باکمال ہدایتکار:انور کمال پاشا
گزشتہ کئی عشروں سے ہمارے علمی و ادبی حلقوں میں جب یہ موضوع زیر بحث آتا تھا کہ آخر پاکستانی فلمی صنعت کے انحطاط اور زوال کے اسباب کیا ہیں تو پہلی وجہ یہ بیان کی جاتی تھی کہ فلمی صنعت پر شروع سے ہی غیر مہذب ، ان پڑھ یا کم تعلیم یافتہ لوگوں کا غلبہ رہا ہے، جس کی وجہ سے فلمی صنعت اس انجام سے دوچار ہوئی۔ یہ الگ بات ہے کہ اس صنعت کی زوال پذیری میں کئی عشرے لگ گئے، یہ بات مکمل طور پر درست نہیں۔ پاکستانی فلمی صنعت میں ان گنت افراد ایسے بھی تھے جو اعلیٰ تعلیم یافتہ تھے۔ اس بات کو سمجھنے کی ضرورت کیوں محسوس نہیں کی جاتی کہ پچاس کی دہائی میں بھارتی فلموں کا مقابلہ آخر کن فلموں نے کیا؟ یقینا وہ پاکستانی فلمیں ہی تھیں جنہوں نے اس دور میں نہ صرف پاکستانی فنکاروں کو شہرت اور عظمت سے سرفراز کیا بلکہ اس زمانے کے فلمسازوں پر بھی دولت کی بارش کر دی۔ کہا جاتا ہے کہ لاہور کا باری سٹوڈیو ایک پنجابی فلم ''یکے والی ‘‘کی زبردست کامیابی کی وجہ سے تعمیر ہوا تھا۔ یہ فلم باکس آفس پر اتنی کامیاب ہوئی کہ اس کے فلمساز باری ملک نے سٹوڈیو تعمیر کر لیا۔ بات ہو رہی تھی کہ پاکستانی فلمی صنعت کوئی جہلاکا گڑھ نہیں تھا ،یہاں بہت قابل افراد بھی تھے۔ مسعود پرویز، وحید مراد، سنتوش کمار، خواجہ خورشید انور، مصطفی قریشی، مسعود اختر اور کئی دوسرے فنکار ایسے تھے جو اعلیٰ تعلیم یافتہ تھے۔ اسی طرح ہدایتکار بھی بڑے شاندار تھے۔ ان میں سب سے بڑا نام انور کمال پاشا کا ہے، جو پاکستانی فلمی صنعت کے معمار تھے۔ انہوں نے اپنے علم و فن کے وہ چراغ روشن کیے جن کی روشنی سے بعد میں آنے والی کئی نسلوں نے فیض حاصل کیا۔ الطاف حسین، ایم اکرم، جعفر ملک اور آغا حسینی جیسے ہدایتکار بھی انور کمال پاشا کے شاگردوں میں شامل ہیں۔
انور کمال پاشا 23 فروری 1925ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ وہ باکمال شاعر اور مشہور ادیب حکیم احمد شجاع کے بیٹے تھے۔ انہوں نے ایف سی کالج لاہور سے گریجویشن کی اور بعد میں پنجاب یونیورسٹی سے ڈبل ایم اے کیا۔ انہوں نے شروع میں فلم ''شاہدہ‘‘ میں ہدایتکار لقمان کے ساتھ معاون ہدایتکار کے طور پر کام کیا۔ بعد میں انہوں نے سکرپٹ رائٹر، فلمساز اور ہدایتکار کی حیثیت سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ہر طرف ان کے نام کا طوطی بولتا تھا۔ ان کا طرئہ امتیاز یہ تھا کہ انہوں نے سماجی موضوعات پر فلمیں بنائیں جن میں اصلاحی پہلو بھی نمایاں ہوتا تھا۔ افلاس، محبت، اخلاقی انحطاط، سماجی رویے اور عورت ان کی فلموں کے موضوعات تھے۔ انہوں نے کئی اداکاروں کی تربیت کی اور بہت سے نئے چہرے متعارف کرائے۔ ان فنکاروں میں صبیحہ خانم، مسرت نذیر، اسلم پرویز، نیئر سلطانہ اور بہار بیگم شامل ہیں۔
بہار بیگم کہتی ہیں کہ ان کی پہلی فلم ''چن ماہی‘‘ 1956ء میں ریلیز ہوئی، جس میں ان کے ساتھ اسلم پرویز نے ہیرو کا کردار ادا کیا یہ فلم انور کمال پاشا کی فنی صلاحیتوں کی وجہ سے گولڈن جوبلی سے ہمکنار ہوئی۔ انور کمال پاشا نے موسیقار ماسٹر عنایت حسین اور ماسٹر عبداللہ کو بھی فلمی صنعت میں متعارف کرایا۔ ان کی فلموں کے سکرپٹ ان کے والد حکیم احمد شجاع کے زور قلم کا نتیجہ ہوتے تھے۔ حکیم احمد شجاع اندرون بھاٹی گیٹ کے بازار حکیماں کے رہنے والے تھے۔ ان کی کتاب ''لاہور کا چیلسی‘‘ پڑھ کر یہ حقیقت منکشف ہوتی ہے کہ اس دور میں اس علاقے میں کتنے صاحب علم لوگ آباد تھے اور سب اپنے اپنے فن میں یکتائے روزگار تھے۔
انور کمال پاشا نے مجموعی طور پر 24 فلمیں بنائیں۔ جن فلموں نے زیادہ شہرت حاصل کی ان میں ''شاہدہ، دو آنسو، گمنام، انتقام، دلُاّ بھٹی، چن ماہی، سرفروش، انارکلی، گمراہ، عشق پر زور نہیں‘‘ شامل ہیں۔ یہاں اس بات کی وضاحت ضروری ہے کہ ''عشق پر زور نہیں‘‘ کی ہدایات شریف نیئر نے دی تھیں لیکن نگرانی انور کمال پاشا نے کی تھی۔ ان کی فلم ''دو آنسو‘‘ پاکستان کی پہلی گولڈن جوبلی فلم تھی جو 7 اپریل 1950ء کو ریلیز ہوئی۔ صبیحہ اور سنتوش کمار کی جوڑی کو شہرت سے ہمکنار کرانے میں انور کمال پاشا کا بہت بڑا ہاتھ تھا۔ ان کی فلموں کا ایک وصف یہ بھی تھا کہ ان کی موسیقی نغمات اور مکالمے بہت جاندار ہوتے تھے۔
ہم اپنے قارئین کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ انور کمال پاشا نے دو شادیاں کی تھیں۔ ان کی دوسری اہلیہ اپنے وقت کی معروف اداکارہ شمیم بانو تھیں جنہوں نے شمیم کے فلمی نام سے شہرت حاصل کی تھی۔ شمیم بانو نے سب سے پہلے 1944ء میں ''جوار بھاٹا‘‘ میں کام کیا۔ یہ دلیپ کمار کی بھی پہلی فلم تھی۔ وہ لیجنڈری فلم آرٹسٹ اور گلوکارہ خورشید بانو بیگم کی رشتے دار تھیں اور کہا جاتا ہے کہ مشہور اداکارہ میناکماری سے بھی ان کی دور کی رشتے داری تھی۔
شمیم بانو کی سب سے بڑی فلم ''سنیدور‘‘ تھی جسے کشور ساہو نے بنایا تھا۔ یہ فلم 1947ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس کا موضوع ہندو بیوہ عورتوں کی دوسری شادی تھا۔ اس فلم کی ریلیز کے دوران تنازع پیدا ہو گیا۔ انہوں نے انور کمال پاشا کی بھی چند فلموں میں کام کیا جن میں ''شاہدہ، دو آنسو، گبرو اور دلبر‘‘ شامل ہیں۔ ایک اور بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ کامیڈین کے طور پر ان کی فلموں میں آصف جاہ ہی اپنے فن کے جوہر دکھاتے تھے۔ پاشا صاحب کی فلموں میں مستقل کام کرنے والوں کو ''پاشا کیمپ‘‘ کے لوگوں کے نام سے پکارا جاتا تھا۔ انہوں نے قتیل شفائی، سیف الدین سیف اور تنویر نقوی جیسے بے مثل گیت نگاروں سے اپنی فلموں کے نغمات لکھوائے اور ان کی فلموں کے نغمات بھی ہر طرف دھوم مچا دیتے تھے۔ بہترین نغمات کو جب ماسٹر عنایت حسین اور رشید عطرے جیسے سنگیت کار اپنی دھنوں کا لباس پہناتے تھے تو شاہکار گیتوں کا وجود میں آنا فطری امر تھا۔
انور کمال پاشا کے صاحبزادے محمد کمال پاشا نے بھی سکرپٹ رائٹر اور مکالمہ نگار کی حیثیت سے اپنے فن کی دھاک جمائی۔ اسلم ایرانی کی مشہور زمانہ پنجابی فلم ''لائسنس‘‘ ان کے قلم کی شاندار تخلیق ہے۔ 1985ء میں شمیم بانو کا انتقال ہو گیا اور اس کے دو برس بعد یعنی 1987ء میں انور کمال پاشا بھی 62 برس کی عمر میں عالم جاوداں کو سدھار گئے۔ پاشا صاحب کی خدمات پاکستانی فلمی تاریخ کی کتاب کا اہم ترین باب ہے۔جسے کسی بھی طرح نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ وہ حقیقی معنوں میں پاکستانی فلمی صنعت کے محسنِ اعظم تھے۔