یوکرائن جنگ کے دہانے پر ،روس کے ساتھ گزشتہ لڑائی کے دوران 14 ہزار افراد مارے گئے تھے

یوکرائن جنگ کے دہانے پر ،روس کے ساتھ گزشتہ لڑائی کے دوران 14 ہزار افراد مارے گئے تھے

اسپیشل فیچر

تحریر : یاسر چغتائی


روس اور یوکرائن کے درمیان جنگ کا سا سماں ہے ۔
یوکرائن کے مشرقی علاقے ''ڈونباس‘‘ میں روسی حمایت یافتہ باغیوں اور یوکرینی فوج کے درمیان جھڑپیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ متنازعہ علاقے میں دو پڑوسیوں کے درمیان سالوں سے چلی آئی ہلکی پھلکی لڑائی ایک بار پھر شدت اختیار کر چکی ہے، برطانوی جریدے کا کہنا ہے کہ ''روسی افواج کی نقل و حمل جارحانہ ہونے کے باعث جنگ دنوں کی بات ہے، برطانوی فوج بھی ہائی الرٹ ہے‘‘۔گزشتہ کئی ماہ سے روس یوکرائن کے مشرقی علاقے کے ساتھ سرحد پر اپنی فوجی تعداد بڑھاتا جا رہا ہے۔ 2014 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اس سرحد پر روس کے فوجیوں کی تعداد ایک لاکھ کے قریب جا پہنچی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رس نے ''BUK‘‘ نامی میزائل بھی بھجوا دیئے ہیں یہ وہی میزائل ہیں جن کی مدد سے روس نے ملیشیاء کا بوئنگ طیاری مار گرایا تھا۔ امریکہ کئی ایسی ویڈیوز بھی دیکھنے کو ملیں جہاں ٹرینوں اور گاڑیوں میں بھاری اسلحہ بھر کر اس سرحد تک پہنچایا جا رہا ہے،بی ون لڑاکا طیاروں نے بھی روسی علاقے میں ،مگر یوکرائن کی سرحد کے قریب پروازیں شروع کر دی ہیں۔ اس کے بعد سے تشویش کی ایک نئی لہر دوڑ گئی ہے ۔جلتی پر تیل کا کام یوکراینی صدر کے دونباس کے حالیہ دورے نے کیا۔ جہاں انھوں نے اعلان کیا کہ یوکرائن کی نیٹو میں شمولیت جلد ہو جائے گی اور اس علاقے میں امن آجائے گا، کیونکہ اس جنگ کے خاتمے کا واحد راستہ یہی کہ یوکرائن نیٹو کا حصہ بن جائے گا۔ جس پر روس کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آیا، روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ ذاخروف نے کہا کہ یوکرائن کی نیٹو میں شمولیت علاقے میں امن نہیں بلکہ کشیدگی کو مزید ہوا دے گی۔ جو کہ ایک بڑی جنگ کی صورتحال اختیار کر سکتی ہے۔ اور ان حالات میں یوکرائن کی سالمیت کو شدید خطرہ ہوگا۔حالیہ ہفتوں میں اس متنازعہ علاقہ میں روس کے حمایت یافتہ باغیوں اور یوکرینی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں بھی تیز ہوئیں، گزشتہ چند دنوں میں 25 یوکرینی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
جب اس فوجی نقل و حرکت پر جرمن چانسلر اینجلہ مرکل نے روسی صدر سے فون پر رابطہ کیا تو انہوںنے کہا کہ '' روس اپنے ملک میں اپنی فوج کو کسی بھی وقت، کسی بھی جگہ بھیجنے میں آزاد ہے ‘‘۔اینجلہ مرکل کے پاس اس بات کا کوئی جواب نہ تھا۔
مغربی میڈیا نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہ ''مغربی دنیا کی خالی خولی باتیں روس کو ڈرا نہیں سکتیں۔مغرب زیادہ سے زیادہ اقتصادی پابندیاں لگا سکتا ہے لیکن 2014ء میں لگنے والی پابندیوں کا تاحال روس پر کوئی منفی اثر نہیں پڑا‘‘۔
روسی پریس سیکرٹری دیمتری پیسکوف نے روسیوں کی نسل کشی کے حوالے سے کہا کہ '' یہاں بوسنیا (خاص طور پر گائوںسرے برینکا)جیسی نسل کشی کا خدشہ ہے، اس صورت میں روسی مداخلت ناگزیر ہو جائے گی ‘‘ ۔روسی صدر پیوٹن کے مشیر دیمتری کا کہنا ہے کہ روس ہر صورت اپنے شہریوں کے دفاع کیلئے مداخلت کرتا رہے گا۔ ساتھ ہی انھوں نے خبردار بھی کیا ہے کہ کشیدگی میں اضافہ 'یوکرائن کے خاتمے‘‘ کا آغاز ہوگا اور گولی ٹانگ پر نہیں بلکہ سیدھا چہرے پر ماری جائے گی۔ روس نے پہلی بار تسلیم کر لیا کہ اس چھوٹے سے ایک گائوں میں 1995ء میں آٹھ ہزار بوسنیائی مسلمان ذبح کر دیئے گئے تھے۔
بلوم برگ نے بگڑتی ہوئی صورتحال کے بارے میں کہا کہ ''روس شائد نئے امریکی صدر کے اعصاب ٹسٹ کرنا چاہتا ہے،یا پھر وہ یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ مستقبل میں روس یوکرائن کے بارے میں مزید سخت موقف اختیار کرنے والاہے‘‘۔ ادھر سینئر یوکراینی فوجی افسر کا بھی کہنا ہے کہ '' روس فوج کی نقل و حمل توقع سے کہیں زیادہ ہے اور اس کا مقصد بظاہر جنگ کے سوا کچھ نہیں‘‘۔انہوںنے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر روسی صدر نے حملے کاحکم جاری کیا تو یہ مئی کے وسط میں ہو سکتا ہے۔فی الحال روسی صدر نے یوکرائن کے مشرقی ساحل پربحریہ کو تیار کو ریڈ الرٹ کر دیا ہے۔ فوجی نقل حرکت سے یوکرائن کا دارالحکومت کیف بھی ان کے نشانے پر آ گیا ہے۔یوکرائن اسلئے بھی خوفزدہ ہے کہ روس نے2008ء میں جارجیا پر بھی اسی انداز میں دھاوا بول دیا تھا۔جریدے ''فارن پالیسی‘‘ نے لکھا ہے کہ عالمی تنازعات پر نظر رکھنے والی ٹیم کے مطابق '' روس نے ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ یوکرائن کی سرحد سے 155 میل اپنی سرحد پر پہنچا دیا ہے، فوج کا ایک حصہ روسی شہر ''وورونخیف (Voronezh) میں مقیم ہے۔لہٰذا فوری حملے اور قبضے کا اندیشہ نہیں ہے۔مغربی ممالک کے پاس ابھی وقت ہے۔
اس تنازعے کی تاریخ کیا ہے؟
یوکرائن اور روس کے درمیان یہ تنازعہ مارچ 2014 میں شدت اختیار کر گیا جب یوکرائن کے خطے کریمیا میں روس نے اپنے حمایت یافتہ باغیوں کی مدد سے قبضہ کر لیا تھا ۔ اس سات سالہ کشیدگی کے دوران 13، 14 ہزار افراد مارے گئے تھے۔ یوکرائن کو تب ہی سے خوف لاحق ہے کہ کہیں کریمیا جیسا سانحہ پھر رونما نہ ہو جائے اور مشرقی علاقہ بھی ان کے ہاتھ سے نہ چلا جائے۔اس واقعے کے بعد یورپی یونین اور امریکہ نے روس پر پابندیاں بھی عائد کر دیں۔ بعدازاں یوکرائن میں صدر زیلینسکی نے اقتدار میں آتے ہی قیام امن کیلئے کوششیں تیز کیں، اور 2020 میں دونوں ممالک کے درمیان امن اور جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط بھی ہوئے ، لیکن تب ہی سے دونوں ممالک ایک دوسرے پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہیں ۔یوکرائن، مغربی ممالک اور نیٹو کا ماننا ہے کہ روس ان باغیوں کی فوجی مدد کر رہا ہے ، جبکہ روس کا کہنا ہے کہ ادھر اگر کوئی فوجی ہیں بھی تو وہ رضاکار ہیں۔
کشیدگی اچانک کیوں بڑھ گئی ؟
روس کو اس بات پر بھی اعتراض ہے کہ یوکراینی صدر زیلنسکی نے سخت پالیسی اختیار کرتے ہوئے روسی کی حمایت سے چلنے والے تین ٹی وی سٹیشنوں کی بندش کا حکم دے دیا۔ انہوںنے روس نواز رہنماء میڈووچک (Medvedchuk) کے ساتھ سختی کرنے کا حکم دے دیا ۔ روس میں زیلنسکی کو جارجیا کے سابق صدر میخائل ساکاشولی (Saakashvili) جیسا لیڈر سمجھا جا رہا ہے، جن کے دور میں روس نے جارجیا پر حملہ کر دیا تھا۔
2015ء میں ختم ہونے والی جنگ سات سال لڑی گئی تھی۔جس سے یوکرائن کی معیشت انتہائی خراب ہو گئی تھی۔
دنیا کیا کر رہی ہے؟
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری جین پساکی کا کہنا تھا 2014 میں اس تنازع کے آغاز کے بعد سے روسی سرحد پر فی الوقت فوجیوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے، اور امریکہ اس صورتحال کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتا ہے،انھوں نے یہ انتباہ بھی جاری کیا کہ یوکرائن میں روسی فوجیوں کی موجودگی کے پیش نظر امریکہ اپنے جنگی جہاز یوکرائن کی مدد کیلئے بھیج سکتا ہے۔ اس بات کو آگے بڑھاتے ہوئے ترکی کے وزیر خارجہ نے بتایا ہے کہ ' ' امریکہ نے اپنے دو جہاز (تباہ کن آبدوزیں )ممکنہ میدان جنگ کی جانب روانہ کر دی ہیں۔ اس ضمن میں ترکی کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا ہے ۔ 1936میں ہونے والے ایک معاہدے کی رو سے امریکہ ترکی کی سمندری حدود سے گزرنے کے لئے اسے 15دن کا پیشگی نوٹس دینے کا پابند ہے، جو دے دیا گیا ہے۔اس نقل و حرکت کو دیکھتے ہوئے روس نے کہا ہے کہ '' اگر امریکی فوج نے کسی قسم کی غیر دوستانہ پیش قدمی کی تو روس ا س کاجواب دے گا‘‘۔امریکہ نے یہ بھی کہا ہے کہ ''وہ تمام روسی کارروائی پر جاسوسی نظام کی مدد سے نظر رکھے ہوئے ہے‘‘۔ امریکہ نے کہا ہے کہ ''وہ اس علاقے میں میزائل شکن نظام‘‘ پہنچا دے گا تاکہ یوکرائن پر حملے کو ناکام بنایا جا سکے‘‘۔جو بائیڈن انتظامیہ نے دنیا بھر کے رہنمائوں سے رابطہ بھی قائم کر لیا ہے، جلد ہی کسی مشترکہ حکمت عملی کا اعلان بھی ہو سکتا ہے۔ امریکہ نے روس سے بھی پیش قدمی پر ''وضاحت ‘‘ مانگ لی ہے جس کا روس نے کوئی خاطر خواہ جواب نہیں دیا۔ برطانیہ کے فوجی کمانڈروں نے بھی فوج کو ہائی الرٹ کردیا ہے کہ کسی بھی لمحے جنگ چھڑ سکتی ہے ، اور روس بڑا حملہ کر سکتا ہے۔جس کیلئے تیار رہنا ہوگا۔
روس اور یوکرائن کی دفاعی صلاحیتیں ؟
مغربی میڈیا کے مطابق یوکرائن اپنے موجودہ دفاعی آلات کیساتھ روس سے کسی صورت جنگ نہیں لڑ سکتا۔ رپورٹ بتاتی ہے کہ 1991 کے بعد سے یوکرائن نے اپنی فضائیہ میں کسی نئے جنگی طیارے کا اضافہ نہیں کیا، جس میں سرد جنگ کے زمانے کے ہی کل 125 جہاز موجود ہیں، اور ملک کا فقط 30کروڑ ڈالر کا دفاعی بجٹ ہے ۔ اس کے برعکس روس کے جدید جنگی ہتھیار چند ہی منٹوں میں یوکرائن کے جہازوں کا صفایا کر سکتے ہیں۔ دفاعی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ یوکرائن 'ڈرونز'کے ذریعے وہ روس کے ٹینکوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یوکرائن کے پاس متبادل اور کوئی دفاعی ٹیکنالوجی نظر نہیں آتی۔غیر ملکی جریدے فوربس نے لکھا ہے کہ ''روس ڈرونز کو ناکام بنانے کے لئے ریڈیو لنکس کو جام کر سکتا ہے‘‘۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
ڈی ہائیڈریشن کی علامات !جنہیں اکثر لوگ نظر انداز کر دیتے ہیں

ڈی ہائیڈریشن کی علامات !جنہیں اکثر لوگ نظر انداز کر دیتے ہیں

گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ اور بدلتے ہوئے موسمی حالات انسانی صحت کیلئے نئے چیلنجز پیدا کر رہے ہیں۔ خاص طور پر موسمِ گرما میں جسم میں پانی کی کمی، جسے طبی اصطلاح میں ''ڈی ہائیڈریشن‘‘ کہا جاتا ہے، ایک عام مگر خطرناک مسئلہ بن چکا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق بہت سے لوگ پانی کی کمی کی ابتدائی علامات کو نظر انداز کر دیتے ہیں اور انہیں محض گرمی کے اثرات سمجھ کر اہمیت نہیں دیتے۔ حالیہ طبی مشاہدات سے معلوم ہوا ہے کہ تھکن، چکر آنا، سر درد، بے چینی اور غیر معمولی کمزوری جیسی علامات دراصل جسم میں پانی کی کمی کی علامات ہو سکتی ہیں۔ ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ اگر ان علامات پر بروقت توجہ نہ دی جائے تو یہ کیفیت سنگین طبی مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شدید گرمی کے موسم میں پانی کے مناسب استعمال اور جسمانی کیفیت پر نظر رکھنا بے حد ضروری ہے۔جون سخت گرمی کا مہینہ مانا جاتا ہے، اس لیے جسم میں پانی کی کمی (ڈی ہائیڈریشن) کی علامات جاننے کا اس سے بہتر وقت اور کوئی نہیں ہو سکتا۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ بالغ فرد روزانہ تجویز کردہ مقدار کے مقابلے میں آدھے سے بھی کم پانی پیتا ہے، جس کے نتیجے میں وہ پانی کی کمی اور اس سے جڑے متعدد صحت کے مسائل کے خطرے سے دوچار ہو جاتا ہے۔ ڈی ہائیڈریشن اس کیفیت کو کہتے ہیں جب جسم سے خارج ہونے والے سیال کی مقدار، جسم میں داخل ہونے والے سیال سے زیادہ ہو جائے۔ یہ حالت اسہال، زیادہ پسینہ آنے، تیز بخار یا طویل وقت تک دھوپ میں رہنے کے باعث پیدا ہو سکتی ہے۔ ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ پانی کی کمی کئی خطرناک طبی مسائل کو جنم دے سکتی ہے۔ اسی لیے ضروری ہے کہ اس کی علامات کو پہچانا جائے اور بروقت احتیاط کی جائے۔ آئیے جسم میں پانی کی کمی کی ان اہم علامات پر نظر ڈالتے ہیں جن میں سے بعض آپ کو حیران بھی کر سکتی ہیں۔پیاس لگناڈی ہائیڈریشن کی سب سے واضح اور عام علامت سادہ سی ہے، پیاس۔ہم سب نے کبھی نہ کبھی طویل وقت تک پانی نہ پینے کے بعد شدید پیاس کا احساس ضرور کیا ہوگا اور یہی کیفیت جسم میں پانی کی کمی کی پہلی علامت ہوتی ہے۔ماہرین کے مطابق جسم کے پانی میں صرف دو فیصد کمی دماغ کو پیاس کا سگنل دینے پر مجبور کر دیتی ہے۔ گرم موسم میں پسینہ زیادہ آنے کے باعث گرمیوں کے دنوں میں پیاس کا احساس زیادہ عام ہو جاتا ہے۔اچھی بات یہ ہے کہ جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرنا نسبتاً آسان ہے۔ پانی اس مقصد کیلئے سب سے بہتر اور سادہ انتخاب ہے۔تناؤ محسوس ہوناڈی ہائیڈریشن کے اثرات ذہنی صحت پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق وہ افراد جو مناسب مقدار میں پانی نہیں پیتے، ان میں تناؤ (stress) کے امکانات زیادہ ہو سکتے ہیں۔ محققین نے دریافت کیا کہ جو افراد روزانہ تجویز کردہ تقریباً 1.5 لیٹر پانی پیتے ہیں، ان کے جسم میں کورٹیسول (cortisol) یعنی تناؤ کے ہارمون کی سطح ان افراد کے مقابلے میں کم ہوتی ہے جو اس مقدار تک نہیں پہنچ پاتے۔اس سے قبل ایک تحقیق نے بھی یہ اشارہ دیا تھا کہ پانی کی مقدار اور خوشی کے احساس کے درمیان تعلق موجود ہے۔اس تحقیق کے مطابق کم پانی پینے والے افراد نے خود کو زیادہ بے چین، کم اطمینان اور زیادہ تناؤ کا شکار محسوس کیا۔ اس کے برعکس جن افراد نے پانی کی مقدار میں اضافہ کیا، انہوں نے خود کو نسبتاً زیادہ خوش اور بہتر مزاج کا حامل بتایا۔سر میں درد ہوناجب کسی شخص کو سر درد ہو تو سب سے عام مشورہ یہی دیا جاتا ہے کہ پانی پی لیا جائے اور اس کی ایک واضح طبی وجہ بھی موجود ہے۔ انسانی جسم روزانہ تقریباً 2 سے 2.5 لیٹر پانی مختلف طریقوں سے ضائع کرتا ہے، اور اگر یہ سیال مناسب مقدار میں پورا نہ کیا جائے تو شدید سر درد پیدا ہو سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق جسم میں پانی کی کمی دماغ پر دباؤ ڈال سکتی ہے، جس سے درد کے احساس سے متعلق اعصاب اور ریسیپٹرز متاثر ہوتے ہیں، جبکہ پانی پینے سے یہ دباؤ کم ہو جاتا ہے۔ایک تحقیق کے مطابق پانی کا استعمال مائیگرین (شدید سر درد) کی شدت کو بھی کم کر سکتا ہے۔پیشاب کا گہرا یا بدبودار ہوناجسم میں پانی کی کمی (ڈی ہائیڈریشن) کو جانچنے کا ایک آسان طریقہ پیشاب کا رنگ اور بو ہے۔ ہلکا پیلا یا تقریباً شفاف پیشاب عام طور پر مناسب مقدار میں پانی پینے کی علامت سمجھا جاتا ہے، جبکہ گہرا پیلا یا بھورا رنگ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ جسم کو مزید پانی کی ضرورت ہے۔ توجہ مرکوز نہ کر پاناانسانی جسم کا تقریباً 60 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے، جبکہ دماغ میں پانی کی مقدار اس سے بھی زیادہ یعنی اندازاً 75 فیصد تک ہوتی ہے۔ اسی لیے یہ بات حیران کن نہیں کہ جسم میں پانی کی کمی ذہنی کارکردگی پر منفی اثر ڈال سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق پانی کی معمولی کمی بھی ذہنی صلاحیتوں جیسے یادداشت، توجہ اور ہم آہنگی کو متاثر کر سکتی ہے۔یہ کیفیت بعض اوقات روزمرہ فیصلوں تک کو متاثر کر سکتی ہے، حتیٰ کہ اس حد تک کہ انسان یہ فیصلہ کرنے میں بھی مشکل محسوس کرے کہ سڑک کب پار کرنا محفوظ ہے۔

آج کا دن

آج کا دن

امریکی آئین کی توثیق و نفاذامریکہ نے 1776ء میں آزادی حاصل کی، ابتدائی طور پر وہ ''آرٹیکل آف کنفیڈریشن‘‘ کے تحت ایک کمزور وفاقی ڈھانچے پر قائم تھا، جس میں مرکزی حکومت کے پاس محدود اختیارات تھے۔1787ء میں ایک مضبوط وفاقی آئین تیار کیا گیا۔21 جون 1788ء کو نیو ہیمپشائر نویں ریاست بنی جس نے اس نئے آئین کی توثیق کی۔آئین کی منظوری کیلئے کم از کم 9 ریاستوں کی توثیق ضروری تھی ۔نجی خلائی جہاز2004ء میں نجی سرمایہ کاری سے تیار کیا گیا خلائی جہاز ''سپیس شپ ون‘‘تاریخ رقم کرتے ہوئے خلا تک پہنچنے والا دنیا کا پہلا نجی فنڈ سے تیار کردہ خلائی طیارہ بن گیا۔ اس کامیاب پرواز نے خلائی تحقیق کے میدان میں ایک نئے دور کا آغاز کیا اور ثابت کیا کہ نجی ادارے بھی خلائی سفر کے خواب کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔ اس کامیابی نے بعد میں تجارتی خلائی سیاحت اور نجی خلائی منصوبوں کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔اٹلی کا فرانس پر حملہ21جون1940 ء کو اٹلی نے دوسری عالمی جنگ کے دوران فرانس پر حملہ کیا جو کامیاب نہ ہو سکا۔ اس جنگ کو ''الپس کی جنگ‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔یہ دوسری عالمی جنگ کے دوران اٹلی کی پہلی بڑی لڑائی تھی اور فرانس کیلئے یہ آخری بڑی لڑائی ثابت ہوئی۔جنگ میں اٹلی کی شمولیت کی وجہ سے اس کا دائرہ کار اور وسیع ہو گیا۔اٹلی کا مقصد فرانس کا تسلط ختم کرنا اور ان علاقوں کو واپس حاصل کرنا تھا جن پر اٹلی کی حکمرانی تھی۔کینیڈا کی پہلی خاتون وزیراعظم 21جون 1957ء میں کینیڈا کی سیاستدان کو ایلن لوکس فیئرکلو نے پہلی خاتون وزیر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔یہ کینیڈا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تھا کہ کسی خاتون کو کابینہ میں شامل کیا گیا تھا۔ایلن لوکس 1950ء سے 1963ء تک کینیڈا کے ہاؤس آف کامنز کی رکن رہیں۔ ایلن28جنوری 1905ء کو پیدا ہوئیں،پیشے کے اعتبار سے ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ تھیں اور ایک اکاؤنٹنگ فرم بھی چلا رہی تھیں۔ایلن نے ممبر پارلیمنٹ کی حیثیت سے اپنے انتخاب سے قبل کینیڈا کی گرل گائیڈز کی ایگزیکٹو رکن کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

چاند پر قدم رکھنے والا پہلا برطانوی کون ہوگا؟

چاند پر قدم رکھنے والا پہلا برطانوی کون ہوگا؟

ٹم پیک نے خاتون خلاء باز روزمیری کوگن کو مضبوط امیدوار قرار دے دیاانسانی تاریخ میں چاند ہمیشہ سے تجسس، حیرت اور جستجو کی علامت رہا ہے۔ 1969ء میں جب انسان نے پہلی مرتبہ چاند کی سطح پر قدم رکھا تو یہ کارنامہ سائنس اور ٹیکنالوجی کی عظیم ترین کامیابیوں میں شمار ہوا۔ نصف صدی گزرنے کے باوجود چاند آج بھی خلائی تحقیق کا مرکز بنا ہوا ہے اور مختلف ممالک اپنے خلا بازوں کو وہاں بھیجنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اسی تناظر میں یہ سوال دلچسپی کا باعث بن گیا ہے کہ چاند پر قدم رکھنے والا پہلا برطانوی کون ہو گا؟ برطانیہ کے معروف خلا باز ٹم پیک (Tim Peake) نے اس حوالے سے اپنی رائے دیتے ہوئے پیشگوئی کی ہے کہ برطانوی خلا باز روزمیری کوگن (Rosemary Coogan) آئندہ دس برس کے دوران یہ تاریخی اعزاز حاصل کر سکتی ہیں۔ اگر ایسا ہوا تو یہ نہ صرف برطانیہ بلکہ عالمی خلائی تحقیق کی تاریخ میں بھی ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ناسا نے اپنے متنازعہ ''آرٹیمس III‘‘ مشن کے مکمل مردانہ عملے کا اعلان کر دیا ہے، اب سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ چاند پر قدم رکھنے والا اگلا انسان کون ہو گا؟ اگرچہ 2029ء میں متوقع ''آرٹیمس IV‘‘ مشن کے ذریعے چاند پر اترنے والا عملہ غالباً مکمل طور پر امریکی خلا بازوں پر مشتمل ہو گا، تاہم برطانوی خلا باز بھی اس دوڑ میں زیادہ پیچھے نہیں ہوں گے۔ اب تجربہ کار برطانوی خلا باز ٹم پیک نے اس شخصیت کا نام بتایا ہے جس کے بارے میں ان کے خیال میں وہ چاند پر قدم رکھنے والی پہلی برطانوی بن سکتی ہیں۔ ان کے مطابق شمالی آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والی خلا باز روزمیری کوگن اس اعزاز کے حصول کیلئے برطانیہ کی سب سے مضبوط امیدوار ہیں۔میجر ٹم پیک کا کہنا ہے کہ اگر 2030ء تک کوئی یورپی خلا باز پہلی مرتبہ چاند پر پہنچا تو ہم خود کو خوش قسمت سمجھیں گے، اور اگر مجھے شرط لگانی پڑے تو میں کہوں گا کہ اس کا تعلق غالباً جرمنی یا فرانس سے ہو گا۔ لیکن میں یہ بھی سمجھتا ہوں کہ 2030ء کی دہائی کے وسط تک کسی برطانوی خلا باز کو چاند پر دیکھنے کے ہمارے امکانات کافی روشن ہیں۔ یہ کوئی نیا خلا باز بھی ہو سکتا ہے، یا پھر روز (روزمیری کوگن) جیسی کوئی شخصیت، جو شاید اس سے پہلے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر چھ ماہ کا مشن مکمل کر چکی ہو۔ اگر انہیں 2030ء کے آس پاس یہ مشن مل جاتا ہے تو پھر وہ 2035ء کے قمری مشن کیلئے پوری طرح تیار ہوں گی۔روزمیری کوگن نے 2019ء میں سوسکس یونیورسٹی سے فلکیات میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی، جس کے بعد وہ فرانسیسی خلائی ادارے CNES میں شامل ہو گئیں۔ 2022ء میں انہیں ''یورپیئن سپیس ایجنسی ‘‘(European Space Agency) کی جانب سے خلا باز امیدوار منتخب کیا گیا، جبکہ 2024ء میں وہ باقاعدہ طور پر سند یافتہ خلا باز بن گئیں۔اس طرح وہ یورپی خلائی ایجنسی کے اہل خلا بازوں کے اس گروپ کا حصہ ہیں جسے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے مشنز کیلئے منتخب کیا جا سکتا ہے۔اگرچہ ڈاکٹر کوگن کو ابھی تک خلا میں سفر کا عملی تجربہ حاصل نہیں ہوا، تاہم جب تک برطانیہ کو کسی قمری مشن میں شمولیت کا موقع ملے گا، تب تک وہ اس ذمہ داری کیلئے کہیں زیادہ تیار ہو سکتی ہیں۔برطانوی خلا باز ٹم پیک کا کہنا ہے کہ یورپی خلائی ایجنسی کی ہماری پیشہ ور خلا باز روزمیری کوگن جلد ہی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے طویل المدتی عملے کے رکن کے طور پر اپنی باری کی منتظر ہیں۔مجھے یقین ہے کہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی ریٹائرمنٹ سے پہلے انہیں ایک طویل المدتی خلائی مشن ضرور مل جائے گا۔اگر ڈاکٹر کوگن ناسا کی جانب سے کسی برطانوی شراکت دار کی تلاش شروع ہونے تک خلائی سفر کا عملی تجربہ حاصل کر لیتی ہیں تو ممکن ہے کہ وہ واحد تجربہ کار برطانوی خلا باز ہوں جو قمری مشن کیلئے اہل قرار پائیں۔چاند پر کون کون جا چکا ہے؟21 جولائی 1969ء کو انسان نے پہلی مرتبہ چاند کی سرزمین پر قدم رکھا اور یوں خلائی تحقیق کا ایک نیا باب رقم ہوا۔ آج تک صرف بارہ خوش نصیب انسان چاند کی سطح پر چلنے کا اعزاز حاصل کر سکے ہیں۔ ان بہادر خلا بازوں نے نہ صرف انسانی جستجو اور حوصلے کی نئی مثال قائم کی بلکہ کائنات کے اسرار و رموز کو سمجھنے کی راہ بھی ہموار کی۔1 اور 2: ''اپالو 11‘‘( 21 جولائی 1969ء)نیل آرمسٹرانگ نے تاریخ رقم کرتے ہوئے چاند کی سطح پر قدم رکھنے والے پہلے انسان ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ ان کے بعد ان کے ساتھی بز آلڈرن(Buzz Aldrin)نے بھی چاند پر قدم رکھا۔3 اور 4: ''اپالو 12‘‘( 19 اور 20 نومبر 1969ء)پیٹ کونراڈ(Pete Conrad) اور ایلن بین (Alan Bean)اپالو 12 مشن کے دوران چاند پر چلنے والے خلا باز تھے۔اپالو 12 کے عملے کو اس وقت غیرمعمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب ان کا سیٹرن فائیو راکٹ پرواز کے فوراً بعد دو مرتبہ آسمانی بجلی کی زد میں آ یا۔5 اور 6: ''اپالو 14‘‘( 5 فروری 1971ء)ایلن شیپرڈ (Alan Shepard)اورایجر میچل(Edger Mitchell) ''اپالو 14 مشن‘‘ کا حصہ تھے۔ وہ 31 جنوری 1971ء کو روانہ ہوئے اور چاند کے فرا مورو (Fra Mauro) علاقے میں اترے، جو دراصل اپالو 13 کا اصل ہدف تھا۔7 اور 8: ''اپالو 15‘‘( 31 جولائی 1971ء)ڈیوڈ سکاٹ (David Scott)اور جیمز آئرون(James Irwin) چاند پر اترے اور 2 اگست تک وہاں تقریباً تین دن قیام کیا۔9 اور 10: '' اپالو 16‘‘( 21 اپریل 1972ء)جان ینگ (John Young)اور چارلس ڈیوک(Charles Duke) چاند پر چلنے والے اگلے دو افراد تھے۔جب عملہ چاند کے مدار میں پہنچا تو کمانڈ اور سروس ماڈیول کے مرکزی انجن میں خرابی کے باعث مشن تقریباً منسوخ ہونے کے قریب پہنچ گیا تھا۔11 اور 12: ''اپالو 17‘‘ ( 11 دسمبر 1972ء)چاند پر قدم رکھنے والے آخری افراد جین سرنن (Eugene Cernan)اور ہیریسن شمٹ (Harrison Schmitt) تھے۔چاند سے روانگی سے قبل جین سرنن نے اپنی بیٹی ٹریسی کے نام کے ابتدائی حروف چاند کی مٹی پر کندہ کیے۔ چونکہ چاند پر ہوا، بارش یا دیگر موسمی عوامل موجود نہیں جو ان نشانات کو مٹا سکیں، اس لیے توقع کی جاتی ہے کہ یہ حروف بہت طویل عرصے تک وہاں محفوظ رہیں گے۔

پناہ گزینوں کا عالمی دن

پناہ گزینوں کا عالمی دن

انسانی بحران، عالمی ذمہ داری اور امید کی کرنہر سال 20 جون کو دنیا بھر میں پناہ گزینوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس دن کا مقصد ان لاکھوں افراد کی مشکلات، قربانیوں اور جدوجہد کو اجاگر کرنا ہے جو جنگ، ظلم، سیاسی عدم استحکام، مذہبی و نسلی تعصب یا قدرتی آفات کے باعث اپنا گھر، شہر اور وطن چھوڑنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پناہ گزین صرف اعداد و شمار نہیں بلکہ ایسے انسان ہیں جن کی زندگیاں بکھر چکی ہوتی ہیں اور جو ایک محفوظ مستقبل کی تلاش میں دربدر ہوتے ہیں۔آج کی دنیا میں پناہ گزینوں کا بحران ایک سنگین عالمی مسئلہ بن چکا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق دنیا بھر میں لاکھوں افراد ایسے ہیں جو اپنے وطن سے بے دخل ہو کر دوسرے ممالک یا عارضی کیمپوں میں زندگی گزار رہے ہیں۔ ان میں سے بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جو طویل عرصے سے غیر یقینی حالات میں رہنے پر مجبور ہیں۔ شام، افغانستان، یوکرین، سوڈان اور افریقہ کے کئی خطوں میں جاری تنازعات نے اس بحران کو مزید بڑھا دیا ہے۔پناہ گزین کیمپوں کی صورتحال اکثر نہایت کٹھن ہوتی ہے۔ وہاں بنیادی سہولیات کی کمی، صاف پانی کی عدم دستیابی، صحت کے ناکافی انتظامات اور تعلیم کے محدود مواقع پناہ گزینوں کی زندگی کو مزید مشکل بنا دیتے ہیں۔ خاص طور پر بچے اور خواتین سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ بچے اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ پاتے جبکہ خواتین کو تحفظ اور صحت کے مسائل کا سامنا رہتا ہے۔پناہ گزینوں کیلئے سب سے بڑا چیلنج اپنی شناخت اور وقار کو برقرار رکھنا ہوتا ہے۔ جب کوئی فرد اپنا گھر بار چھوڑتا ہے تو وہ صرف جغرافیائی طور پر نہیں بلکہ نفسیاتی اور جذباتی طور پر بھی متاثر ہوتا ہے۔ اپنے وطن، ثقافت اور خاندان سے دوری ایک ایسا درد ہے جو وقت کے ساتھ بھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوتا۔عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے ادارے، خصوصاً یو این ایچ سی آر (UNHCR)، پناہ گزینوں کی مدد کیلئے مختلف پروگرام چلا رہے ہیں۔ ان کا مقصد نہ صرف فوری امداد فراہم کرنا ہے بلکہ پناہ گزینوں کو دوبارہ باعزت زندگی گزارنے کے قابل بنانا بھی ہے۔ تاہم وسائل کی کمی اور بڑھتے ہوئے بحران کی وجہ سے یہ کوششیں اکثر ناکافی ثابت ہوتی ہیں۔یہ امر بھی قابلِ غور ہے کہ پناہ گزینوں کا مسئلہ صرف امداد سے حل نہیں ہو سکتا۔ اس کیلئے بنیادی طور پر عالمی سطح پر امن، انصاف اور سیاسی استحکام ضروری ہے۔ جب تک جنگیں اور تنازعات جاری رہیں گے، پناہ گزینوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہے گا۔ اس لیے عالمی طاقتوں اور حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں اور انسانی جانوں کے تحفظ کو اوّلین ترجیح دیں۔میزبان ممالک کا کردار بھی اس بحران میں انتہائی اہم ہے۔ کئی ممالک پناہ گزینوں کو پناہ اور سہولیات فراہم کر کے انسانیت کی بہترین مثال قائم کرتے ہیں، لیکن بعض جگہوں پر امتیازی سلوک اور سخت قوانین پناہ گزینوں کی مشکلات میں اضافہ کرتے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام ممالک انسانی بنیادوں پر یکساں رویہ اختیار کریں اور پناہ گزینوں کو عزت و وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کا موقع دیں۔تعلیم اور روزگار کے مواقع پناہ گزینوں کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ اگر ان افراد کو ہنر سیکھنے، تعلیم حاصل کرنے اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ نہ صرف اپنی زندگی بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ میزبان ملک کی معیشت میں بھی مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پناہ گزین بوجھ نہیں بلکہ مواقع بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔پناہ گزینوں کا عالمی دن ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ ہم بطور عالمی شہری اس بحران کے حل میں کیا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم ہمدردی، رواداری اور تعاون کے جذبات کو فروغ دیں اور متاثرہ افراد کی مدد کیلئے آگے آئیں۔ پناہ گزینوں کا مسئلہ صرف ایک انسانی المیہ نہیں بلکہ ایک عالمی چیلنج ہے۔ اس کا حل صرف حکومتوں یا اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ پوری انسانیت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اگر دنیا امن، انصاف اور مساوات کے اصولوں پر عمل کرے تو نہ صرف پناہ گزینوں کا بحران کم ہو سکتا ہے بلکہ ایک بہتر اور محفوظ دنیا بھی تشکیل دی جا سکتی ہے۔پناہ گزینوں کی مدد دراصل انسانیت کی خدمت ہے، اور یہی خدمت ہمیں ایک بہتر اور مہذب معاشرے کی طرف لے جاتی ہے۔

آج کا دن

آج کا دن

ایران: ہولناک زلزلہ20جون 1990ء کو ایران کے شمالی علاقے میں آنے والے زلزلے نے شدید تباہی مچائی۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 7.4 ریکارڈ کی گئی۔ اس ہولناک زلزلے کے نتیجے میں تقریباً 35 ہزار سے 50 ہزار افراد جاں بحق اور 60 ہزار سے ایک لاکھ تک زخمی ہوئے۔ ہزاروں عمارتیں منہدم ہو گئیں اور لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے۔خلائی مشن ایس ٹی ایس 781996ء میں آج کے روز اسپیس شٹل کولمبیا نے اپنے مشن ایس ٹی ایس 78 کے تحت خلاء کیلئے پرواز کی۔ اس مشن کا مقصد اسپیس لیب میں حیاتیاتی علوم اور مائیکرو گریویٹی کے ماحول پر مختلف سائنسی تجربات انجام دینا تھا۔ سائنسدانوں نے انسانی جسم، پودوں اور دیگر جانداروں پر خلائی ماحول کے اثرات کا مطالعہ کیا۔ پہلی تجارتی ٹیلی فون سروس20جون 1877ء کو الیگزینڈر گراہم بیل نے کینیڈا میں دنیا کی پہلی تجارتی ٹیلی فون سروس انسٹال کی۔یہ پہلا موقع تھا جب ٹیلی فون کی سہولت کو عام عوام کیلئے کمرشل سطح پر شروع کیا گیاتھا۔ٹیلی فون سروس کا آغاز کرنے کیلئے اس کو کئی تجرباتی مراحل سے گزارکر اس میں موجود خامیوں کودور کیا۔ ٹروجن کی دریافت20جون1990ء کو پہلا یوریکا مریخ ٹروجن 5261 دریافت ہوا۔اسے ڈیوڈ لیوی اور ہنری ہولٹ نے پالومر آبزرویٹری میں دریافت کیا۔ اس کے مشاہدے سے معلوم ہوا کہ اس کا مدار مستحکم ہے۔یہ ٹائپ اے کا ایسٹراؤڈ ہے جس کا رنگ تھوڑا زرد ہے اوریہ مریخ کے مدار میں مستحکم حالت میں موجود ہے اس میں ہی چکر لگاتا رہتا ہے۔ ڈیٹرائٹ ہنگامہ آرائی مشی گن میں 20 جون 1943ء کو اس وقت ہنگامہ آرائی شروع ہوئی جب شہر میں افواہ پھیلی کہ گوروں کے ہجوم نے ایک سیاہ فام ماں اور بچے کو دریائے ڈیٹرائٹ میں پھینک دیا ہے۔جب یہ خبر شہر میں پھیلی تو سیاہ فام افراد نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے سفید فام لوگوں کی املاک کو لوٹنا اور تباہ کرنا شروع کر دیا ۔ یہ سلسلہ دو دن جاری رہا ۔احمد پاشا کی تقرری20جون 1652ء میں طرہونجو احمد پاشا کو سلطنت عثمانیہ کا گرینڈ وزیر مقرر کیا گیا۔ وہ عثمانی سلطنت کے ان ممتاز سیاست دانوں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے مالی اصلاحات اور حکومتی نظم و نسق کو بہتر بنانے کیلئے اہم اقدامات کئے۔ اپنے دورِ وزارت میں انہوں نے ریاستی اخراجات میں کمی اور خزانے کی بحالی کی کوشش کی۔ تاہم درباری مخالفت کے باعث ان کا دورِ اقتدار مختصر ثابت ہوا۔تاریخی مذہبی اجتماع1926ء میں 28ویں بین الاقوامی یوکرسٹک کانگریس کا آغاز امریکی شہر شکاگو میں ہوا۔ یہ رومن کیتھولک چرچ کا ایک اہم عالمی مذہبی اجتماع تھا، جس میں دنیا بھر سے مذہبی رہنما، علماء اور عقیدت مند شریک ہوئے۔ افتتاحی جلوس میں ڈھائی لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی، جس سے اس تقریب کی مقبولیت اور اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔

16جون:خاندانی ترسیلاتِ زر کا عالمی دن

16جون:خاندانی ترسیلاتِ زر کا عالمی دن

سمندر پارکارکن،معیشت کے خاموش ہیروہر سال 16 جون کو دنیا بھر میں خاندانی ترسیلاتِ زر کا عالمی دن (International Day of Family Remittances) منایا جاتا ہے۔ اس دن کا مقصد ان تارکینِ وطن کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے جو اپنے وطن سے دور رہ کر نہ صرف اپنے خاندانوں کی کفالت کرتے ہیں بلکہ اپنے ملکوں کی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی فنڈ برائے زرعی ترقی (IFAD) کے مطابق ترسیلاتِ زر دنیا بھر میں غربت کے خاتمے، تعلیم، صحت اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں۔ملک عزیزپاکستان کے لیے بھی اس دن کی خاص اہمیت ہے کیونکہ سمندر پار پاکستانی کارکنوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت اختیار رکھتی ہیں۔قومی معیشت کا مضبوط سہارااس وقت ایک کروڑ سے زائد پاکستانی دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم ہیں۔ ان میں بڑی تعداد سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، عمان، برطانیہ اور امریکہ میں کام کر رہی ہے۔ ان پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر لاکھوں خاندانوں کی کفالت کے ساتھ ساتھ قومی معیشت کے استحکام میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔پاکستان کی معیشت کو گزشتہ چند برسوں سے بلند درآمدی بل، بیرونی قرضوں کی ادائیگی، تجارتی خسارے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ایسے میں کارکنوں کی ترسیلاتِ زر ملک کے لیے ایک مضبوط معاشی ڈھال ثابت ہوئی ہیں۔ ماہرین اقتصادیات کے مطابق ترسیلاتِ زر نہ صرف جاری کھاتوں کے خسارے کو کم کرنے میں مدد دیتی ہیں بلکہ روپے کے استحکام اور زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 ء کے پہلے گیارہ ماہ، یعنی جولائی 2025ء سے مئی 2026ء تک، بیرونِ ملک پاکستانی 38.1 ارب ڈالر وطن بھیج چکے ہیں۔ یہ رقم گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے اور اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ رواں مالی سال ترسیلاتِ زر ایک نیا تاریخی ریکارڈ قائم کر سکتی ہیں۔صرف مئی 2026ء میں بیرونِ ملک پاکستانیوں نے 4.3 ارب ڈالر وطن بھیجے جو پاکستان کی تاریخ میں ایک ہی مہینے کے دوران موصول ہونے والی ترسیلاتِ زر کی بلند ترین سطح ہے۔ اس سے قبل مارچ 2025 میں 41 کروڑ ڈالر کی ترسیلات ریکارڈ کی گئی تھیں، تاہم مئی 2026ء میں یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔گزشتہ مالی سال میں بیرونِ ملک پاکستانیوں نے مجموعی طور پر38.3 ارب ڈالر وطن بھیجے تھے جو اُس وقت تک ملکی تاریخ کی بلند ترین سالانہ ترسیلات تھیں۔ تاہم موجودہ رجحان کو دیکھتے ہوئے توقع کی جا رہی ہے کہ مالی سال 2025-26 ء کے اختتام تک یہ ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔ترسیلاتِ زر کے معاشی اور سماجی فوائدترسیلاتِ زر کے فوائد صرف زرمبادلہ کے ذخائر تک محدود نہیں، بیرونِ ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم لاکھوں خاندانوں کے لیے زندگی کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کا ذریعہ ہیں۔ ان رقوم سے بچوں کی تعلیم، علاج معالجہ، رہائش، کاروبار اور دیگر ضروریات پوری کی جاتی ہیں۔ دیہی علاقوں میں چھوٹے کاروباروں کے فروغ، گھروں کی تعمیر اور غربت میں کمی میں ترسیلاتِ زر کا بنیادی کردار ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان ہنرمند افرادی قوت کی بیرونِ ملک برآمد میں اضافہ کرے اور سمندر پار پاکستانیوں کے لیے مزید سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرے تو ملک کو سالانہ کئی ارب ڈالر اضافی زرمبادلہ حاصل ہو سکتا ہے۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل بینکاری کے فروغ نے بھی قانونی ذرائع سے ترسیلاتِ زر کی حوصلہ افزائی کی ہے۔سمندر پار پاکستانی قومی ہیروخاندانی ترسیلاتِ زر کا عالمی دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی صرف اپنے خاندانوں کے کفیل نہیں بلکہ ملکی معیشت کے بڑے معاون بھی ہیں۔ ان کی محنت، قربانی اور وطن سے محبت کی بدولت پاکستان کو ہر سال اربوں ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوتا ہے۔ ایسے میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں کو قومی سرمایہ سمجھتے ہوئے ان کے لیے بہتر سہولتیں، سرمایہ کاری کے مواقع اور مؤثر قونصلر خدمات فراہم کرے۔آج جب پاکستان معاشی استحکام کی جانب سفر کر رہا ہے تو اس میں سمندر پار پاکستانیوں کا کردار کسی بھی شعبے سے کم نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ پاکستانی اپنے وطن سے دور رہ کر بھی پاکستان کی معیشت کے خاموش مگر مضبوط ہیرو ہیں۔