سوشل میڈیا کتنا مفید،کتنا نقصان دہ!
سوشل میڈیا کے بے شمار فوائد کے ساتھ ساتھ نقصانات بھی ہیں۔ کوئی بھی آلہ بذات خود اچھا یا برا نہیں ہوتا، اس کا استعمال اسے اچھا یا برا بناتا ہے۔ البتہ کسی بھی شے کا فائدہ اٹھانے کیلئے انسان کا باشعور اور پڑھا لکھا ہونا بہت ضروری ہے۔
سوشل میڈیا کے فوائد
سوشل میڈیا تربیت گاہ: یوں تو بچے کی پہلی تربیت گاہ ماں کی گود ہوتی ہے، اور سوشل میڈیا کے فوائد میں سے ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ آپ اسے تربیت گاہ میں بدل سکتے ہیں۔ اس بارے میں کسی کا قول تھا کہ کمپیوٹر آنے والی نسلوں کو تربیت دے گا۔ اس بات سے کوئی باشعور انسان انکار نہیں کرسکتا۔ موبائل فون کے مختلف ایپس کے ذریعے بچوں کو فائدہ حاصل ہوتا ہے۔
کمائی کا بہترین ذریعہ: اس حقیقت سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا کہ سوشل میڈیا کمائی کا ایک بہترین ذریعہ بھی ہے۔ یوٹیوب پر کافی عرصہ سے لوگ اپنے چینلز کے ذریعہ آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔ خرید و فروخت کے بہت سارے مسائل بھی اس کے ذریعہ آسان ہوچکے ہیں۔
معلومات کا اشتراک: سوشل میڈیا کسی بھی موضوع پر بر وقت معلومات جیسے، صحت، اسپورٹس اور دیگر موضوعات کی اپ ڈیٹس فراہم کرتا ہے۔
ذریعہ حصول تعلیم و تعلم: نوجوان سوشل میڈیا کو تعلیم حاصل کرنے کا ذریعہ بنا کر اس سے تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔ سیکھنے اور معلومات حاصل کرنے والوں کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے، یہاں سے آپ اپنی معلومات میں اضافہ کرسکتے ہیں۔
سوشل میڈیا کے نقصانات
خودنمائی: جب سے اسمارٹ فون میں فرنٹ کیمرہ کا آپشن آیا ہے سیلفی لینے کا رجحان ایک مرض کی طرح نوجوانوں میں پھیل گیا ہے۔ موقع بہ موقع تصویریں لی جاتی ہیں اور انہیں سوشل میڈیا سائٹس پر پوسٹ کیا جاتا ہے۔ سیلفی لینے کے دوران بہت سے نوجوان خطرات سے دوچار ہو کر موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ اسی طرح اسٹیٹس اَپ ڈیٹ کے ذریعے ہر اہم جگہ پر اپنی موجودگی کو ظاہر کرنا بھی بہت مقبول ہے۔ آپ کسی اچھے ریسٹورنٹ میں کھانا کھا رہے ہیں تو فوراً اپنے دوستوں کو یہ بتانا ضروری ہے۔ آپ بیرون ملک سفر کیلئے روانہ ہورہے ہیں تو اس کی اطلاع سب کو ہونی چاہئے۔ ان تمام کا مقصد اپنی ذات کو نمایاں کرنا اور دوسروں کے ذہنوں میں اپنی شخصیت کا خاص تاثر پیدا کرنا ہوتا ہے جس کے نتیجہ میں معاشرے میں غیر محسوس انداز میں مسابقت کی غیر صحتمند دوڑ شروع ہوگئی ہے۔ جس سے ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا رجحان پرورش پا رہا ہے۔
مطالعے سے دوری: اس ڈیجیٹل دور میں ہمیں جتنی آسانیاں فراہم ہو رہی ہیں ہم اتنے ہی کاہل، سست اور ناکارہ ہوتے جا رہے ہیں۔ دراصل ہم اپنے مواد کو آسانی کے ساتھ ڈھونڈ کر اسی پر منحصر ہو جاتے ہیں اور اس سے آگے نہیں سوچتے جس سے ہماری صلاحیتیں محدود ہوتی جارہی ہیں۔ اتنی آسانیاں فراہم ہونے کے باوجود بھی اب ہمارا دھیان مطالعے کی طرف سے ہٹتا جا رہا ہے۔ معلومات میں اضافہ کرنے والی کتابوں کو سرچ کرنے کے بجائے ہمارا زیادہ تر وقت وٹس ایپ، انسٹاگرام اور فیس بک کی نذر ہو رہا ہے۔ بچے اردو کے رسالے اور کہانیاں پڑھنے سے زیادہ موبائل فون پرکہانیاں دیکھنے میںبچوں کی دلچسپی زیادہ ہوتی ہے۔
جھوٹ کا بازار: سوشل میڈیا نے جھوٹی اور من گھڑت اطلاعات کا ایک سمندر تخلیق کر دیا ہے جو کہ کسی حکومتی کنٹرول سے ماورا ہونے کے سبب نہایت تیزی سے پھیل رہا ہے۔
وقت کا ضیاع: سوشل میڈیا نے ہماری نوجوانوں نسل کو اپنے سحر میں ایسا گرفتار کیا ہے کہ ہر وقت اسمارٹ فون کے ذریعے وہ کسی نہ کسی سرگرمی میں مصروف نظر آتے ہیں، وقت گزرنے کا احساس نہیں ہوتا اور انسان ضروری کاموں کی انجام دہی سے محروم رہ جاتا ہے۔ نوجوانوں کی زندگی اسی طرح گزر رہی ہے۔
سوشل میڈیا اور برقی آلات کا استعمال جتنا مفید اور وقت کو بچانے والا ہے اس سے کہیں زیادہ وقت کو ضائع کرنے والا اور نہایت ہی مضر ہے۔ اس لئے سوشل میڈیا کا ضرورت کے مطابق ہی استعمال کریں اور اس کے غلط استعمال سے بھی بچیں ورنہ یہ آپ کا وقت ضائع کرنے کے ساتھ ساتھ آپ کی زندگی بھی برباد کرسکتا ہے۔ غرض اپنے اوپر قابو رکھتے ہوئے اس کا صحیح استعمال کیا جائے۔
ظاہر سی بات ہے کہ وقت کا ضیاع ہمارا مقصد نہیں ہے، اپنے اندر احساس ذمہ داری پیدا کریں اور خود احتسابی کا جذبہ پیدا کریں کہ 24 گھنٹے میں میرا کتنا وقت یوں ہی ضائع ہو رہا ہے اور کوشش کریں کہ اپنوں کے درمیان وقت گزاریں، تنہا نہ رہیں، دینی تعلیم حاصل کرنے اور اپنے بچوں کی اسلامی تربیت کرنے کے لئے کوشاں رہیں۔ ان تمام اقدامات سے معاشرہ تباہی سے بچ سکتا ہے۔