کارٹونسٹ کو پیسے دے کر اپنا مزاق اڑوانے والا شخص لارڈ بیوربروک
وہ شخص جس نے 1940ء میں انگلینڈ کو بچایا اور امریکہ کو جنگ کی تیاری کیلئے موقع مہیا کیا۔ کینیڈا کے گھنے جنگلات میں پیدا ہوا تھا اور اپنی زندگی کے پہلے اڑتیس برس میں اٹکسن کے نام سے مشہور تھا۔ لیکن آج دنیا اسے لارڈ بیور بروک (Lord Beaverbrook)کے نام سے جانتی ہے۔لارڈ بیوربروکنے 1940ء میں انگلینڈ کو بچانے میں کس طرح مدد کی تھی؟ جب لندن لیور پول اوردوسرے شہروں میں جرمنی کے بم پھٹ رہے تھے، وہ دن جب برطانوی سلطنت کی سلامتی مشکوک نظر آتی تھی۔
ان ایام میں ونسٹن چرچل نے محسوس کیا کہ اگر جنگی طیاروں کی پیداوار دگنی نہ کی گئی تو انگلینڈ ہار جائے گا۔ تیس دن کے اندر اندر جہازوں کی پیداوار دگنی کرنا ایک معجزے سے کم نہیں۔ لہٰذا چرچل نے یہ کام انجام دینے کیلئے اس ''معجزہ گر‘‘ کی خدمات حاصل کیں۔ لارڈ بیور بروک نے مئی 1940ء سے5اگست1940ء کے درمیانی عرصے میں برطانوی جہازوں کے پیداوار نو سوماہوار سے اٹھارہ سوماہوار کر دی اور اس طرح انگلینڈ کو جرمنوں کے حملے سے بچا لیا اور آئندہ ایک ہزار سال تک تاریخ کا رخ بدل دیا۔
لارڈ بیور بروک نے بہت کم تعلیم حاصل کی ہے۔ وہ ایک طویل عرصے تک سکول نہ گیا اور جب سکول جانے لگا تو وہ تعلیم کے بجائے لڑکوں سے لڑنے جھگڑنے میں زیادہ دلچسپی لیتا تھا۔ وہ سکول میں اس قدر ہنگامہ بپا کرتا کہ تقریباً ہر روز استاد اس کی پٹائی کرتا۔ شروع شروع میں اس نے جس کام پر ہاتھ ڈالا اس میں ناکام رہا۔ ایک بیمہ ایجنٹ کی حیثیت سے وہ ناکام رہا۔ سپلائی کی مشین فروخت کرنے میں اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ اس نے ایک اخبار نکالا مگر وہ بھی نہ چل سکا۔ ایک لاء سکول میں داخل ہونے کیلئے اس نے امتحان دیا تو اس میں بھی پاس نہ ہو سکا۔بیس برس کی عمر میں وہ بھوکا ننگا تھا۔ لیکن تیس برس کی عمر میں اس کے پاس لاکھوں روپے تھے۔
یہ سب کچھ کیسے ہوا۔ اسے کینیڈا میں ایک بنکر کے پاس بطور سیکرٹری ملازمت مل گئی۔ پھر اس نے اپنی محنت کی بدولت کئی بنک، لوہے کے کارخانے اور بجلی گھر قائم کر لئے۔ دس برس میں اس کے پاس اتنا روپیہ آ گیا کہ کینیڈا کا کوئی دوسرا دولت مند اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا تھا۔ وہ اس سے بھی بڑی فتوحات پر نظریں جمائے ہوئے تھا۔
وہ کینیڈا چھوڑ کر انگلینڈ چلا آیا اور سیاست میں حصہ لینے لگا۔ اس نے ایک سنسنی خیز سیاسی تحریک شروع کی اور پارلیمان کا ممبر منتخب ہو گیا۔ سیاسی اقتدار حاصل کرنے کیلئے اس نے لندن کا ایک اخبار ڈیلی ''ایکسپریس‘‘ خرید لیا۔ پہلے سال اسے اس اخبار میں 20پونڈ خسارہ اٹھانا پڑا۔ دوسرے سال یہ خسارہ ایک تہائی رہ گیا اور آخر میں اس سے سالانہ 20پونڈ نفع کمانے لگا۔ اس نے اخبار میں سنسنی خیز واقعات شائع کرکے حکومت کی توجہ اپنی طرف مبذول کرلی۔ وہ اپنے اخبار کے صحافیوں اور اس میں مضامین لکھنے والوں کو تحائف دیتا رہتا اور گھوڑے کی ریس پر اتنے اچھے اندازے شائع کرتا جو عموماً صحیح ثابت ہوتے۔
ڈیلی ایکسپریس کی اشاعت700فیصد بڑھ گئی۔ یہ 3لاکھ سے 25لاکھ ہو گئی۔ دنیا میں اس سے بڑھ کر کسی اخبار کی اشاعت نہیں۔ کامیابی کے نشے میں چور لارڈ بیور بروک نے ایک اخبار ایوننگ سٹینڈرڈ خرید لیا اور ایک تیسرا اخبار ''سنڈے ایکسپریس‘‘ خود جاری کیا۔ برطانوی وزارت کو بنانے اور توڑنے میں اب لارڈ بیور بروک کو بہت عمل دخل تھا۔ لائیڈ جارج کو برطانیہ کا وزیراعظم بنانے میں اس کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔ایک چیز جس کا وہ دلی طور پر متمنی تھا اسے مل نہ سکی، وہ برطانیہ کا وزیراعظم بننا چاہتا تھا وہ یہ کبھی برداشت نہیں کر سکتا تھا کہ اسے نظر انداز کیا جائے لہٰذا اس نے اپنے آپ پر ایک انعامی تنقیدی مضمون کا اعلان کیا۔ یہ انعام اس کے ایک ملازم نے حاصل کیا۔
جب وہ انگلینڈ کے ایک ذہین کارٹونسٹ ڈلوڈلو نے ایک دوسرے اخبار میں لارڈ بیور بروک پر حملہ کیا تو لارڈ بیور بروک نے اس سے کہا ''لوؔ! اگر تم میرے اخبار میں ملازم ہو کر کارٹونوں کے ذریعے میرا مذاق اڑائو تو میں تمہیں سالانہ دس ہزار پونڈ دیا کروں گا‘‘ ۔لوؔ نے یہ پیشکش قبول کر لی وہ اکثر اپنے مالک کے مضحکہ خیز کارٹون بنایا کرتا تھا۔
1943ء میں لارڈ بیورک نے چرچل کی وزارت میں یکے بعد دیگرے پانچ وزارتیں سنبھالیں۔ پہلے وہ ہوائی جہازوں کی پیداوار بڑھانے کے شعبے کا وزیر تھا پھر وہ وزیر ریاست اور پھر پیداوار کا وزیر بنایا گیا۔ اس کا آخری عہدہ لارڈ پریوی سپل کا تھا۔
انگلینڈ میں لارڈ بیور بروک کو اکثر'' دی بیور‘‘ کہا جاتا ہے۔ اپنا موجودہ نام اس نے اس لئے منتخب کیا ہے کہ کینیڈا میں بچپن کے ایام میں وہ اکثر بیوربروک نامی ایک ندی سے مچھلیاں پکڑا کرتا تھا۔ وہ ہر روز گھڑ سواری کرتا ہے اور گھڑ سواری کے دوران میں حبشیوں کے مذہبی گیت گاتا رہتاتھا۔
ایک زمانے میں دو حجام بیک وقت لارڈ بیور بروک پر '' مصروف کار‘‘ رہتے تھے۔ ایک اس کی شیو بناتا اور دوسرااس کے سر کے بال تراشتا، آخر وقت بچانے کی خاطر ایک برقی بال تراش خرید لیا اور وہ اب اپنے سر کی حجامت بھی خود ہی کرتاتھا۔
ایک زمانے میں اس نے ایک چھوٹا سا ریڈیو خریدا اور اسے ایک دھاگے میں پرُوکر اپنے گلے میں لٹکا لیا۔ وہ موسیقی کے دھن پر اکثر رقص کرتا رہتا۔ اس نے اپنے مکان کے ہر کمرے میں ٹیلی فون لگوا رکھے تھے۔ ان میںغسل خانے بھی شامل ہیں۔ پانی کے ٹب میں بیٹھا وہ اکثر دیر دیر تک ٹیلی فون پر باتیں کرتا رہتا ۔
وہ آٹھ پونڈ میں جوتوں کا جوڑا خریدا کرتا لیکن اس کا سوٹ جوتوں سے نصف قیمت کا ہوتا تھا۔ اس کی قمیص بڑے قیمتی کپڑے کی ہوتی مگر جب کسی کف کا کوئی بٹن ٹوٹ جاتا تو وہ اس کی جگہ سیفٹی پن استعمال کرتا تھا۔
لارڈ بیور بروک نے اپنے مکان کے قریب قبروں پر نصب کیا جانے والا صلیب کا ایک بڑا سا نشان لگوا رکھا تھا جو رات کے وقت بلبوں کی روشنی میں جگمگاتا رہتا۔لارڈ بیور بروک کا کہنا تھا کہ یہ نشان اسے احساس دلاتا رہتا ہے کہ وقت بھاگا جا رہا ہے اور ہمیں ہر لمحے سے پورا پورا فائدہ اٹھانا چاہئے کیونکہ موت ہماری گھاٹ میں بیٹھی ہے۔