نظم و ضبط پیدا کریں!
ہم سب جانتے ہیں کہ نظم و ضبط کا کیا مطلب ہے، آپ ایک شیڈول بناتے ہیں اور اس پر قائم رہتے ہیں۔ آپ اپنے مقاصد اور کاموں کا تعین کرتے ہیں اور انہیں اسی کے مطابق مکمل کرتے ہیں۔نظریہ کے لحاظ سے ہم جانتے ہیں کہ حقیقت بہت مختلف ہے۔ہم عموماً جوش و خروش کے عالم میں بڑے بڑے منصوبے بناتے ہیں، لیکن جب وقت آتا ہے کہ انہیں روزانہ کی بنیاد پر پورا کریں، تو کچھ وقت کے بعد ہم انہیں ترک کر دیتے ہیں۔
نظم وضبط کیلئے جو چیز سب سے اہم ہے اسے فیصلہ سازی کہا جاتا ہے۔
ماہر نفسیات رائے ایف باؤمائسٹر کے مطابق جتنے زیادہ فیصلے آپ کرتے ہیں، ان کے معیار اتنا ہی کمزور ہوتا جاتا ہے۔اگر آپ ہر وقت کسی فیصلے پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں، ہر ایک انتخاب کے فوائد اور نقصانات کا جائزہ لیتے رہتے ہیں، جیسے کہ ناشتہ میں کیا کھائیں، بس لیں یا ٹیکسی، سیڑھیاں چڑھیں یا لفٹ کا استعمال کریں تو دن کے اختتام تک آپ ذہنی طور پر تھک جائیں گے۔ آپ کا دماغ ایسی حالت اختیار کر لے گا ''مجھے پرواہ نہیں یار، بس کچھ بھی چن لو‘‘۔ یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ یہ اثر ہر کسی پر پڑتا ہے، آپ کا دماغ ''آرام‘‘ پر چلا جاتا ہے اور آپ بغیر سوچے سمجھے فیصلے لینا شروع کر دیتے ہیں۔
صبح اور شام کے معمولات بنانا
میں وہ شخص ہوں جو منصوبوں پر کام کرنا، نئی چیزیں سیکھنا، اور نتیجہ خیز رہنا پسند کرتا ہے۔لیکن چاہے جتنی بھی کوشش کر لوں، میں کبھی شیڈول پر قائم نہیں رہ سکا۔ میں اکثر جمود کا شکار ہو جاتا اور اپنے کام میں کسی بھی قسم کی استحکام قائم کرنے میں مشکل محسوس کرتا۔میں جِم جانا شروع کرتا، پھر چھوڑ دیتا اور بالآخر چند مہینوں بعد مکمل طور پر ترک کر دیتا۔ میں کسی منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے ایک شیڈول بناتا، لیکن چند ہفتوں بعد اس سے ہٹ جاتا اور اپنے مقرر کردہ تمام اہداف کو برباد کر دیتا۔وہ انقلابی خیال جس نے مجھے بالآخر درست راستے پر آنے میں مدد دی، یہ تھا کہ نظم و ضبط کا مطلب خود کو سخت محنت کرنے پر مجبور کرنا نہیں ہے بلکہ اپنے ماحول کو اس طرح ترتیب دینا ہے کہ سخت محنت کرنا ''معمول‘‘ بن جائے۔
جیسا کہ جیمز کلیر نے اپنی کتاب ''ایٹومک ہیبٹس‘‘ میں وضاحت کی: ''آپ اپنے اہداف کی سطح تک نہیں پہنچتے، بلکہ آپ اپنے نظام کی سطح تک گر جاتے ہیں‘‘۔جب تک میں نے سخت صبح اور شام کے معمولات مرتب نہیں کیے، میں اپنی زندگی کو منظم کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ کچھ وقت کے بعد مجھے احساس ہوا کہ استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے، پہلے سے اپنی زندگی میں مستحکم عناصر رکھنا ضروری ہے۔
میری صبح کی روٹین میں شامل تھا اخبار پڑھنا، مراقبہ کرنا، نئی زبان سیکھنا، سائنس کے بارے میں کچھ سیکھنا، کتاب پڑھنا اور کسی نہ کسی قسم کی جسمانی ورزش کرنا۔ یہ سب کچھ دن کے آغاز میں کرنا تھا، اور اس روٹین کو مکمل کرنے میں کم از کم 2 گھنٹے لگتے تھے۔یہ سب کرنے اور دن کے اصل کام مکمل کرنے کیلئے مجھے بہت جلدی اٹھنا، دیر سے سونا اور بہت کم یا بالکل بھی وقفہ نہ لینا پڑتا۔ یہ تھکا دینے والی روٹین تھی۔ چنانچہ ایک یا دو ہفتوں بعد میں ہار مان لیتا۔
آخرکار، میں نے چیزوں کو آسان بنانے کا فیصلہ کیا۔آپ کی روٹین میں وہ کام شامل ہونے چاہئیں جو نہ صرف ''دلچسپ‘‘ لگیں بلکہ صبح اور شام کے لحاظ سے ایک مقصد بھی پورا کریں۔ صبح کے معمولات آپ کو جگانے اور دن کیلئے درست ذہنی حالت میں لانے کیلئے ہونے چاہئیں، جبکہ شام کے معمولات آپ کے شیڈول پر غور کرنے اور ذہن کو سکون دینے کیلئے ہوں۔ہر روٹین میں زیادہ سے زیادہ 5 کام ہونے چاہئیں۔ آپ کے اوپر ہے کہ آپ اپنی روٹین میں بڑے یا چھوٹے کون سے کام شامل کرنا چاہتے ہیں، لیکن جتنے کم عناصر ہوں گے، آپ اتنی ہی تیزی سے انہیں مکمل کر سکیں گے۔
کاموں کا انتخاب
جیسا کہ پہلے ذکر کیا گیا، آپ کی روٹین میں شامل کام ذاتی نوعیت کے ہونے چاہئیں ۔میں دو چیزوں کو اجاگر کرنا چاہوں گا جو مجھے لگتا ہے کہ ہر کسی کو اپنی روٹین کا حصہ بنانے چاہئیں (دونوں کو آپ اپنی ضرورت کے مطابق ڈھال سکتے ہیں)
(1)ایک ہی وقت پر اٹھنا:چاہے آپ گھر سے کام کرتے ہوں یا دفتر جاتے ہوں، یہ امکان ہے کہ آپ ہر دن ایک ہی وقت پر نہیں اٹھتے۔ اس لئے سب سے پہلے ضروری ہے کہ آپ ہر روز ایک ہی وقت میں اٹھنے کی عادت اپنائیں۔
(2) شیڈول بنانا اور اس پر قائم رہنا: وقت کا شیڈول ترتیب دینا اور اس پر ایک مدت تک قائم رہنا وہ سب سے مؤثر طریقہ ہے جو میں نے نظم و ضبط کیلئے دریافت کیا ہے۔
مکمل روٹین بنانا
مکمل روٹین بنانے کے بارے میں بات کرتے ہوئے یہ ضروری ہے کہ چیزوں کو جتنا ممکن ہو سکے سادہ رکھا جائے۔ایسی سرگرمیاں شامل کریں جو فائدہ مند ہوں، لیکن جنہیں مکمل کرنے میں زیادہ وقت نہ لگے۔ آپ کی روٹین 30 منٹ سے زیادہ کی نہیں ہونی چاہیے۔ جتنا زیادہ وقت لگے گا، اتنا ہی زیادہ آپ ان سرگرمیوں سے بچنے یا کچھ کام چھوڑنے کے بہانے تلاش کریں گے۔