Next-Gen Al Innovations
بائیونک ہاتھ اور الیکٹرانک جلد
بائیونک ہاتھ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جو انسانی ہاتھ کی حرکات اور صلاحیتوں کی نقل کیلئے بنائے گئے ہیں۔ یہ بڑی مہارت کے ساتھ اشیاء کو پکڑنے، سنبھالنے اور قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، بالکل اسی طرح جیسے انسان اپنے ہاتھ استعمال کرتے ہیں۔ دریں اثناء اعلیٰ کارکردگی والی لچکدار الیکٹرانک مصنوعی جلد جو اصل جلد کی طرح لچکدرا ہے ، یہ پھیلنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے ۔یہ چھونے، دباؤ، درجہ حرارت اور دیگر خارجی محرکات کو محسوس کر کے انہیں برقی سگنلز میں تبدیل کر سکتی ہے۔ اگر یہ ٹیکنالوجی روبوٹکس مصنوعات میں استعمال ہو تو یہ روبوٹ کو زیادہ حساس اور حقیقی جیسا بنا سکتی ہے۔
یونٹری جی 1
''26واں چائنہ ہائی ٹیک فیئر ‘‘ایک ہفتہ تک چائنہ کے شہر شنگھائی میں جاری رہا، جس میں 4300 سے زائد نئی ٹیکنالوجیز اور مصنوعات پیش کی گئیں۔روبوٹک ٹیکنالوجیز کے علاوہ، میلے نے چین میں تعلیم، سائنسی تحقیق، اور صنعت کے درمیان گہرے انضمام کو بھی نمایاں کیا گیا۔چائنہ کی معروف کمپنی ہانگژو یوشو ٹیکنالوجی نے اپنے روبوٹک کتے ''یونٹری گو 2‘‘ کے ساتھ اپنا ہیومینائیڈ روبوٹ ''یونٹری جی 1‘‘ بھی پیش کیا ہے۔ ''یونٹری جی 1‘‘ کی قیمت 99ہزار یوآن (تقریباً13,699 ڈالر) سے شروع ہوتی ہے۔ یہ 3ڈی لائیڈار سسٹم سے لیس ہے جو 360 ڈگری ماحولیاتی آگاہی فراہم کرتا ہے اور اپنی شاندار استحکام کے ساتھ، پیچھے سے دھکا دینے پر بھی سیدھے کھڑے رہنے اور نارمل چلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
شنگھائی: خواتین ٹیکنالوجی فیئر میں رکھے گئے سرجری روبوٹ کی آزمائش کر رہی ہیں جو ہر قسم کے آپریشن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بائیں جانب روبوٹ شرکاء سے مصافحہ کر رہا ہے۔
ای ویٹول
''الیکٹرک ورٹیکل ٹیک آف اور لینڈنگ‘‘ (eVTOL) ہوائی جہاز ہوا بازی کی ٹیکنالوجی میں ایک انقلابی تبدیلی ہے ۔ یہ شہری نقل و حمل میں انقلاب لانے، ٹریفک کے رش کو کم کرنے اور روایتی ہوائی جہازوں کے ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے کا وعدہ کرتے ہیں۔یہ جدید ہوائی جہاز اس طرح ڈیزائن کیے گئے ہیں کہ وہ الیکٹرک پروپلشن کی کارکردگی کو عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ کی صلاحیتوں کی ہم آہنگی کے ساتھ یکجا کرتے ہیں، جس سے انہیں شہری ماحول میں کام کرنے کی صلاحیت ملتی ہے جہاں جگہ محدود ہوتی ہے اور روایتی رن وے عملی نہیں ہوتے۔
Exoskeleton Humanoid
ایکسو سکیلٹن روبوٹکس کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کی علامت ہے۔ بالخصوص انسانوں کی جسمانی قوت بڑھانے، توانائی کی بچت اور صنعتی یا طبی مقاصد کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
صفائی کرنے والا روبوٹ
روبوٹکس ٹیکنالوجی میں ہونے والی پیشرفت نے صفائی کے روبوٹس کو زیادہ ذہین اور ورسٹائل بنا دیا ہے۔ اب یہ نہ صرف مختلف سطحوں کو صاف کر سکتے ہیں بلکہ پیچیدہ صفائی کے کام بھی انجام دے سکتے ہیں۔بیرونی دیواروں کی صفائی کرنے والا روبوٹ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ایک خودکار مشین ہے۔ جو عمارتوں کے بیرونی حصے، جیسے شیشے کے پینلز، دھات یا دیگر سطحوں کو صاف کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ خاص طور پر بلند و بالا عمارتوں کی صفائی کیلئے کارآمد ہے، جہاں انسانی رسائی مشکل اور خطرناک ہو سکتی ہے۔جدید سینسرز اور AI ٹیکنالوجی سے لیس یہ روبوٹ خودکار طور پر سطح کی صفائی کرتا ہے اور رکاوٹوں کو پہچان کر ان سے بچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔