آج کا دن
بیت المقدس فتح ہوا
2اکتوبر 1187ء میں صلاح الدین ایوبی نے بیت المقدس کو فتح کیا اور فرانک سلطنت ختم کی۔ 88 سالہ صلیبی دور کا خاتمہ کرتے ہوئے سلطان صلاح الدین ایوبی نے بیت المقدس کو صلیبیوںکے قبضے سے واگزار کرایا تھا۔ بلاشبہ یہ سلطان کی بہت بڑی فتح تھی جس کی بنا پر اس کا تذکرہ تاریخ کے صفحات میں بہت جلی حروف میں کیا جاتا ہے۔
فٹ بال ٹیم کا ہوائی حادثہ
2اکتوبر1970ء کو ایک چارٹڈ مارٹن ہوائی جہاز ایک پہاڑ سے ٹکرا گیا۔ یہ گولڈن ایگل ایوی ایشن کے ذریعے چلائے جانے والا جڑواں انجن والا جہاز تھا۔ 20افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ دو افراد طبی امداد کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ یہ ان دو طیاروں میں سے ایک تھا جو 1970ء کی ویچیٹا اسٹیٹ فٹ بال ٹیم کو لوگان، یوٹاہ لے کر جا رہا تھا۔
گونزالز کی جنگ
گونزالز کی جنگ ٹیکساس کے انقلاب کی پہلی فوجی کارروائی تھی۔ یہ لڑائی 2اکتوبر 1835ء کو ٹیکساس ،گونزالز کے قریب باغی ٹیکسیائی آباد کاروں اور میکسیکو کے فوجیوں کے دستے کے درمیان لڑئی گئی۔ 1831ء میں، میکسیکو کے حکام نے گونزالز کے آباد کاروں کو ایک چھوٹی توپ دی تاکہ انہیں کومانچے کے چھاپوں سے بچنے میں مدد ملے۔ 1835ء میںبغاوت کا آغاز ہوا اور حکام نے ان سے توپ واپس مانگ لی لیکن باشندوں نے انکار کر دیاجس پر توپ کی بازیابی کیلئے ڈریگن فورس کے اہلکار بھیجے گئے۔
ویسٹ نکل مائنز سکول پر حملہ
2اکتوبر2006ء کو پنسلوینیا کے ایک گاؤں میں امیشن کمیونٹی کے ویسٹ نکل مائنز سکول میں فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا۔ حملہ آور چارلس کارل رابرٹس نے سکول کی طالبات کو یرغمال بنا لیا اور اس کے بعد انہیں گولی مار کر قتل کر دیا۔ حملے کے بعد حملہ آور نے گرفتاری کے ڈر سے خودکشی کر لی۔ اس افسوسناک واقعہ کے بعد سکول کو منہدم کر دیا گیا اور اسی سکول کو کسی دوسری جگہ تعمیر کیا گیا۔
کارانڈیرو کا قتل عام
کارانڈیرو کا قتل عام 2 اکتوبر 1992ء کو برازیل کے ساؤ پالو میں کارانڈیرو میں اس وقت ہوا جب فوجی پولیس نے جیل میں ہونے والے فسادات کے بعد قید خانے پر دھاوا بول دیا۔ اس قتل عام میں 111 قیدیوں کو ہلاک کر دیا گیا۔بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ انسانی حقوق کی بہت بڑی خلاف ورزی تھی۔اس واقعہ کا آغاز قیدیوں کی بغاوت کے بعد ہوا۔جیل میں فٹ بال کے کھیل کے دوران دو گروہوں میںلڑائی ہوئی اور اسی لڑائی نے ہنگامے کی صورت اختیار کر لی۔