منفرد کلیکشن، منفرد اعزاز
اسپیشل فیچر
3,482 بیئر برکس کھلونے جمع کرنے کا ریکارڈ
دنیا بھر میں شوق اور جنون کی بے شمار کہانیاں سننے کو ملتی ہیں، مگر بعض افراد اپنے ذوق کو اس حد تک پہنچا دیتے ہیں کہ وہ ایک نئی تاریخ رقم کر دیتے ہیں۔ حال ہی میں بیئر برکس (Bearbricks) کے ایک کلیکٹر نے تقریباً 3,500 مختلف ڈیزائنر کے کھلونوں کا نایاب مجموعہ اکٹھا کر کے ایک منفرد ریکارڈ قائم کیا ہے۔ جاپانی کمپنی ''میڈیکم ٹوائے‘‘ (Medicom Toy) کے تیار کردہ یہ کھلونے محض کھیل کی اشیاء نہیں بلکہ جدید آرٹ، ثقافت اور تخلیقی اظہار کی علامت بن چکے ہیں۔ یہ حیرت انگیز کارنامہ نہ صرف ذاتی شوق کی انتہا کو ظاہر کرتا ہے بلکہ دنیا بھر میں کلکشن کے بڑھتے ہوئے رجحان کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
جو چیز ایک شوق کے طور پر شروع ہوئی تھی، وہ بالآخر بیئر برکس (Bearbricks) کے پرجوش امریکی مداح ڈینیئل پارک کیلئے گنیز ورلڈ ریکارڈز کا اعزاز بن گئی، جنہوں نے اس مقبول برانڈ کی کل 3,482 اشیاء کا حیرت انگیز مجموعہ جمع کر لیا ہے۔
اس مارچ، فخر کے ساتھ ریکارڈ رکھنے والے جو سوشل میڈیا پر ''برک شکاگو‘‘ (BrickChicago) کے نام سے جانے جاتے ہیں نے رنگ برنگی پینٹ شدہ پلاسٹک مجسموں سے سجی اپنی وسیع شیلفس کے ساتھ بیئر برک (Bearbrick) ریچھوں کے سب سے بڑے مجموعے کا اعزاز حاصل کر لیا۔پانچ سال پہلے انہوں نے اپنی اس مہم کا آغاز ایک واحد ''بلائنڈ باکس‘‘ کھولنے سے کیا تھا اور اسی یادگار دن کے بعد سے وہ اپنے ہوم آفس کو نہایت احتیاط سے ایک ایسے عجائب گھر کی شکل دیتے آئے ہیں جو ان ریچھوں کی مشہور سیریز کیلئے وقف ہے۔
بیئر برکس (Bearbricks) پہلی بار 2001ء میں جاپان سے تعلق رکھنے والے تاتسوہیکو آکاشی نے تخلیق کیے، جو کھلونا ساز کمپنی ''میڈیکم ٹوائے‘‘ کے بانی ہیں۔ آکاشی کو 2001ء میں ٹوکیو میں ہونے والے ''ورلڈ کریکٹر کنونشن 2001ء ‘‘ کے شرکاء کو دینے کیلئے ایک تحفہ ڈیزائن کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی، اور ٹیڈی بیئر کی 100ویں سالگرہ کی مناسبت سے انہوں نے اپنے کھلونوں کے سروں کو مشہور ریچھ کے سر سے تبدیل کر دیا یوں ایک نئی قسم کے جمع کی جانے والی آئٹم نے جنم لیا، جن میں مختلف رنگوں اور ڈیزائنز کی بھرمار ہے۔
آج بیئر برکس کھلونوں اور فن کے سنگم پر کھڑے نظر آتے ہیں، کیونکہ ہر چھ ماہ بعد آنے والی نئی کلیکشن میں مشہور شخصیات، فنکاروں، ڈیزائنرز اور موسیقاروں کی جانب سے تیار کردہ منفرد اور قیمتی ڈیزائن شامل ہوتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بیئر برکس کے مجموعے کا ابتدائی ریکارڈ 2020ء میں چینی کلیکٹر کیگائو (Gao Ke )کے پاس تھا، جن کے پاس 1,008 ریچھوں کا مجموعہ تھا، لیکن ڈینیئل پارک نے اپنے 3,482 کھلونوں کے ساتھ اس ریکارڈ کو نمایاں طور پر پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ڈینیئل پارک نے گنیز ورلڈ ریکارڈ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ جس چیز نے اُس وقت مجھے متاثر کیا تھا اور آج بھی مجھے آگے بڑھنے کی ترغیب دیتی ہے، وہ اس معیاری پلیٹ فارم کی شاندار روایت ہے۔ یہ ایک غیر معمولی کینوس ہے جو لامحدود تخلیقی اظہار کی اجازت دیتا ہے، جبکہ اپنی ایک جیسی اور منفرد پہچان رکھنے والی ساخت کو برقرار رکھتا ہے۔
ڈینیئل پارک نے بتایا کہ انہیں یہ اعزاز حاصل کرنے کی ترغیب اُس وقت ملی جب وہ اپنی آٹھ سالہ بیٹی کے ساتھ گنیز ورلڈ ریکارڈز کی کتاب دیکھ رہے تھے، اور اُس نے پوچھا کہ بیئر برکس کے مجموعے کا ریکارڈ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اس سے یہ ثابت کرنا چاہتا تھا کہ اگر آپ میں جذبہ، محنت اور نظم و ضبط ہو تو آپ اپنے ذاتی شوق کو عالمی سطح کی کامیابی میں بدل سکتے ہیں۔ اگرچہ تصدیقی عمل وقت طلب تھا، مگر وہ اس بات پر فخر محسوس کرتے ہیں کہ وہ یہ اعزاز اپنے خاندان کے نام کر سکے۔ اگرچہ یہ کام تھکا دینے والا تھا، لیکن یہ محبت سے کیا گیا ایک ایسا سفر تھا جسے میں اپنی بیٹی اور عالمی کلیکٹر کمیونٹی کے سامنے پیش کرنے پر بے حد فخر محسوس کرتا ہوں۔
ڈینیئل پارک نے مزید کہا کہ بیئر برکس کے ڈیزائن کی ہمہ جہتی اور لچک نے اُن کے گھر کے ہر فرد کو اپنی طرف متوجہ کیا، جس کی وجہ سے سب لوگ اُن کے اس کلیکشن کے مشن سے خود کو جوڑ پاتے ہیں۔