آج کا دن
اسپیشل فیچر
امریکہ کا جاپان کیخلاف اعلان جنگ
7 دسمبر 1941ء کی صبح جاپانی فضائیہ نے امریکی بحری اڈے پرل ہاربر پر حملہ کیا تھا۔جس میں امریکی بحری بیڑے کے 8 جنگی جہاز تباہ ہوئے،2,400 سے زائد امریکی فوجی و شہری ہلاک ہوئے۔ اگلے ہی دن یعنی 8 دسمبر 1941ء کوامریکی صدر فرینکلن ڈی روزویلٹ نے کانگریس میں تقریر کی اورجاپان کے خلاف جنگ کی منظوری دی۔ اس سے قبل امریکہ دوسری جنگ عظیم میں غیر جانب دار تھا۔چند دنوں بعد جرمنی اور اٹلی نے بھی امریکہ کے خلاف جنگ کا اعلان کیا، یوں بحران پوری دنیا میں پھیل گیا۔
دنیا کا پہلا ٹریفک سگنل
1868ء میں آج کے روز دنیا کا پہلا ٹریفک اشارہ لندن میں استعمال کیا گیا۔ یہ اشارہ برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں پارلیمنٹ ہاؤس کے قریب جارج سٹیفنسن کے ایک انجینئر جے پی نائٹ نے ڈیزائن کیا تھا۔ یہ گیس سے چلنے والا اشارہ تھا۔ اس میں دو بازو تھے جو دن کے وقت مختلف زاویوں پر حرکت کرتے تھے، جبکہ رات کو سرخ اور سبز گیس کی روشنی کا استعمال کیا جاتا تھا۔یہ اشارہ جدید ٹریفک کنٹرول سسٹم کی بنیاد ثابت ہوا۔آج کے جدید ٹریفک سگنلز بجلی اور الیکٹرانک ٹیکنالوجی پر مبنی ہیں اور ان کی ابتدا اسی ابتدائی گیس لیمپ سگنل سے ہوئی۔
چرچ میں آتشزدگی سے 2ہزار ہلاکتیں
8 دسمبر 1863ء کو چلی کے صدر مقام سان تیاگو میں تاریخی گرجا گھر میں آتشزدگی سے 2ہزار افراد ہلاک ہو گئے۔ 17 ویں صدی کا یہ چرچ مکمل طور پر لکڑی کا بنا ہوا تھااور آگ کی شدت کی وجہ سے مکمل طور پر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ اسے جدید تاریخ میں کسی ایک عمارت میں آگ لگنے سے سب سے زیادہ اموات کا واقعہ تصور کیا جاتا ہے۔ یہ آگ چرچ میں ہونے والی ایک عبادت کے آغاز پر لگی تھی۔
جان لینن کا قتل
دنیا کے مشہور موسیقار اور بینڈ دی بیٹلز کے بانی ارکان جان لینن کو 8 دسمبر 1980ء کو ان کی رہائش گاہ کے سامنے قتل کر دیا گیا۔ انہیں ان کے ایک مداح مارک ڈیوڈ چیپمین نے قتل کیا، جو ذہنی معذور تھا۔ جان لینن جب اپنی اہلیہ کے ساتھ اسٹوڈیو سے واپس آئے تو مارک نے ان پر پانچ گولیاں چلائیں، جن میں سے چار لینن کو لگیں۔انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔
سوویت یونین کا خاتمہ، نئی خودمختار تنظیم کا قیام
8 دسمبر 1991ء کو سوویت یونین کے خاتمے کے بعد روس کے پہلے صدر بورس یلسن نے یوکرین اور بیلا روس کے ساتھ خودمختار ریاستی تنظیم بنانے کا اعلان کیا۔ اسے ''بیلوژا معاہدے‘‘ کا نام دیا گیا۔ معاہدے کے تحت سوویت یونین کو رسمی طور پر تحلیل کر دیا گیا۔ اس کے بدلے ایک نئی تنظیم ''کامن ویلتھ آف انڈیپنڈنٹ اسٹیٹس‘‘ (CIS) قائم کی گئی۔یہ تنظیم خودمختار ریاستوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کیلئے بنائی گئی، جو سوویت یونین کی سابقہ جمہوریتیں تھیں۔