آج کا دن
دوسری جنگ عظیم: جرمنی کا تولون پر قبضہ
27نومبر 1942ء کو دوسری جنگ عظیم کے دوران جرمن فوج نے فرانسیسی بیڑے کے حامل شہر تولون پر قبضہ کر لیا۔ تولون کی فوجی بندرگاہ فرانس کے بحیرہ روم کے ساحل پر ایک بڑا بحری مرکز تھاجو فرانسیسی طیارہ بردار بحری جہاز چارلس ڈی گال اور اس کے جنگی گروپ کا گھر سمجھا جاتا تھا۔فرانسیسی فوجیوں نے جرمن فوج کے ہاتھوں میں آنے سے قبل ہی اس بیڑے کو غرقاب کر دیا۔
نیوسکی ایکسپریس بم دھماکا
27نومبر2009ء کوروسی شہر ماسکو اور سینٹ پیٹرز برگ کے درمیان سفر کرنے والی تیز رفتار ٹرین میں دھماکہ ہوا۔ اس واقعہ کو ''نیوسکی ایکسپریس بم دھماکا‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ بم کو ٹرین کے نیچے لگایا گیا تھا جس کی وجہ سے ٹرین لائن سے نیچے اتر گئی۔ اس حادثے میں 39افراد ہلاک اور95زخمی ہوئے۔ اگلے ہی دن تفتیش کی جگہ پر ایک اور دھماکا ہوا جس سے ایک شخص زخمی ہوا۔
لکسمبرگ کی بغاوت
لکسمبر گ کی بغاوت کا آغاز 27 نومبر 1856ء کو لکسمبر گ کے آئین پر نظر ثانی سے شروع ہوا۔ اگرچہ حقیقی بغاوت یا انقلاب نہیں تھا لیکن لوگوں نے اسے ''شاہی بغاوت‘‘کا نام دیا کیونکہ لکسمبرگ کے حکمران نے اپنے اختیارات کو ضرورت سے زیادہ بڑھا لیا تھا۔ 1848ء کے آئین میں تبدیلیوں کا مقصد ولیم کی طرف سے نافذ کی گئی بڑی تبدیلیوں کو ختم کرنا تھا جس کی وجہ سے لکسمبرگ میں بحران پیدا ہوا۔
جیلاوا قتل عام
جیلاوا قتل عام26نومبر1940ء کی رات بخارسٹ رومانیہ کے قریب جیلاوا قید خانے میں کیا گیا۔آئرن گارڈز نے 64 سیاسی قیدیوں کو ہلاک کر دیاجس کے فوراً بعد مزید ہائی پروفائل قتل کئے گئے۔ یہ واقعہ فاشسٹ نیشنل لیجنری اسٹیٹ اورکنڈکٹر آئن انتونیسکو کے درمیان جھڑپ کی وجہ بنا۔ اس جھڑپ کے بعد آئن کی جانب سے لیجن کو اقتدار سے بے دخل کر دیا گیا۔
جارج ماسکون پر قاتلانہ حملہ
27نومبر1978ء کو سان فرانسسکو کے میئر جارج ماسکون اور سپر وائزر ہاروی کو سان فرانسسکو سٹی ہال میں سابق سپروائزر ڈین وائٹ نے اس وقت گولی مار کر ہلاک کردیا جب انہوں نے فیصلہ کیا تھا کہ وائٹ نے جس نگران عہدے سے استعفیٰ دیا ہے وہ کسی اورکو دے دیا جائے گا۔ڈین وائٹ اعلان سے قبل غصے کی حالت میں سٹی ہال میں داخل ہوااور میئر کے دفتر میں موجود ماسکون کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔