آج کا دن
''اپالو12‘‘کی چاند پر لینڈنگ
19نومبر1969ء کو امریکہ کے دو خلاء بازچارلس پیٹ اور ایلن بین چاند کی سطح پر اترے۔ یہ امریکہ کی جانب سے چاند پر اترنے کا دوسرا واقعہ تھا۔ دونوں خلاء بازوں نے چاند کے ایک مخصوص علاقے ''اوشن آف سٹورمز‘‘(Ocean of Storms) میں تحقیق کرناتھی۔ چارلس پیٹ اور ایلن بین چاند پر چہل قدمی کرنے والے تیسرے اور چوتھے خلاء باز ہیں۔
جاپان اور لیگ آف نیشنز
1931ء میں آج کے روزامریکہ اور دیگر ممالک جس میں لیگ آف نیشنز بھی شامل تھی نے جاپان کے خلاف چین کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا۔یہ فیصلہ اور اتحاد اس لئے کیا گیا تاکہ چائنہ کی مدد سے جاپان کو منچوریا سے نکالا جا سکے۔ جاپان کے زیر انتظام منچوریا پر حملہ کرنے کا منصوبہ اس لئے بنایا گیا کیونکہ جاپان نے معاہدوں کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی افواج کو ممنوعہ علاقوں میں داخل کر دیا تھا۔
کولمبس نے پورٹوریکو دریافت کیا
1493ء میںکرسٹوفر کولمبس نے اپنی دوسری سمندری مہم کے دوران پورٹوریکو دریافت کیا، جس کا پرانا نام ''سان جوان بائوٹیسٹا ‘‘ تھا۔ یہ جزیرہ امریکہ کے زیر تسلط تھا۔ کانگریس نے 1952 ء میں ایک مقامی آئین کی منظوری دی، جس میں جزیرے پر رہنے والے شہریوں کو گورنر کا انتخاب کرنے کی اجازت دی گئی۔ یہاں کی آبادی 32لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔
بل کلنٹن کے مواخذے کا آغاز
مونیکا لیونسکی کے ساتھ جنسی سکینڈل پر 1998 ء میں آج کے روز سابق امریکی صدر بل کلنٹن کیخلاف ایوان نمائندگان کی عدلیہ کمیٹی نے مواخذے کی سماعت شروع کی۔بل کلنٹن امریکہ کے 42ویں صدر کی حیثیت سے 1993ء سے 2001ء تک اپنے عہدے پر فائز رہے۔ دوسرے دورے صدارت میں کلنٹن لیونسکی اسکینڈل کا غلبہ رہا جو 1995ء میں شروع ہواتھا۔بعدازاں انہیں اس الزام سے بری کر دیا گیا۔
انور سادات کا دورہ اسرائیل
19نومبر1977ء کو مصر کے سابق صدر انور سادات نے اسرائیل کا دورہ کیا۔ یہ اسرائیل میں قدم رکھنے والے عرب دنیا کے پہلے لیڈر تھے،اسرائیل کی جانب سے انور سادات کا تاریخی استقبال کیا گیا۔عرب اور دیگر اسلامی ممالک نے انور سادات کے دورہ اسرائیل کی شدید مذمت کی اور اسے عالم اسلام کے مفادات کے خلاف قرار دیا۔
امریکی سڑکوں پر خودکار ٹول مشین
امریکہ میں ہائی ویز پر پہلی مرتبہ خود کار ٹول مشین19نومبر1954ء کو نصب کی گئی۔ اس سے قبل ٹول پلازوں پر ملازمین ٹول اکٹھا کرتے تھے جس کی وجہ سے گاڑیوں کو انتظار کرنا پڑتا تھا اور سڑک پر ٹریفک کا بہاؤ سست ہونے کی وجہ سے لوگوں کو متعدد مشکلات کا سامنا تھا ۔تجرباتی طور پر یہ خود کار ٹول مشین نصب کی گئی تھی ۔