رمضان کے پکوان
سپیشل کباب
اجزاء: آئل حسب ضرورت، پیاز 100 گرام، دودھ تین چمچ بڑے، انڈے چھ عدد، کنول کی جڑیں400گرام، ادرک10گرام، لہسن 10گرام، پودینہ چند پتے، کالی مرچیں حسب منشاء، نمک حسب ذائقہ، ہری مرچیں تین عدد، ڈبل روٹی کا چورا ایک پیالی، ہرا دھنیا حسب منشاء، دار چینی ایک ٹکڑا، لونگ چار عدد، انار دانہ ایک چھوٹا چمچ، الائچی تین عدد، لیموں دو عدد، آلو 400گرام، ٹماٹر تین عدد۔
ترکیب: سب سے پہلے لہسن، پیاز اور ادرک کو چھیل کر باریک کاٹ لیں۔ اس کے بعد کنول کی جڑوں کو چھیل کر ان کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کریں اور ایک برتن میں ڈال کر ان کے ساتھ نمک، مرچ، لہسن اور ادرک کو شامل کریں۔ پھر اس میں پانی ڈال کر چولہے پر رکھیں او ر اُبالیں۔ الائچی، لونگ، انار دانہ اور دار چینی کو ملا کر باریک پیس لیں۔ جب کنول کی جڑیں اُبل جائیں تو برتن کو آگ سے نیچے اتار کر ٹھنڈا کریں۔ اس کے بعد ایک برتن میں تھوڑا سا آئل گرام کریں اس میں پیاز کاٹ کر رکھا ہوا ڈالیں اور ہلکا سرخ کریں۔ پھر اس میں پودینہ اور ہرا دھنیا کاٹ کر ڈالیں جب کنول کی جڑیں ٹھنڈی ہو جائیں۔ تو برتن سے نکال کر ایک سِل پر باریک پیس لیں۔ اب یہ پسی ہوئی کنول کی جڑیں بھی پیاز والے برتن میں ڈال کر ملائیں اور آگ سے نیچے اتار لیں۔ اس کے ساتھ ہی ایک پیالی میں انڈے توڑ کر ڈالیں۔ اس میں کالی مرچیں پیس کر اور نمک ملائیں خوب اچھی طرح پھینٹ لینے کے بعد کنول کی جڑوں والے مصالحے کے ہاتھوں سے کباب بنائیں اور انڈوں میں ڈبو کر رکھیں۔ ایک فرائی پان میں آئل کو گرام کریں اور اس میں یہ کباب ڈال کر تلتے جائیں۔ جب تل جائیں تو نکال کرکسی ڈش میں رکھیں اور ارد گرد ابلے ہوئے آلو کے کٹلس ٹماٹر اور اُبلے ہوئے مٹر رکھ کر گرم گرم کھانے کیلئے پیش کریں۔
روسی سلاد
اجزاء: لیموں دو عد (مناسب سائز)، انڈے دو عدد، سلاد کے پتے حسب ضرورت، نمک حسب ضرورت، سیاہ مرچ حسب ضرورت، کریم 100گرام، مٹر 100گرام، گوبھی 100 گرام، گاجر 250 گرام، چقندر 250گرام، ہرا دھنیا 250گرام،ہری پیاز250گرام، آلو 250گرام، ٹماٹر 250 گرام
ترکیب:کریم کو انڈے پھینٹنے والی مشین سے پھینٹ لیں۔ گوبھی ، مٹر، چقندر، گاجر، ہری پیاز کی پتیاں ابال کر ان میں کالی مرچ ملا لیں اور لیموںنچوڑ لیں۔ آلو کے چپس تل لیں۔ ٹماٹر گول گول کاٹ لیں۔ ابلی ترکاریوں کو پھینٹی ہوئی کریم میں ملا دیں۔ حسب ذائقہ نمک اور سیاہ مرچ ملا لیں پھر ایک بڑی سیدھی پلیٹ لے کر اس میں سلاد کے پتے دھو کر چاروں طرف بچھا دیں۔ اس کے اوپر تیار شدہ کریم والا مکسچر بچھا دیں۔ اوپر کٹے ہوئے ٹماٹر چاروں طرف خوبصورتی سے لگا کر ان پر پیاز کے کٹے ہوئے باریک باریک لچھے رکھ دیں۔ پھر آلو کے چپس اور گول خوبصورت کٹے ہوئے انڈے لگا دیں۔ روسی سلاد تیار ہے۔
سحری کا خاص مشروب
اکثر کہا جاتا ہے کہ روزے میں سحری کے وقت دہی کھا لیا جائے تو سارا دن پیاس نہیں لگتی۔ دہی کے علاوہ بھی کئی ساری چیزیں ہیں جن کو اگر آپ سحری میں کھالیں تو آپ کو پیاس نہیں لگے گی۔اگر آپ سحری میں دودھ میں پانی ملاکے پی لیں تو اس سے بھی آپ کو سارا دن پیاس نہیں لگے گی۔ اس کے علاوہ آپ سحری میں تخم بالنگا کا استعمال ضرور کریں، کیونکہ اس سے ایک تو آپ کو پیاس نہیں لگے گی دوسرا آپ کا سارا دن فریش اور انرجی سے بھرپور ہو گا۔
آپ تخم بالنگا کا استعمال دودھ کے ساتھ کرسکتے ہیں ،ایک گلاس دودھ میں تخم بالنگا شامل کریں اور سحری کے وقت یہ دودھ پی لیں۔ اس مشروب کا استعمال آپ افطار پر بھی کرسکتے ہیں، کیونکہ یہ مشروب آپ کو انرجی فراہم کرنے میں بے حد مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔تخم بالنگا بیشمار فوائد سے مالامال ہے۔ اس میں دودھ کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ کیلشیئم اور نارنجی کے مقابلے میں سات گنا زیادہ وٹامن سی پایا جاتا ہے۔ نظام ہاضمہ کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔