آج کا دن
اسپیشل فیچر
باربی ڈول متعارف کرائی گئی
1959ء میں آج کے روز معروف کارٹون اور کھلونا گڑیا باربی ڈول کو دنیا کے سامنے متعارف کروایا گیا۔ اس گڑیا کو امریکی کھلونا ساز کمپنی نے جرمن گڑیا''بائلڈ لی لی‘‘ سے متاثر ہو کر بنایاتھا۔ باربی ڈول کا شمار دنیا کے مشہورترین کرداروں میں ہوتا ہے۔اب یہ گڑیا ایک فیملی کی شکل اختیار کر چکی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ اس فیملی کے اراکین میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ دنیا کی معروف ماڈلز سے مماثلت رکھنے والی باربی ڈولز بھی بنائی جا چکی ہیں۔
ہٹلر کا نئی فضائیہ بنانے کا اعلان
9مارچ1935ء کوایڈولف ہٹلر نے جرمنی کیلئے نئی فضائیہ بنانے کا اعلا ن کیا۔ہٹلر نے یہ بھی اعلان کیا کہ ورسائیلس معاہدے کی خلاف ورزی پر جرمنی کی فوجی طاقت کو دوبارہ مضبوط کیا جائے گا۔اسی عرصے میں دنیا دوسری عالمی جنگ کی جانب بڑھ رہی تھی اور عالمی حالات دن بدن خراب ہو رہے تھے۔ ہٹلر نے تقریباً5لاکھ فوجی بھرتی کرنے اور جرمنی کیلئے ایک نئی فضائیہ بنانے کا اعلان بھی اسی دوران کیا۔
ایستونیا پر بمباری
دوسری عالمی جنگ کے دوران ایستونیا پر متعدد مرتبہ بمباری کی گئی۔ پہلی بمباری 1941ء میں کے دوران کی گئی جو آپریشن باربروسہ کا حصہ تھی۔ اس کے بعد ایستونیا کے دارالحکومت تالین پر 9مارچ 1944ء کو سوویت یونین کی جانب سے کی جانے والی بمباری سب سے زیادہ تباہ کن تھی۔یہ بمباری جنگ ناروا کے دوران کی گئی، اسے ''مارچ بمباری‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ سوویت یونین نے دو دن کے دوران تالین پر ہزاروں بم برسائے۔