آج کا دن
اسپیشل فیچر
نیلسن منڈیلا کی رہائی
11 فروری 1990ء کو نیلسن منڈیلا 27 سال قید کے بعد رہا ہوئے۔ نیلسن منڈیلا جنوبی افریقہ میں نسل پرستانہ نظام کے خلاف جدوجہد کی علامت تھے۔ انہیں 1962ء میں گرفتار کیا گیا اور 1964ء میں عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ اس دوران وہ روبن آئی لینڈ سمیت مختلف جیلوں میں قید رہے۔منڈیلا کی قید کا مقصد اپارتھائیڈ مخالف تحریک کو دبانا تھا مگر وہ عالمی سطح پر مزاحمت، آزادی اور انسانی حقوق کی علامت بن گئے۔ دنیا بھر میں ان کی رہائی کے لیے مظاہرے ہوتے رہے اور اقوام متحدہ سمیت کئی عالمی اداروں نے جنوبی افریقہ پر دباؤ ڈالا۔نیلسن منڈیلاکی رہائی نے جنوبی افریقہ میں سیاسی مذاکرات کی راہ ہموار کی جس کے نتیجے میں اپارتھائیڈ کا خاتمہ ہوا۔
پوپ بینیڈکٹ شانزدہم کا استعفیٰ
11 فروری 2013 ء کوپوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔ وہ تقریباً 600 سال بعد استعفیٰ دینے والے پہلے پوپ تھے۔ ان سے قبل 1415 ء میں پوپ گریگوری دوازدہم نے یہ قدم اٹھایا تھا۔پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے استعفیٰ کی وجہ اپنی بڑھتی عمر اور جسمانی کمزوری کو قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید دنیا میں چرچ کی قیادت کے لیے جسمانی اور ذہنی طاقت درکار ہے جو اب ان میں باقی نہیں رہی۔یہ اعلان ویٹیکن میں ایک رسمی تقریب کے دوران لاطینی زبان میں کیا گیا۔
ویٹیکن سٹی کا قیام
11 فروری 1929ء کو لیٹرن معاہدہ پر دستخط ہوئے جس کے نتیجے میں ویٹیکن سٹی ایک آزاد خود مختار ریاست کے طور پر وجود میں آیا۔ یہ معاہدہ اٹلی کے آمر بینیٹو مسولینی اور کیتھولک چرچ کی نمائندگی کرنے والے پوپ پائیس کے درمیان طے پایا۔ اس معاہدے سے قبل ویٹیکن اور اطالوی حکومت کے درمیان شدید تنازع موجود تھا جو 1870ء میں اٹلی کے اتحاد کے بعد شروع ہوا۔ پوپ خود کو ''ویٹیکن کا قیدی‘‘ کہتے تھے اور اطالوی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے تھے۔ لیٹرن معاہدے نے اس تنازع کا خاتمہ کر دیا۔اس معاہدے کے تحت ویٹیکن کو ایک آزاد ریاست تسلیم کیا گیا اور پوپ کو مکمل خود مختاری دی گئی ۔
تھامس ایڈیسن کی پیدائش
11 فروری 1847ء کو امریکہ کے عظیم موجد تھامس ایڈیسن پیدا ہوئے۔ وہ تاریخ کے سب سے زیادہ اثر انگیز سائنسدانوں اور موجدوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ایڈیسن نے اپنی زندگی میں ایک ہزار سے زائد ایجادات پر پیٹنٹ حاصل کیے۔ ان کی ایجادات نے انسانی زندگی کو یکسر بدل کر رکھ دیا۔ بجلی کے بلب نے رات کو دن میں بدل دیا اور صنعتی ترقی کو نئی رفتار دی۔ایڈیسن کو رسمی تعلیم بہت کم ملی مگر ان کی ماں نے گھر پر تعلیم دی اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیا۔ وہ ناکامی کو سیکھنے کا ذریعہ سمجھتے تھے اور کہتے تھے کہ میں ناکام نہیں ہوا، میں نے صرف دس ہزار ایسے طریقے دریافت کیے جو کام نہیں کرتے۔
جاپان کا قومی یومِ تاسیس
11 فروری کو جاپان میں قومی یومِ تاسیس منایا جاتا ہے۔ جاپانی روایت کے مطابق اسی دن 660 قبل مسیح میں شہنشاہ جِمّو نے جاپان کی بنیاد رکھی۔ اگرچہ یہ واقعہ تاریخی کے بجائے اساطیری حیثیت رکھتا ہے مگر جاپانی قوم کیلئے اس کی علامتی اہمیت بہت زیادہ ہے۔یہ دن جاپانی شناخت، اتحاد اور ریاستی تسلسل کی علامت ہے۔ اس موقع پر سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا جاتا ہے، تقریبات منعقد ہوتی ہیں اور جاپانی تاریخ پر مباحث کیے جاتے ہیں۔ شہنشاہی نظام کو جاپان کی تاریخ میں مرکزی حیثیت حاصل ہے، اور شہنشاہ جمو کو پہلا شہنشاہ مانا جاتا ہے۔