آج کا دن
خونی اتوار
13نومبر1887ء کو لندن میں ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، جسے ''خونی اتوار‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ آئر لینڈ میں بے روزگاری اور جبرکے خلاف احتجاج اور ایم پی ولیم کی رہائی کا مطالبہ کرنے والوں کی میٹروپولیٹن پولیس اور برطانوی فوج کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔ یہ مظاہرہ سوشل ڈیمو کریٹک فیڈریشن اور آئرش نیشنل لیگ کے زیر اہتمام کیا جا رہا تھا۔ ایک رپورٹ کے مطابق400 لوگوں کو گرفتار کیا گیا اور 75افراد بری طرح زخمی ہوئے جن میں پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔
اسرائیل کا اردن پر حملہ
13نومبر1966ء کو ٹینکوں کے ذریعے اسرائیلی فوج اردن میں داخل ہو گئی جس نے سامو نامی شہر پر حملہ کر دیا، اس حملے میں سیکڑوں شہری ہلاک ہو گئے۔ نومبر کے آغاز سے ہی اردن پر اسرائیلی حملے جاری تھے۔ مغربی کنارے کے ایک گائوں السموع پر اسرائیلی فضائی حملہ کیا جو اس وقت اردن کے زیرِ انتظام تھا۔ اس حملے میں 18 ہلاکتیں ہوئیں اور 54 افراد زخمی ہوئے تھے۔
ٹرنہم گرین کی جنگ
ٹرنہم گرین کی جنگ 13 نومبر 1642ء کو ٹرنہم گرین گاؤں کے قریب انگریزی خانہ جنگی کے پہلے مرحلے کے اختتام میں لڑی گئی۔ اس جنگ میں کنگ چارلس اوّل کی افواج اور ایسیکس کے ارل کی کمان میں بہت بڑی پارلیمانی فوج نے شرکت کی۔ شاہی فوج کے لندن جانے کے راستے کو فوری طور پر روک دیا گیا اور پارلیمنٹیرینز نے ایک اہم اسٹریٹجک فتح حاصل کی کیونکہ انہوں نے چارلس اور اس کی فوج کو موسم سرما کے محفوظ مقامات کیلئے آکسفورڈ کی طرف پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔
پرسٹیج آئل لیک
2002ء میں آج کے روز 26سال پرانا ایک ناقص ساخت کا آئل ٹینکر77ہزار ٹن ایندھن کے ساتھ ڈوب گیا۔ طوفان کی وجہ سے ٹینکر پھٹا لیکن فرانسیسی، ہسپانوی اور پرتگالی حکومتوں نے جہاز کو لنگر انداز ہونے کی اجازت نہیں دی۔ بعدازاں یہ جہاز گالیسیا کے ساحل سے تقریباً 210کلومیٹر کے فاصلے پر ڈوب گیا۔ ایک اندازے کے مطابق اس ٹینکر کے تیل کے پھیلنے سے ہسپانوی، فرانسیسی اور پرتگالی ساحلوں کی ہزاروں کلومیٹر لمبی پٹی آلودہ ہو گئی۔ ماہی گیری کی صنعت کو بہت نقصان پہنچا۔