پرسکون نیند پانے کے عمل
نیند کو جلد آنا چاہیے، بالخصوص ان افراد کو تیزی سے سونے کی تراکیب کا علم ہونا چاہیے جنہیں نیند دیر سے آتی ہے۔ نیند ہماری زندگی کا ایک اہم حصہ ہے کیونکہ اس دوران جسم اپنے آپ کو مندمل کرتا ہے۔ اگر آپ اپنی نیند پوری نہیں کریں گے تو آپ کو اعصابی نظام کے خلل، دل کے امراض، ذیابیطس، تشویش اور بلند فشار خون لاحق ہو سکتے ہیں۔ زیادہ تر افراد کو سونے کیلئے 10 سے 20 منٹ چاہیے ہوتے ہیں۔ لیکن بعض افراد ایسے ہوتے ہیں جنہیں پڑے رہنے کے باوجود گھنٹوں نیند نہیں آتی اور وہ ضروری آرام نہیں کر پاتے۔ فوری اور پُرسکون نیند کیلئے مندرجہ ذیل طریقے اپنائے جا سکتے ہیں۔
گرم شاور: بستر میں جانے سے پہلے گرم پانی کا شاور عضلات کو ڈھیلا اور ذہن کو شفاف کرتا ہے جو سونے کیلئے بہت اچھی حالت ہوتی ہے۔
ٹھنڈا کمرہ: نسبتاً ٹھنڈے کمرے میں کمبل اور تکیے میں گھسنے کو جی کرتا ہے جس سے راحت کا احساس ہوتا ہے اور نیند جلد آتی ہے۔
لونڈر کا تیل: لونڈر کا تیل اعصاب کو سکون پہنچاتا ہے اور فشار خون کو کم کرتا ہے جس کی وجہ سے نیند اچھی آتی ہے۔ اس تیل کے علاوہ دیگر نباتی تیل بھی مالش کیلئے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
پسندیدہ مقام کا تصور: نیند میں جانے سے پہلے اپنے پسندیدہ مقام کو تصور میں لائیں۔ اس سے آپ پُرسکون ہوں گے، تشویش کم ہو گی، نیند جلد اور اچھی آئے گی۔
چہرہ ٹھنڈے پانی میں: اپنے چہرے کو 30 سیکنڈ تک ٹھنڈے پانی میں ڈالے رکھیں۔ اس سے وہ عمل ہوتا ہے جسے ''ممالیائی ڈائیور فلکس‘‘ کا نام دیا جاتا ہے جو دل کی رفتار اور فشار خون کو متوازن کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس سے نیند جلد آتی ہے۔
محدود کیفین: دن ڈھلنا شروع ہو تو کافی اور چائے پینے سے گریز کریں، کیونکہ کیفین نیند میں خلل ڈالتی ہے۔
الیکٹرونک آلات سے دوری: سمارٹ فون، کمپیوٹر اور ٹیلی ویژن دماغ کو متحرک اور سرگرم کرتے ہیں۔ تیز روشنی سے دماغ یہ دھوکا کھا سکتا ہے کہ ابھی دن ہے۔
سونے کی حالت: اگر آپ کو سونے میں روزانہ دشواری ہو رہی ہے، تو اپنے سونے کی حالت یا پوزیشن کو تبدیل کرتے رہیں تاوقتیکہ آپ مکمل آرام دہ پوزیشن میں آ جائیں۔
بستر میں جانے کا وقت: اس وقت تک جاگتے رہیں اور بستر میں نہ جائیں جب تک تھک کر نیند نہ آنے لگے۔ اس سے آپ کے جسم کو عادت پڑے گی کہ بستر میں اس وقت جانا ہے جب سونا ہے۔
موسیقی سننا: دھیمی موسیقی ذہن کو بیرونی خیالات سے چھٹکارا دلانے، شفاف کرنے اور نیند کی طرف راغب کرنے کا اچھا ذریعہ ہے۔
گھڑی چھپانا: نیند میں تاخیر پر گھڑی پر نظریں جمائے رکھنے سے پریشانی بڑھتی ہے اور نیند مزید دور چلی جاتی ہے۔
ریلیکس کرنا: اپنے پورے جسم کو دھیرے دھیرے ریلیکس کیجیے۔ پاؤں کی انگلیوں اور گھٹنوں سے ابتدا کیجیے اور پھر کمر تک آئیے۔ سر تک پہنچتے امید ہے نیند قریب آ جائے گی۔
ورزش میں عقلمندی: سونے کے وقت سے ذرا پہلے سخت ورزش نہ کریں۔ اس سے دوران خون تیز ہوتا ہے اور جلد نیند نہیں آتی۔
مراقبہ: اگر آپ کو گھنٹوں نیند نہیں آتی تو مراقبہ آزمائیں، اس سے سونے سے قبل ذہن شفاف ہو جاتا ہے اور خیالات سے نجات ملتی ہے۔
دن کے وقت سونا:اگر دن کے وقت سو لیا جائے تو رات کو سونا مشکل ہوتا ہے، اگر دن کے وقت سونا ہو تو تھوڑا سا سوئیں۔
یوگا کرنا: باقاعدگی سے یوگا عضلات کی لچک اور ذہنی سکون کا سبب بنتا ہے جس سے اچھی نیند آتی ہے۔
تھوڑی روشنی: رات کا کھانا دھیمی روشنی میں کھائیں، اس سے ذہن پُرسکون ہوجاتا ہے۔