آج کا دن
اقوام متحدہ کے قیام کا اعلان
9اکتوبر 1944ء کو برطانیہ، چین، امریکہ اور سویت یونین نے اقوام متحدہ کے قیام کا اعلان کیا۔ جس کے بعد 24 اکتوبر کو معرض وجود میں آیا۔ ہر امن پسند ملک جو اقوام متحدہ کے چارٹر کی شرائط تسلیم کرے اور اقوام متحدہ کی ذمہ داریوں کو ادا کرنے کیلئے تیار ہو وہ اقوام متحدہ کا رکن بن سکتا ہے۔ شروع شروع میں اس کے صرف 51 ممبر تھے جبکہ اب اس کے ارکان ممالک کی تعداد 193 ہے۔ سیکورٹی کونسل یا سلامتی کونسل کی سفارش پر جنرل اسمبلی اراکین کو معطل یا خارج کر سکتی ہے۔ اور اگر کوئی رکن چارٹر کی مسلسل خلاف ورزی کرے اسے خارج کیا جا سکتا ہے۔
ملکہ الزبتھ دوم کا دورہ پاکستان
1997ء میں آج کے روز ملکہ الزبتھ دوم پاکستان کے چھ روزہ دورے پر آئیں۔ یہ 1961ء کے بعد ان کا دوسرا دورہ پاکستان تھا۔ ایوان صدر میں ان کا استقبال صدر فاروق لغاری نے کیا۔ قومی اسمبلی اور سینٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے والی ملکہ نے اس وقت کے وزیر اعظم نوازشریف اور اپوزیشن لیڈر بینظیربھٹو سے بھی ملاقات کی۔ ملکہ نے اسلام آباد کی شاہ فیصل مسجد کا دورہ بھی کیا۔انہیں اعلیٰ ترین سول اعزاز ''نشان پاکستان‘‘ سے نوازا گیا۔ستر سال تخت برطانیہ سنبھالنے والی ملکہ الزبتھ 96 سال کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہوئیں۔
ناسا کا روبوٹک چاند مشن
2009ء میں آج کے دن ناسا کی طرف سے بھیجا گیا روبوٹک مشن چاند پر اترا۔ نیل آرمسٹرانگ نے چاند پر پہلا قدم 20 جولائی 1969ء کو رکھا تھا اور یہ مشن اس کی 40 ویں سالگرہ سے 32 دن پہلے یعنی 17جون 2009ء کو روانہ کیا گیا تھا۔ کئی مہینوں کی مسافت طے کرنے کے بعد روبوٹک چاند گاڑی چاند کی سطح پر اتری۔
ملالہ یوسفزئی پر قاتلانہ حملہ
9اکتوبر 2012ء میں وادی سوات کے مرکزی شہر منگورہ میں 14 سالہ ملالہ یوسف کو گھر سے سکول کے درمیانی راستے میں مبینہ طور پر قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔ اس حملے میں ملالہ کے سر میں گولی لگی تھی۔طالبان کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ ملالہ یوسف کو طالبان مخالف سوچ رکھنے پر حملے کا نشانہ بنایا گیا۔