آج کا دن
پاکستان اقوام متحدہ کا رکن بنا
پاکستان اپنے قیام کے اگلے ہی ماہ یعنی 30 ستمبر 1947ء کو اقوام متحدہ کا رکن بنا اور 1960ء میں اقوام متحدہ کے امن مشن کا حصہ بن گیا۔ اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت پاک فوج نے نمایاں اور مثالی خدمات سرانجام دی ہیں۔ گزشتہ 64 برسوں میں پاکستان نے اقوام متحدہ کے بے شمار امن مشنز میں خدمات فراہم کی ہیں۔ملکوں اور قوموں کے درمیان جھگڑوں اور تنازعات کے حل کا ذمے دار ادارہ اقوام متحدہ ہے، جس کا قیام دوسری جنگ عظیم کی تباہ کاریوں کے بعد آئندہ نسلوں کو ممکنہ جنگوں سے بچانے اور دنیا بھر میں امن و امان کا قیام یقینی بنانے کیلئے 24 اکتوبر 1945ء کے دن عمل میں لایا گیاتھا۔
مولانا جلال الدین رومی کا یوم پیدائش
30 ستمبر 1207ء کو اس وقت افغانستان کی سرحدوں میں واقع علاقے بلخ میں مولانا جلال الدین رومیؒ کی پیدائش ہوئی۔ والدین نے ان کا نام محمد جلال الدین رکھا۔ انہوں نے اپنے معروف ادبی فن پارے ''مثنوی معنوی‘‘ کی تصنیف ترکی کے شہر قونیہ میں کی۔ فارسی زبان میں مصّنفہ مثنوی معنوی 25 ہزار 618 اشعار پر مشتمل ہے۔
انڈونیشیا میں زلزلہ
2009ء میں آج کے روز انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں تباہ کن زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں ایک ہزار 115 افراد ہلاک ہو گئے۔ دو ہسپتالوں سمیت درجنوں بہت سی عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر سات اعشاریہ چھ تھی۔ زلزلے کے بعد بحر الکاہل میں سونامی سے آگاہ کرنے والے سینٹر نے سونامی کی وارننگ جاری کی تھی، جسے بعد میں واپس لے لیا گیا۔ پیڈنگ شہر کے بارے میں کہا گیا تھا کہ وہاں سب سے زیادہ تباہی ہوئی ہے۔
فن لینڈ کا جہاز ہائی جیک
''فن ایئر‘‘ کی پرواز 405 اولو اور ہیلسنکی، فن لینڈ کے درمیان طے شدہ مسافر پرواز تھی، جسے 30 ستمبر 1978ء کو ہائی جیک کر لیا گیا تھا۔ جس میں 44 مسافر اور 5 عملہ کے ارکان سوار تھے۔ ہائی جیکر جو ایک بلڈنگ کنٹریکٹر تھا نے پائلٹ کو ایمسٹرڈیم، نیدرلینڈز اور ہیلسنکی جانے پر مجبور کرنے کے بعد، تاوان کا مطالبہ کیا اور اپنے یرغمالیوں کو رہا کر دیا۔ اگلے دن اسے اس کے گھر سے گرفتار کر لیا گیا۔ 2013ء کی فن لینڈ کی ڈرامہ فلم ''دی ہائی جیک دیٹ وینٹ سائوتھ‘‘ اس کیس کی بنیاد پر بنائی گئی تھی۔