آج کا دن
سابق صدر پرویز مشرف پر قاتلانہ حملہ
پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف پر متعدد مرتبہ قاتلانہ حملے کئے گئے۔ 14 دسمبر 2003ء پرویز مشرف ایک قاتلانہ حملے میں بال بال بچے۔ان پر یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ اپنے سکیورٹی قافلے کے ہمراہ راولپنڈی کا ایک پل عبور کر رہے تھے۔ پرویز مشرف کا قافلہ گزرنے کے کچھ ہی دیر بعد پل پر ایک زور دار بم دھماکہ ہوا۔ان کے چار سالہ دور میں یہ ان پر تیسرا قاتلانہ حملہ تھا۔ 25 دسمبر 2003ء کو بھی سابق صدر کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔ اس حملے میں ان کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا لیکن ان کا محافظ قافلہ انہیں بچانے میں کامیاب رہا۔
بوسنیا اور ہرزیگوینا میں امن معاہدہ
بوسنیا اور ہرزیگوینا میں امن کیلئے جنرل فریم ورک معاہدہ کیا گیا، جسے ''ڈیٹن معاہدہ‘‘ یا ''ڈیٹن ایکارڈ‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ امن معاہدہ تھا جو 14دسمبر 1995ء کو طے پایا۔ اس معاہدے نے ساڑھے تین سالہ طویل بوسنیا کی جنگ کا خاتمہ کیا۔ 21دسمبر1995ء کو ریاستہائے متحدہ امریکہ کے اوہائیو ڈیٹن کے قریب رائٹ پیٹرسن ائیر فورس بیس پر طے شدہ اس معاہدے پر دستخط کئے گئے۔معاہدے کے مطابق دونو ں فریقین نے امن پر اتفاق کیا اور جنگ کو فوری طور پر روک دیا گیا۔تاریخ میں اس معاہد ے کو اہمیت اس لئے بھی حاصل ہے کہ اس نے ایک طویل جنگ کا اختتام کیا۔
چاند پر آخری انسان
14دسمبر1972ء کو یوجین اینڈریو نامی امریکی خلاباز نے چاند پر قدم رکھا۔ یوجین کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ چاند پر قدم رکھنے والے آخری انسان تھے۔ ان کے بعد کسی انسان نے آج تک دوبارہ چاند پر قدم نہیں رکھا۔''اپالو17‘‘مشن کے دوران یوجین چاند پر چلنے والے گیارہویں انسان تھے۔انہیں ''The Last Man on Moon‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔یوجین نے تین مرتبہ چاند کا سفر کیا،پہلی مرتبہ جون 1966ء کو جیمنی 9Aمیں بطور پائلٹ،دوسری مرتبہ1969ء کو اپالو10کے ماڈیول پائلٹ کے طو ر پر اور تیسری مرتبہ1972ء کو اپالو17 میں بطور کمانڈر۔
سینڈی ہک ایلیمنٹری سکول فائرنگ
14دسمبر2012ء کو نیو ٹاؤن، کنیکٹیکٹ، ریاستہائے متحدہ امریکہ کے سینڈی ہک سکول میں انتہائی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔20سالہ ایڈم لانزانے فائرنگ کر کے 26افرا د کو ہلاک کر دیا۔ہلاک ہونے والوں میں 20 بچے شامل تھے جن کی عمریں 6 سے 7 سال کے درمیان تھیں۔حملے کے دن سکول جانے سے قبل لانزا نے نیو ٹاؤن میں اپنی ماں کو گولی مار کر ہلاک کردیاتھا۔26افراد کو ہلاک کرنے کے بعد جیسے ہی پولیس سکول پہنچی لانزا نے سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی۔کنیکٹیکٹ سٹیٹ اٹارنی کے دفتر کی طرف سے نومبر 2013ء کی جاری کردہ ایک رپورٹ نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ لانزا نے یہ حملہ اکیلے ہی کیا لیکن رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ لانزا کے ایسا کرنے کی اصل وجہ کیا تھی۔