آج کا دن
اسپیشل فیچر
تسمانیہ کی دریافت
ڈچ جہاز راں ایبل جانزون تسمان جو چلی کی جانب مشرق میں سمندری راستے کے امکانات کا جائزہ لینے اور نیو گنی کی کھوج لگانے کے لیے بٹاویا (جکارتا) سے روانہ ہوا تھا، 1642ء میں آج ہی کے دن تسمانیہ کے جنوبی ساحلوں کے قریب سے گزرا۔24 نومبر 1642ء کی سہ پہر تسمان کے عملے نے تسمانیہ کے مغربی ساحل کے قریب پہاڑی علاقے (موجودہ میکوری ہاربر کے قریب) دیکھے۔تسمان نے اس سرزمین کو ڈچ ایسٹ انڈیا کمپنی کے گورنر جنرل اینتھونی وان ڈیمن کے اعزاز میں وان ڈیمنز لینڈ کا نام دیا تھا۔ بعد ازاں 1856ء میں تسمان کی خدمات کے اعتراف میں اس کا نام بدل کر تسمانیہ رکھ دیا گیا۔اسی سفر کے دوران تسمان نے کچھ ہفتوں بعد نیوزی لینڈ اور ٹونگا کے جزائر کو بھی دریافت کیا۔
آرِیجن آف سپیشیز کی اشاعت
24 نومبر 1859ء کو برطانوی ماہرِ قدرتی تاریخ چارلس ڈارون کی مشہور کتابOn the Origin of Species شائع ہوئی۔ اس تصنیف نے حیاتیات اور انسانی فکر کی تاریخ میں ایک نئے دور کا آغاز کیا۔ ڈارون نے اپنی کتاب میں نظریہ ارتقا اور قدرتی انتخاب کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ جانداروں کی نسلیں وقت کے ساتھ ماحول کے مطابق تبدیلیوں سے گزرتی ہیں۔ ڈارون نے اپنے نظریات کی تشکیل میں 1831ء سے 1836ء تک بحری جہاز ایچ ایم ایس بیگل کے سفر کے دوران حاصل ہونے والے مشاہدات سے بہت مدد لی تھی۔ اگرچہ اس نظریے کو ابتدا میں مذہبی اور علمی حلقوں کی جانب سے مخالفت کا سامنا کرنا پڑا لیکن بعد میں یہ جدید حیاتیاتی سائنس کی بنیادوں میں شامل ہوگیا۔
لوسی فوسل کی دریافت
24 نومبر 1974ء کو افریقی ملک ایتھوپیا کے علاقے ہدر (Hadar) میں انسانی ارتقا کی تحقیق کے حوالے سے ایک غیر معمولی دریافت ہوئی۔ امریکی ماہرِ بشریات ڈونلڈ جوہانسن اور ان کے معاون ٹام گرے نے ایک قدیم انسانی ڈھانچے کے فوسلز دریافت کیے جنہیں بعد میں ''لوسی‘‘ (Lucy) کا نام دیا گیا۔ یہ ڈھانچہ تقریباً 32 لاکھ سال قدیم تھا۔اس دریافت کی اہمیت اس لیے غیر معمولی تھی کہ اس وقت تک ملنے والے بیشتر قدیم انسانی فوسلز محض چند ہڈیوں یا دانتوں تک محدود تھے جبکہ لوسی کے ڈھانچے کے تقریباً 40 فیصد حصے کو دریافت کیا گیا۔ سائنسدانوں کو ان ہڈیوں کے مطالعے سے یہ سمجھنے میں مدد ملی کہ قدیم انسان میں دو ٹانگوں پر چلنے کی صلاحیت کے علاوہ درختوں پر چڑھنے کی خصوصیات بھی موجود تھیں۔
ڈی بی کوپر کا طیارہ اغوا
24 نومبر 1971ء کو امریکی تاریخ کے مشہور ترین اور پراسرار فضائی اغوا کے واقعات میں سے ایک پیش آیا۔ اس روز ایک شخص نے ڈین کوپر کے نام سے امریکی ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ سے سیئٹل جانے والی نارتھ ویسٹ اورینٹ ایئرلائنز کی پرواز نمبر 305 کا ٹکٹ خریدا۔طیارے میں سوار ہونے کے بعد اس نے ایک فضائی میزبان کو ایک پرچی دی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس کے بریف کیس میں بم ہے۔ اس نے طیارے کے عملے سے دو لاکھ ڈالر اور چار پیراشوٹ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ حکام نے اس کا مطالبہ تسلیم کرلیا اور طیارہ سیئٹل پہنچنے پر رقم اور پیراشوٹ فراہم کردئیے گئے۔اس واقعے کے بعد ایف بی آئی نے طویل عرصے تک ڈی بی کوپر کی تلاش جاری رکھی لیکن اس کاسراغ نہ مل سکا۔
فریڈی مرکری کا انتقال
24 نومبر 1991ء کو عالمی شہرت یافتہ برطانوی گلوکارفریڈی مرکری 45 برس کی عمر میں لندن میں انتقال کرگیا۔ اس نے اپنی غیر معمولی آواز، منفرد اندازِ گائیکی اور سٹیج پر دلکش پرفارمنس کے ذریعے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی۔فریڈی مرکری کئی برس سے ایڈز کے مرض میں مبتلا تھے تاہم اس نے اپنی بیماری کو طویل عرصے تک ظاہر نہیں کیا۔ 23 نومبر 1991ء کو اس نے ایک باضابطہ بیان کے ذریعے پہلی مرتبہ بتایا کہ وہ ایڈز کا شکار ہے۔ اس کے اگلے روز 24 نومبر کو اس کا انتقال ہوگیا۔ اس کی موت کی وجہ ایڈز سے متعلق پیچیدگیوں کے نتیجے میں ہونے والا برونکائیل نمونیا قرار دی گئی۔ ان کے انتقال سے موسیقی کی دنیا ایک عظیم فنکار سے محروم ہوگئی، تاہم اس کے گانے اور فن آج بھی دنیا بھر میں مقبول ہیں۔