظر انداز کیا گیا تھا اور ناقص حکومتی ریگولیٹرز کی نگرانی اس تباہی کا باعث بنی۔