آج کا دن
دریائے میکونگ کا قتل عام
دریائے میکونگ کا قتل عام 5 اکتوبر 2011ء کی صبح ہوا، دو مال بردار چینی جہازوں پر لاکھوں ایمفیٹا مائن گولیوں کے ساتھ گولڈن ٹرائی اینگل کے علاقے میں دریائے میکونگ میں حملہ کیا گیا۔دونوں بحری جہازوں پر موجود13افراد کو ہلاک کرنے کے بعد دریا میں پھینک دیا گیا۔یہ بیرون ملک چینی باشندوں پر ہونے والا سب سے مہلک حملہ تھا۔اس حادثے کے بعد چین نے عارضی طور پر دریائے میکونگ میں جہاز رانی کو معطل کر دیا اور میانمار،تھائی لینڈ اور لاؤس کے ساتھ مشترکہ طور پر دریا پر گشت کرنے کا معاہدہ کیا۔اس معاہدے کے بعد سکیورٹی کے حالات کافی حد تک بہتر ہو گئے اور کچھ گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں۔
لاڈ بروک ریل حادثہ
لاڈ بروک گروو ریل حادثہ جسے پیڈنگٹن ریل کریش بھی کہا جاتا ہے، ایک خوفناک حادثہ تھا جو 5 اکتوبر 1999ء کو لندن، انگلینڈ کے لاڈ بروک گروو میں پیش آیا۔دو مسافر ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں جبکہ دونوں میں سے صرف ایک ٹرین نے خطرے کا سگنل پاس کیا۔ اس حادثے میں 31افراد ہلاک اور 417شدید زخمی ہوئے۔یہ برطانیہ میں بیسویں صدی میں ہونے والے بدترین حادثات میں سے ایک ہے۔دو سال کے عرصے میں گریٹ ویسٹرن مین لائن پر ہونے والا یہ دوسرا بڑا حادثہ تھا۔آپریشنل آٹومیٹک ٹرین پروٹیکشن سسٹم کی مدد سے ان دونوں حادثات کو روکا جا سکتا تھا لیکن اس کی وسیع فٹنگ کی لاگت کی وجہ سے اسے نصب کرنے کی تجویز کو مسترد کر دیا گیا۔اس حادثے کے بعد برطانیہ کے نجی ریلوے سسٹم اورانتظامات کے ضابطے پر عوام کے اعتماد کو شدیدٹھیس پہنچی۔
گلڈ فورڈ دھماکے
5 اکتوبر 1974ء کوگلڈ فورڈ پب میںبم دھماکے ہوئے۔پروویژنل آئرش ریپبلکن آرمی نے گلڈ فورڈ، سرے، انگلینڈ میں دو پبوں میں 6 پاؤنڈ کے دو جیلنائٹ بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی۔ پب کو اس لیے نشانہ بنایا گیا کیونکہ وہاں پربرائٹ بیرکوں میں تعینات برطانوی فوجی بہت زیاد ہ تعداد میں آیا کرتے تھے۔ان دھماکوں میں چار فوجی جبکہ ایک عام شہری ہلاک ہوا اور 65افراد زخمی ہوئے۔دھماکوں نے پورے شہر میں خوف و ہراس پھیلا دیا اور پولیس کو عوام کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ وہ آئرش ریپبلکن آرمی کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
ہالی ووڈ ہنگامے
ہالی ووڈ بلیک فرائیڈے وہ نام ہے جو ریاستہائے متحدہ امریکہ میں مزدوروں کی یاد میں 5 اکتوبر 1945ء کو دیا گیا ۔سیٹ ڈیزائنرز کی جانب سے چھ ماہ سے طویل ہڑتال جاری تھی کہ اچانک اس میں شدت اختیار ہونے لگی اور آخر کار یہ ہڑتال 5اکتوبر کو وارنر برادرز سٹوڈیو کے دروازے پر ایک خونی ہنگامے میں تبدیل ہو گئی۔اس حادثے کے بعد 1947ء میں ٹافٹ ہارٹلی نامی ایک ایکٹ منظور ہواجس کے بعدانٹرنیشنل الائنس آف تھیٹر یکل اسٹیج ایمپلائز کی قیادت کی تنظیم نو کی بنیاد رکھی گئی۔