آج کا دن

آج کا دن

اسپیشل فیچر

تحریر :


گوانتانامو بے کی فائلز
گوانتانامو بے کی فائلز 24 اپریل2011ء میں دنیا کے سامنے آئیں اور کئی ایسے انکشافات ہوئے جنہوں نے پوری دنیا کو پریشانی میں مبتلا ء کر دیا۔ 2001ء میں افغانستان پر حملہ کیا گیا اور 2002ء میں گوانتانامو بے حراستی کیمپ قائم کیا گیا۔ دستاویزات میں قیدیوں کے بارے میں درجہ بندی کے جائزے اور انٹرویوز شامل تھے، جنہیں پینٹاگون کی مشترکہ ٹاسک فورس گوانتاناموبے نے لکھا تھا اور اس کا صدر دفتر گوانتانامو بے نیول بیس میں تھا۔ دستاویزات پر ''خفیہ‘‘ اور ''NOFORN‘‘ یعنی ایسی معلومات جو دوسرے ممالک کے نمائندوں کے ساتھ شیئر نہیں کی جاتیں کا نشان لگایا گیا تھا۔دستاویزات میں درج تھا کہ کس طرح سیکڑوں افراد کو بغیر کسی جرم کے کئی سال قید میںرکھا گیا۔
برلن معاہدہ
24اپریل1926ء کو جرمنی اور سوویت یونین کے درمیان برلن میں ایک معاہدے پر دستخط ہوئے جس کے مطابق دونوں ریاستیں غیر جانبداری اور عدم جارحیت کی پابند ہوں گی۔ اس معاہدے کے تحت جرمنی اور سوویت یونین نے پانچ سال کیلئے تیسرے فریق کی طرف سے ایک دوسرے پر حملے کی صورت میں غیر جانبداری کا عہد کیا۔ اس معاہدے نے جرمن اور سوویت معاہدے ''ریپالو 1922ء‘‘ کی توثیق کی۔29 جون 1926 ء کو برلن میں اس معاہدے کی توثیق کا تبادلہ ہوا اور یہ اسی دن سے نافذ العمل ہوا۔
بشپس گیٹ دھماکہ
بشپس گیٹ بم دھماکہ 24 اپریل 1993ء کو ہوا، جب آئرش ریپبلکن آرمی نے لندن شہر کی ایک بڑی سڑک، بشپس گیٹ پر ایک خوفناک ٹرک بم دھماکہ کیا۔ ٹیلی فون پر دھمکیاں تقریباً ایک گھنٹہ پہلے بھیجی گئی تھیں جس کی وجہ سے حفاظتی اقدامات اٹھا لئے گئے تھے اور یہی وجہ تھی کہ دھماکے کی وجہ سے ہلاکتیں کم ہوئیں۔ اس دھماکے میں ایک نیوز فوٹوگرافر ہلاک اور 44 افراد زخمی ہوئے ۔ دھماکے نے قریبی چرچ کو تباہ کر دیا اور لیورپول سٹریٹ سٹیشن اور نیٹ ویسٹ ٹاور بھی تباہ ہو گئے۔دھماکے کے بعد بہت سی کمپنیوں نے حملوں یا اسی طرح کی آفات کی صورت میں ڈیزاسٹر ریکوری پلان متعارف کرایا۔ نقصان کی مرمت پر 350 ملین پاؤنڈز خرچ ہوئے۔ 1994ء میں جاسوسوں کا ماننا تھاکہ وہ ان افراد کی شناخت سے واقف ہیں جنہوں نے یہ حملہ کیا لیکن ان کی گرفتاری کیلئے ان کے پاس ثبوت موجود نہیں تھے۔
وول ورتھ بلڈنگ
وول ورتھ بلڈنگ امریکہ میں ابتدائی طور پر بنائی جانے والی فلک بوس عمارتوں میں سے تھی جسے کاس گلبرٹ نے ڈیزائن کیا تھا ۔ یہ 1913ء سے 1930ء تک دنیا کی سب سے اونچی عمارت تھی، جس کی اونچائی 792 فٹ (241 میٹر) تھی۔ اس کی تعمیر کے ایک صدی سے زیادہ کے بعد تک یہ ریاستہائے متحدہ امریکہ کی 100 بلند ترین عمارتوں میں سے ایک رہی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
فائر وال کیا ہے، کیسے کام کرتا ہے؟

فائر وال کیا ہے، کیسے کام کرتا ہے؟

چین میں حکومتی پالیسی کی وجہ سے سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کا استعمال باقی دنیا کی طرح آسان اور آزاد نہیں ہے۔ 90ء کی دہائی میں جب چین میں انٹرنیٹ عام ہوا تو اس وقت حزب اختلاف میں موجود ڈیموکریٹک پارٹی نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے کیلئے انٹرنیٹ کا استعمال کیا۔ جس کی بنا پر حکومت کو تنقید و منفی پروپیگنڈا کا سامنا کرنا پڑا اور اس وقت حکومت نے اس کا توڑ نکالنے کیلئے سر جوڑ لیے۔ اب اس کا انتظام کرنے کیلئے کمیونسٹ حکومت نے اس انفارمیشن کے بہاؤ کو کنٹرول کرنا تھا جس کیلئے ٹیکنالوجی ایکسپرٹ بیٹھے اور انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنیوں نے اس کا حل انٹرنیٹ ٹریفک کے بہاؤ پر کچھ فلٹر انسٹال کرنے کا مشورہ دیا۔ یہ پہلی نسل کے فائر وال تھے۔ فائر وال اصل میں ایک ایسا سافٹ ویئر ہوتا ہے جو کسی بھی نیٹ ورک پر آنے والی اور اس سے باہر جانے والی ٹریفک کو فراہم کیے گئے رولز کے حساب سے بلاک کرتا ہے یا ترسیل کی اجازت دیتا ہے۔ چین میں 1998ء سے 2006 ء تک وہ پہلا مرحلہ تھا جب ملک میں انٹرنیٹ پر فائروال انسٹال کیا گیا اور 2013ء تک دوسرا مرحلہ تکمیل کو پہنچا۔ یہ فائروال کوئی سادہ یاعام طور پر استعمال ہونے والا فائروال نہیں ہے بلکہ اس میں جو ایک چیز سب سے اہم استعمال کی جاتی ہے وہ''ڈیپ پیکٹ انسپیکشن‘‘(Deep packet inspection) ہے۔پیکٹ کیا ہے؟انٹرنیٹ پر انفارمیشن کا تبادلہ پیکٹس کی صورت میں ہوتا ہے جس میں دو چیزیں ہوتی ہیں، ایک ''پیکٹ ہیڈر‘‘(Packet Header) اور دوسرا''پیکٹ پیلوڈ‘‘(Packet Payload) پہلے میں بھیجنے والے اور موصول کرنے والے کا ایڈریس، پروٹوکول، پورٹ اور سکیورٹی انفارمیشن ہوتی ہے جبکہ پے لوڈ پیکٹ میں اصل میسج یا بھیجی گئی معلومات ہوتی ہیں۔ عام طور پر فلٹر یا فائروال میں پیکٹ کا صرف ہیڈر چیک کیا جاتا ہے اور اس پر ٹریفک رولز کے حساب سے عمل کیا جاتا ہے اس کو Shallow packet inspection )کہا جاتا ہے۔ میسج کے اندر کیا ہے وہ چیک نہیں کیا جاتا لیکن DPI کی صورت میں پیکٹ کا اصل میسج بھی چیک کیا جاتا ہے۔یہ ایک الگ بحث ہے کہ یہ انسپکشن صارفین کی پرائیویسی کا خیال نہیں کرتی۔ڈیپ پیکٹ انسپیکشن کیلئے انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنیوں(ISPs) کے آلات میں مخصوص سافٹ وئیر اور ہارڈوئیر انسٹال کیے جاتے ہیں۔ DPIکا مقصد انٹرنیٹ ٹریفک کی جانچ کرکے کوالٹی کو بہتر بناناہے۔چند دن پہلے یورپی یونین نے ایک بل پیش کیا ہے جس میں Child abuse کے متعلق مواد کو سکین کرنے کیلئے ایک ایسا سسٹم متعارف کروایا جائے گا۔ آپ نے Encryptionکے بارے بھی سنا ہوگا مثلاً وٹس ایپ End-to-end encryption کا استعمال کرکے چیٹ کرنے والوں کے درمیان معلومات کو ایسے انکوڈ کرتا ہے کہ ان دونوں کے سوا کوئی اس کو پڑھ نہیں سکتا۔ابھی تک وٹس ایپ کی اس انکرپشن کو محفوظ مانا جاتا ہے کیونکہ امریکی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی کئی بار وٹس ایپ کی کمپنی میٹا کو عدالت کے ذریعے درخواست کرچکی ہے کہ اس کو معلومات تک رسائی دی جائے لیکن وٹس ایپ نے انکار کیا ہے۔ایسی محفوظ ایپلی کیشنز کا حل یہ نکالا جاتا ہے کہ ان پر پابندی لگا دی جائے اور اس کی جگہ ایسی ایپ لانچ کی جائے جس کی نگرانی آسان ہو، جیسا کہ چین میں ہے۔ اس قسم کی انسپکشن سے کسی بھی ملک میں انٹرنیٹ پر چلتے ٹرینڈز، مخصوص ایپلی کیشن اور ویب سائٹ تک رسائی کو بلاک کیا جا سکتا ہے۔ کوئی بھی حکومت یا ادارہ اپنے ملک میں اپنے شہریوں کی انٹرنیٹ سرگرمیوں پر نظر رکھ سکتا ہے۔ اس مقصد کیلئے مخصوص الفاظ سے مخصوص ویب سائٹس تک رسائی اور سوشل میڈیا پر چلتے ٹرینڈ کو روک کر اور ایپلی کیشن کو سست بنا کر عوام کو ایک حصار میں بند کیا جاتا ہے۔کیا فائروال سے بچناممکن ہے ؟ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں وی پی این کا استعمال ٹویٹر کی بندش کے بعد بڑھ گیا ہے۔ جب کوئی وی پی این استعمال کرتا ہے تو اس کی ساری ٹریفک وی پی این سرور کی طرف جاتی ہے۔ وی پی این خود سے بھی انٹرنیٹ کو سست بناتے ہیں۔ ہمارے جیسے ملک میں واٹس ایپ یا دوسری سوشل میڈیا ایپس کو لمبے عرصے تک بند رکھنا ممکن نہیں ہوتا کیونکہ وہ کمپنی لاکھوں کروڑوں صارفین سے محروم ہو جاتی ہے۔ اگر ان سب باتوں کا خلاصہ پیش کروں توپاکستان میں انسٹال ہونے والے فائروال کا مقصد ملک میں انٹرنیٹ پر شیئر کیے جانے والے مواد کو فلٹر کرنا ہے۔ سوشل میڈیا پر حکومت اور اداروں کے خلاف مواد کو روکنا ہے نیز ملکی سلامتی کے پیش نظر ریاست مخالف پروپیگنڈا کی روک تھام اور ایسی تمام ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز کو بلاک کرنا جو کسی خاص نظریہ کو یا ملکی مفاد کے منافی مواد کے پھیلاؤ کا باعث بنیں۔وقاص ریاض قائد اعظم یونیورسٹی میں فزکس کے طالب علم ہیں، سائنسی امور پر ان کے مضامین اخبارات اور ویب سائٹس پر شائع ہوتے ہیں  

آج کا دن

آج کا دن

انسولین کی ایجاد 27 جولائی 1921ء ٹورنٹو یونیورسٹی کے بائیو کیمیا دان فریڈریک بینٹنگ اور ان کے ساتھیوں نے انسولین دریافت کی۔ فریڈریک بینٹنگ ہڈیوں کے سرجن تھے اور انہوں نے یہ دریافت ایک کتے کے لبلبے پر تجربات کے بعد کی۔جس میں پروفیسر میک لیوڈ (Macleod) اورچارلس نے ان کی معاونت کی۔27 جولائی 1921ء کو انسولین کی دریافت سے پہلے ذیابیطس ایک مہلک بیماری تھی، یہ جسے ہو جاتی وہ فقط چند برسوں کا مہمان ثابت ہوتا۔جیٹ انجن سے لیس طیارے کی پہلی اڑان 27 جولائی 1949ء کو دنیا کے پہلے جیٹ انجن سے لیس مسافر بردار طیارے نے اپنی پہلی کامیاب پرواز کی۔''ڈی ہیولینڈ ڈی ایچ 106‘‘ دنیا کا پہلا کمرشل جیٹ ہوائی جہاز ہے۔اس میں چار ڈی ہیولینڈ گھوسٹ ٹربو جیٹ انجن نصب تھے۔ اس کے مسافر کیبن پرسکون اور آرام دہ تھے ۔اس نے اپنی پہلی تجارتی پرواز مئی 1952ء میں بھری ۔جنیوا کنونشنجنگی قیدیوں سے متعلق جنیوا کنونشن پر 27 جولائی 1929 ء کو جنیوا میں دستخط ہوئے ۔ اس کا سرکاری نام جنگی قیدیوں کے ساتھ سلوک کے حوالے سے کنونشن تھا جبکہ یہ 19 جون 1931ء کو نافذ ہوا۔اس کنونشن میں دوسری عالمی جنگ کے قیدیوں کے ساتھ سلوک کا احاطہ کیا گیا۔جنگی قیدیوں کے ساتھ سلوک سے متعلق دفعات 1899ء اور 1907ء کے ہیگ کے ضوابط میں موجود تھیں۔ پہلی جنگ عظیم کے دوران اس میں کئی خامیوں کے ساتھ درستگی کا بھی انکشاف کیا گیا۔ائیر شو حادثہ27جولائی2015ء کو یوکرین میں ہونے والے فضائی شو میں ایک حادثہ پیش آیا۔یہ شو یوکرین کی فضائیہ کے زیر اہتمام کروایا گیا تھا۔ اس میں ایک جہاز اپنی محارت دکھاتا ہوا ائیر فیلڈ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔اس حادثے میں 77افراد جان بحق جبکہ543کے قریب زخمی ہوئے۔ 100افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔یہ حادثہ دنیا میں کسی بھی ائیر شو کے دوران ہونے والے حادثات میں سب سے بھیانک تصور کیا جاتا ہے۔اس ائیر شو کو دیکھنے کیلئے 10ہزار افراد موجود تھے۔ سی زیروک قتل عام27جولائی 1997ء کو الجزائر میں لاربا کے جنوب میں سی زیروک محلے میں ایک قتل عام کیا گیا جسے زیروک قتل عام کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔اس میں تقریباً 50لوگ مارے گئے۔ 1997ء میں الجزائر خانہ جنگی کے عروج پر تھا۔دو بڑے گوریلا گروہ حکومت سے لڑائی میں مصروف تھے۔اس حملے سے قبل گاؤں کی بجلی کو منقطع کر دیا گیا اور آرمی بیرکس کے قریب حملہ کیا گیا۔ اس حملے کو الجزائر کی خانہ جنگی کے دوران کئے جانے والے حملوں میں سب سے زیادہ خطرناک سمجھا جاتا ہے۔ 

کامیاب افراد میں کیا خوبیاں ہوتی ہیں!

کامیاب افراد میں کیا خوبیاں ہوتی ہیں!

کامیابی کیلئے خود کو متحرک کرنا دراصل اپنے مقصد کو حاصل کرنے کی شدید خواہش کا نتیجہ ہے۔ نپولین بل نے اپنی معروف کتاب Think and Grow Richمیں لکھا ہے: '' انسانی دماغ جو کچھ سوچ سکتا ہے، جس پر یقین رکھتا ہے وہ حاصل کر سکتا ہے۔‘‘شدید خواہش اس مقصد کے حصول کا افتتاحی عمل ہے جس کیلئے آپ نے قدم بڑھایا ہے، جس طرح تھوڑی سی آگ سے حرارت حاصل نہیں کی جا سکتی اسی طرح کمزور خواہش سے بڑے نتائج حاصل نہیں ہو سکتے۔ کامیاب افراد جانتے ہیں کہ زندگی میں وہ کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں، ان کے سامنے زندگی کا مقصد جتنا واضح ہوتا ہے اتنی ہی شدید اس مقصد کو حاصل کرنے کی لگن بھی ہوتی ہے۔کمٹمنٹدیانت اور دانائی دو ایسے ستون ہیں جن پر ذمہ داری اور کمٹمنٹ کی تعمیر ہوتی ہے۔ مکمل ذمہ داری اٹھائے بغیر کوئی مقصد اپنی تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا۔ زندگی کیسے بھی حالات سے گزر رہی ہو کامیاب افراد اپنی کمٹمنٹ کبھی نہیں بھولتے۔احساسِ ذمہ داریبہترین کردار کے لوگ ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ وہ خود فیصلہ کرتے ہیں اور اپنی زندگی کی منزل خود متعین کرتے ہیں۔ ذمہ داریوں کو قبول کرنا کبھی کبھار رسک لینے کے مترادف ہو تا ہے اور ایسا کرنا زندگی میں مشکلات کاباعث بھی بن سکتا ہے۔ بعض اوقات حالات غیر مطمئن بھی ہو جاتے ہیں۔ جب ذمہ داری قبول کی جاتی ہے تو نپے تُلے انداز میں خطرے بھی مول لینے پڑتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لوگوں کی اکثریت ذمہ داریاں قبول نہیں کرتی۔ وہ اپنے کمفرٹ زون میں رہنا پسند کرتے ہیں اور ایک غیر فعال زندگی گزارتے رہتے ہیں۔ ایسے لوگ بجائے چیزوں کو خود بنانے کے خود بخود سب کچھ ہو جانے کے انتظار میں ساری عمر گنوا دیتے ہیں۔ ذمہ داری لینا دراصل آنکھیں کھلی رکھنے کا نام ہے ،جہاں ایک ایک چیز ایک ایک حرکت پر نظر رکھنی پڑتی ہے تاکہ مناسب اور صحیح قدم اٹھایا جا سکے۔ ذمہ دار افراد دنیا سے توقعات نہیں رکھتے بلکہ وہ اپنی ضروریات کی ذمہ داری خود اٹھاتے اور پوری کرتے ہیں۔سخت محنتکامیابی کبھی بھی حادثاتی طور پر حاصل نہیں ہوتی۔ اس کیلئے بہت سی تیاری، ذہانت و محنت کی ضرورت ہوتی ہے ۔ہر شخص جیتنا چاہتا ہے لیکن کتنے لوگ ہیں جو حقیقت میں اس جیت کیلئے محنت ، کوشش، وقت اور ہمت صرف کرتے ہیں؟ کامیابی کا سفر قربانی اور نظم و ضبط مانگتا ہے، جہاں سخت محنت کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔ محنت کے بغیر کوئی بھی کام سرانجام نہیں دیا جا سکتا۔ کامیاب لوگ یہ نہیں کہتے کہ ہم تھوڑا کام کریں گے بلکہ وہ یہ پوچھتے ہیں کہ کتنا زیادہ کام کرنا ہے؟ جیتنے والوں کو جیتنے کیلئے بہت مدت تک محنت کرنی پڑتی ہے۔ اعلیٰ کارکردگی قسمت سے حاصل نہیں ہوتی یہ شدید محنت اور مشق کا نتیجہ ہوتی ہے اور ہمیں بہترین بنا دیتی ہے۔ بہترین خیالات اس وقت تک بے کار ہیں جب تک ان پر عمل نہ کیا جائے، محنت نہ کی جائے۔ انسان جتنی زیادہ محنت کرتا ہے اتنا اچھا محسوس کرتا ہے اور جتنا اچھا محسوس کرتا ہے اتنی ہی زیادہ محنت کرتا ہے۔بہترین کردارکردار دراصل کسی بھی انسان کی اقدار، یقین اور شخصیت کا نچوڑ ہوتا ہے۔ یہ ہمارے رویے اور حرکات و سکنات سے منعکس ہوتا ہے۔ اس کی حفاظت دنیا کے سب سے قیمتی لعل و جوہر سے بھی زیادہ کرنی پڑتی ہے۔ کامیابی کے راستے پر ثابت قدمی سے چلنے اور خود کو بچانے کیلئے خود ارادی اور کوشش کی ضرورت ہوتی ہے۔ کامیابی کی راہ میں اہلیت اور کردار کا ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ جہاں اہلیت کامیابی تک پہنچاتی ہے وہاں کردار اس کامیابی کو برقرار رکھتا ہے۔مثبت یقینمثبت سوچ اور مثبت یقین میں بہت فرق ہے۔ مثبت یقین، مثبت سوچ سے کہیں زیادہ بڑھ کر ہے۔ مثبت یقین، مثبت سوچ کو پروان چڑھانے کی وجہ مہیا کرتا ہے۔ مثبت یقین اپنی ذات پر کامل یقین اور بھروسہ کا نام ہے۔ یہ ایک با اعتماد رویہ ہوتا ہے۔ مثبت رویہ بغیر کوشش کے بالکل ایسا ہے جیسے آپ کا ایک من پسند خواب یا خواہش جس کو مکمل کرنے کیلئے ابھی تک آپ نے کوئی اقدام نہیں کیا۔ اس خواب کو پورا کرنے کیلئے آپ کو مثبت یقین کی ضرورت ہوتی ہے۔مستقل مزاجی کی طاقتکامیابی کا سفر آسان نہیں ہے۔ اس میں بہت مشکلات بھی ہیں لیکن کامیاب افراد میں ان تمام مشکلات کا سامنا کرنے اور حل کرنے کی ہمت اور اہلیت ہوتی ہے۔ ثابت قدمی کا مطلب کمٹمنٹ اور ارادہ ہے جہاں صبرو تحمل اور برداشت سے کام لینا پڑتا ہے۔ مستقل مزاجی اور کمٹمنٹ آپ کا فیصلہ ہے۔ ایک ایتھلیٹ صرف چند منٹوں کی ریس جیتنے کیلئے سال ہا سال مشق کرتا ہے۔مستقل مزاجی آپ کی کمٹمنٹ ہے اس کام کو پورا کرنے کی جو آپ نے شروع کیا ہے جب ہم تھک جاتے ہیں تو کام سے دستبردار ہو جانا بہت اچھا لگتا ہے لیکن کامیاب افراد برداشت کرتے ہیں اور اپنے کام میں ثابت قدم رہتے ہیں۔ ثابت قدمی کسی خاص مقصد سے جنم لیتی ہے۔ بے مقصد زندگی بے معنی ہو جاتی ہے کیونکہ جس شخص کی زندگی کا کوئی مقصد نہیں تو نہ ہی اس کے اندر اس کو پورا کرنے کی خواہش اور لگن ہو گی اور نہ ہی وہ اپنی زندگی کو بھرپور طور پر انجوئے کر سکے گا۔اپنی کارکردگی پر فخراپنی کارکردگی پر خود کو شاباش دینا بھی خوشی کا ایک حصہ ہے کیونکہ سخت محنت، سچی لگن، ایمانداری اور مستقل مزاجی ہی کی وجہ سے آج آپ کو کوئی مخصوص کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ کام خواہ کوئی بھی ہو جب وہ بہترین انداز میں کیا گیا ہو تو اس کو سراہا جانا لازمی ہے۔ جیتنے والے کوئی مختلف کام نہیں کرتے بلکہ وہ تو مختلف انداز سے کام کرتے ہیں۔ 

ہیپا ٹائٹس سی ٹیسٹ کٹ کی منظوری

ہیپا ٹائٹس سی ٹیسٹ کٹ کی منظوری

عالمی ادارہ صحت (WHO) نے لوگوں کو ہیپا ٹائٹس سی وائرس کا خود ٹیسٹ کرنے کے لیے تیار کردہ کِٹ کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔ماہرین کا ماننا ہے کہ اس طرح بیماری کی تشخیص میں کافی مدد ملے گی ۔WHO میں ایچ آئی وی، ہیپا ٹائٹس اور ایس ٹی آئی پروگراموں کے شعبے کی ڈائریکٹر ڈاکٹر میگ ڈورتھی کے مطابق اس ٹیسٹ کٹ سے ایچ سی وی کی جانچ اور علاج کی جانب اہم پیش رفت ہو سکتی ہے اور اس سے کئی جانیں بچائی جاسکیں گی۔بقول ان کے '' بیماری کی تشخیص اور علاج یقینی بنانے سے بالآخر ایچ سی وی کے خاتمے کے عالمگیر ہدف کو حاصل کرنے کا محفوظ و موثر راستہ میسر آیا ہے‘‘۔ڈاکٹر ڈورتھی کا کہنا ہے کہ وائرس سے پھیلنے والے ہیپاٹائٹس سے روزانہ 3500 اموات ہوتی ہیں۔ علاوہ ازیں، ہیپا ٹائٹس سی میں مبتلا پانچ کروڑ لوگوں میں سے 36 فیصد میں ہی اس بیماری کی تشخیص ہو پاتی ہے۔ 2022ء کے اختتام تک ان میں سے صرف 20 فیصد لوگوں کو علاج معالجہ میسر آیا تھا۔ہیپا ٹائٹس سی جگر کو متاثر کرتا ہے اور شدید و طویل بیماری کا سبب بن سکتا ہے جس سے جان بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔یہ بیماری متاثرہ خون کے ذریعے پھیلتی ہے اور استعمال شدہ سوئیاں ‘ سرنجیں اور استرے اس کا بڑا ذریعہ ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ جانچ کے بغیر خون کی منتقلی بھی اس بیماری کی ایک سے دوسرے فرد کو منتقلی کا باعث بن سکتی ہے۔ WHO کے مطابق اس وقت دنیا میں تقریباً پانچ کروڑ افراد شدید نوعیت کے ہیپا ٹائٹس سی میں مبتلا ہیں اور ہر سال اس بیماری کے تقریباً 10 لاکھ نئے مریض سامنے آتے ہیں۔ 2022 میں اس بیماری سے تقریباً 242,000 لوگوں کی اموات ہوئی تھیں جن میں بیشتر تعداد جگر کے بنیادی کینسر میں مبتلا تھی۔ WHOنے 2021 ء میں اس ٹیسٹ کی سفارش کی تھی تاکہ بیماری کی جانچ سے متعلق موجودہ خدمات کو مزید موثر بنایا جا سکے۔ یہ فیصلہ ایسی واضح شہادتوں کی بنیاد پر کیا گیا کہ اس سے بیماری کی جانچ اور تشخیص سے متعلق خدمات تک رسائی اور ان کے حصول میں بہتری آئے گی۔ خاص طور پر اس سے ایسے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا جو وائرس کا ٹیسٹ نہیں کرواتے۔WHO میں شعبہ ضوابط و منظوری کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ایچ سی وی ٹیسٹ کٹ کی دستیابی سے کم اور متوسط درجے کی آمدنی والے ممالک کو محفوظ اور سستے انفرادی ٹیسٹ کی سہولت میسر آئے گی جو کہ اس بیماری میں مبتلا 90 فیصد لوگوں کی نشاندہی کا ہدف حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے۔وائرل ہیپاٹائٹس عالمی سطح پر اموات کی آٹھویں سب سے بڑی وجہ ہے اور 2015 میں ایک اندازے کے مطابق13 لاکھ سے زیادہ اموات کا ذمہ دار تھا۔ عالمی سطح پر تقریباً 25 کروڑ افراد ہیپاٹائٹس بی اور سات کروڑ ہیپاٹائٹس سی سے دائمی طور پر متاثر ہیں۔ اس شرح سے2015 اور 2030 کے درمیان ایک اندازے کے مطابق دو کروڑ اموات واقع ہوں گی۔ اس بیماری کے 80 فیصد مریض پاکستان اور مصر میں ہیں۔ پاکستان میں تقریباً ایک کروڑ سے زائد افراد ہیپاٹائٹس بی یا سی میں مبتلا ہیں اور ہر سال تقریباً ڈیڑھ لاکھ نئے کیسز سامنے آتے ہیں۔ایک اندازے کے مطابق پاکستان کی 4.3 فیصدسے 11.5فیصد تک آبادی ہیپا ٹائتس سے متاثر ہے۔ اس طرح پاکستان ہیپاٹائٹس سی کے انفیکشن کے لیے دنیا میں دوسرے نمبر پر آتا ہے اور ہر 20 میں سے ایک پاکستانی اس مرض سے متاثر ہے۔اس بیماری کو خاموش قاتل کہا جاتا ہے کیونکہ بہت سے مریض پیچیدگیاں پیدا ہونے سے پہلے اس سے معاملے میں لاعلم ہوتے ہیں۔  

آج کا دن

آج کا دن

معاہدہ لوزان لوزان کا معاہدہ 1922-23ء کی لوزان کانفرنس کے دوران طے پایا اور 24 جولائی 1923ء کو پالیس ڈی رومین، لوزان، سوئٹزرلینڈ میں اس پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے نے سلطنت عثمانیہ اور اتحادی فرانسیسی جمہوریہ، برطانوی سلطنت، سلطنت اٹلی، سلطنت جاپان، سلطنت یونان اور سلطنت رومانیہ کے درمیان پہلی جنگِ عظیم کے آغاز کے بعد سے موجود تنازعات کو باضابطہ طور پر طے کیا۔ معاہدے کا اصل متن فرانسیسی زبان میں ہے۔ یہ سیوریس کے ناکام اور غیر توثیق شدہ معاہدے کے بعد امن کی دوسری کوشش کا نتیجہ تھا۔ جس کا مقصد عثمانی زمینوں کو تقسیم کرنا تھا۔ اپالو 11 کی واپسی1969ء میں آج کے روز چاند کے کامیاب مشن سے واپسی پر اپالو 11 بحفاظت اوقیانوس میں اتارا گیا۔ اپالو 11 مشن16 جولائی 1969 کو فلوریڈا کے کینیڈی سپیس سنٹر سے Saturn V راکٹ کے ذریعے تین خلا بازوں کو لے کر چاندکے لیے روانہ ہوا۔ یہ تینوں خلاباز نیل آرم سٹرانگ، مائیکل کولنز، ایڈون ایلڈرن اپالو 11 کے تاریخ ساز مشن کے ذریعے چاند تک پہنچے۔یہ پورا مشن 8 دن جاری رہا اور 24 جولائی کو یہ امریکی خلائی جہاز ریاست ہوائی میں ہوائی میں بحر اوقیانوس میں بحفاظت زمین پر واپس اترآیا۔ماچو پچو کی دریافت 1911ء میں امریکی ایکسپلورر ہیرام بنگھم نے پیرو میں ایک مہم کے دوران ماچو پچو، انکاس کا کھویا ہوا شہر دریافت کیا۔ ماچو پچو ایک قدیم انکا قلعہ ہے جو اینڈیز پہاڑوں میں بلندی پر واقع ہے۔اس سائٹ کے قابل ذکر تحفظ اور شاندار فن تعمیر نے اسے دنیا کے سب سے مشہور آثار قدیمہ میں سے ایک بنا دیا ہے۔ ہیرام بنگھم کی اس دریافت نے انکا تہذیب کی طرف بین الاقوامی توجہ دلائی اور ان کی ثقافت اور کامیابیوں کے بارے میں لوگوں کی سمجھ بوجھ کو نمایاں طور پر آگے بڑھایا۔ائیر الجیریا حادثہ24جولائی 2014ء کو ائیر الجیریا کا جہاز گوسی مالی کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔اڑان بھرنے کے تقریباً50منٹ بعد جہاز کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے منقطع ہو گیا۔ جہاز میں موجود تمام مسافر ہلاک ہو گئے۔ فرانسیسی بیورو آف انکوائری اینڈ اینالیسس فار سول ایوی ایشن سیفٹی نے مالی کے حکام کی مدد کرتے ہوئے اپریل 2016ء میں ایک تحقیقاتی رپورٹ شائع کی جس میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا تھا کہ جب طیارہ آٹو پائلٹ پر سفر کر رہا تھا انجنوں پر برف پڑنے کی وجہ سے دباؤ میں کمی واقع ہوئی۔ اس حادثے کا ذمہ دار عملے کو بھی قرار دیا گیا جن کی لاپرواہی کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔  

ایموجی:دورجدید کی ڈیجیٹل زبان

ایموجی:دورجدید کی ڈیجیٹل زبان

زمانۂ قدیم میں پہلے پہل انسان نے غاروں ،جنگلوں اور پہاڑوں میں اکیلا رہنا شروع کیا تھا۔ رفتہ رفتہ جب اسنے اکٹھا رہنا شروع کیا تو اسے ایک دوسرے سے رابطے اور مخاطب کے لئے '' زبان ‘‘(لینگویج ) کی ضرورت محسوس ہوئی اور اسنے زبان (لینگویج) کو رواج دیا۔وقت کے ساتھ ساتھ اسنے بستیوں ، پھر شہروں کو رواج دیا تو ہر بستی اور ہر شہر کی زبان تھوڑی بہت مختلف ہوتی چلی گئی۔ پھر جب شہر، ملکوں اور خطوں میں بٹے تو سرحدوں کا رواج شروع ہوا اور یوں زبانوں کی تعداد بھی بدستور بڑھتی چلی گئی۔ آج اس روئے زمین پر پھیلے انسانوں کی زبانوں کی تعداد کروڑوں سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔ ایک طرف زبانوں میں اضافہ ہوتا چلا گیا تو دوسری طرف سائنسی ترقی کا پہیہ بھی تیز سے تیز ہوتا چلا گیا۔ سائنس نے ٹیکنالوجی کو جنم دیا تو ٹیکنالوجی نے انسان کا ہاتھ تھام لیا۔ ٹیکنالوجی انسان کی زندگی میں داخل کیا ہوئی کہ اس نے رفتہ رفتہ انسان کو ایسا سہل پسند بنا ڈالا کہ یہ انسانی زندگی کا جزو لا ینفک بن کر رہ گئی۔ اس جزو لاینفک کی ابتدائی جدید شکل کمپیوٹر کے نام سے شروع ہوئی۔ چنانچہ اس کمپیوٹر سے کام لینے اور مخاطب کرنے کے لئے انسان نے ایک مشینی زبان کو رواج دیا ۔ اور یوں آج یہی کمپیوٹر مختلف اشکال میں تقریباً ہر گھر اور ہرشخص کے ہاتھ میں نظر آتا ہے ۔ کمپیوٹر نے سب سے پہلے خطوط ، ٹیلی گرام ، عید کارڈ اور پرانے وقتوں کے رابطے کے دیگر ذرائع کو رخصت کیا۔سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی نے لوگوں کے مابین برقی رابطے کو نہایت مضبوط بنایا۔میسج یا ای میل کی ابتدائی تاریخ میں اپنے احساسات کو مؤثر طریقے سے بیان کرنا محال تھا۔ لیکن اس مشینی دور میں جب انسان کے پاس چند لائنیں ٹائپ کرنے کا بھی وقت نہ بچا تو اس نے اپنا مقصد ، اپنے جذبات اور اپنا پیغام کمپیوٹر یا موبائل فون کے کی بورڈ پر بنی مخصوص اشکال کے ذریعے صرف ایک کلک کے ذریعے بھیجنے کو رواج دیا۔ چنانچہ آج کی بورڈ پر بنی یہی اشکال اس کی پیغام رسانی اور ترجمانی کا ذریعہ بن چکی ہیں۔ سوشل میڈیا کی دنیا میں ان اشکال کو ایموجی کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ایموجی کیا ہے ، کہاں سے اور کیسے شروع ہوا ؟ایموجی بنیادی طور پر ایک جاپانی لفظ ہے۔ جاپانی لفظ '' ای ‘‘ کا مطلب تصویر ہے جبکہ ''موجی‘‘ کے معنی مطلب کا کردار، کے ہیں۔ لفظ ایموجی سب سے پہلے آکسفورڈ ڈکشنری میں 2017ء میں ظاہر ہوا تھا جس کے معنی کچھ اس طرح سے بیان کئے گئے تھے : ''ایک چھوٹی ڈیجیٹل تصویر یا آئیکان جو کسی خیال یا جذبات کو ظاہر کرنے کیلئے استعمال ہوتا ہے ‘‘۔شیگیٹاکا کوریٹا جو جاپان کی ایک انٹرنیٹ کمپنی کا ملازم تھا ۔ نے 1999 میں دنیا کا پہلا ایموجی تیار کیا تھا۔دراصل کوریٹا کا مقصد بہت زیادہ الفاظ ٹائپ کئے بغیر اپنا مقصد اپنے مخاطب تک محض ایک چھوٹی سی تصویر کے ذریعے پہنچانا تھا۔ پہلا ایموجی موسم کی ترجمانی کرنے والا ایموجی تھا۔ اس کے بعد یہ رفتہ رفتہ جاپانی موبائل فون اور کمپیوٹرز پر عام ہوتے چلے گئے۔یہ ایموجی انتہائی سادہ اور محدود ہوا کرتے تھے مثلاًسٹریٹ سائن ، بلب ، بادل ، سورج ، چاند اور بارش وغیرہ۔رفتہ رفتہ ایموجیز کا استعمال بڑھتا چلا گیا اور یوں یہ ایک نئی الیکٹرونک اور ڈیجیٹل زبان کا درجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ۔ ان کی کامیابی کے پس پردہ ایک چھوٹی سی تصویر یا نشان کے ذریعے اپنے احساسات یا جذبات کی ترسیل تھا ۔مثلاً اب آپ کو یہ کہنے یا لکھنے کی ضرورت نہیں ہے کہ مجھے ہنسی آ رہی ہے ، بس آپ کو اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر کی سکرین پر محض ہنسی والی ایموجی ڈالنا ہے ، آپ کا مخاطب آپ کی بات سمجھ جائے گا۔ چہرے کے ایموجی تو بہت پہلے ایجاد چکے ہو تھے مگر سب سے مقبول مسکراہٹ والا ایموجی 2017ء میں ہاروے راس نامی ایک گرافک ڈیزائنر نے ایجاد کیا تھا۔ چہرے کے تاثرات کے سب سے زیادہ ایموجیز ہاروے کے ایجاد کردہ ہیں۔ایموجی پیڈیا کے مطابق ، ایپل ، گوگل ، فیس بک ، ٹوئٹر ، انسٹا گرام ، وٹس ایپ ، وائبر ، چیٹ ایپلی کیشنز میسیجز سمیت موبائل کمپنیز کی جانب سے 2666 اقسام کے ایموجی دنیا بھر میں استعمال ہو رہے ہیں۔ اگرچہ ایموجی ویسے تو 1999ء سے استعمال ہو رہے ہیں لیکن موبائل فون میں سب سے پہلے سن 2011 میں ایپل کمپنی نے متعارف کرائے تھے۔ یہاں یہ بتانا ہوگا کہ ایموجیز کا اجرا بین الاقوامی طور پر باقاعدہ ایک ضابطے اور سسٹم کے تحت عمل میں آتا ہے جس کی منظوری ایک بین الاقوامی ادارہ '' یونی کوڈ کنسورشیم ‘‘ دیتا ہے۔ 2007ء میں گوگل نے یونی کوڈ کنسورشیم سے بین الاقوامی طور پر ایموجیز کی باقاعدہ طور پر منصوبہ بندی کی گزارش کی؛چنانچہ 2009ء میں ایپل کمپنی نے ایموجیز پر کام کرنا شروع کیا اور2011ء کے آس پاس ایپل کے انجینئرز 650 ایموجیز پر مشتمل پہلا کی بورڈ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ 2015ء میں برطانوی سافٹ وئیر کمپنی'' سوفٹ کی‘‘ (Swiftkey) کے انجینئرز نے مل بیٹھ کر ایموجیز کو عالمی استعمال میں سہل اور فعال بنانے میں نئی جہتیں متعارف کرائیں۔ انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کو وقت کی قلت کے پیش نظر اب الفاظ کی بجائے ایموجیز کا سہارا لینا پڑتا ہے کیونکہ طرح طرح کے ایموجیز اب ہر طرح کے جذبات کی بہترین ترجمانی کرنے کے لئے ہمارے کی بورڈز پر موجود ہیں۔مثلاًاگر کوئی خوش ہے ، بیمار ہے ، غصے کی حالت میں ہے یا افسوس کی حالت میں ہے تو انٹرنیٹ کی دنیا میں ہر قسم کے ایموجیز موجود ہیں جن کے استعمال کے بعد مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں رہتی۔ ایک رپورٹ کے مطابق صرف فیس بک کے ذریعے ایک دن میں 6ارب سے زائد ایموجیز استعمال ہوتے ہیں جبکہ ٹوئٹر ، انسٹاگرام ، وٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا اکاونٹس اس کے علاوہ ہیں ۔گویا دنیا بھر میں ہر ایک سیکنڈ میں صرف فیس بک پر 70 ہزار ایموجیز استعمال ہوتے ہیں۔ایک اور سروے میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ استعمال ہونے والا ایموجی آنسووں کے ساتھ ہنستا ہوا چہرہ ہے۔جو دن میں کروڑوں کے حساب سے حرکت میں رہتا ہے۔ورلڈ ایموجی ڈے 17 جولائی کو دنیا بھر میں '' ورلڈ ایموجی ڈے ‘‘ ہر سال باقاعدگی سے منایا جاتا ہے۔ سب سے پہلا '' ورلڈ ایموجی ڈے ‘‘ 17 جولائی 2014ء کو منایا گیا۔اس مخصوص دن کو منانے کی وجہ یہ تھی کہ اگر ایموجی میں کیلنڈر کو استعمال کیا جائے تو اس میں 17 جولائی کی تاریخ درج ہوتی ہے۔ورلڈ ایموجی ڈے کے بانی ، جرمی برج ہیں جو ایموجی پیڈیا کے خالق ہونے کے ساتھ ساتھ یونی کوڈ کنسورشیم کمیٹی کے ممبر بھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ خاص دن منانے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ ہم سوشل میڈیا کی دنیا میں ایک نئی ایجاد کو خراج تحسین پیش کریں۔