انسانی دماغ کی حیران کن صلاحیت
اسپیشل فیچر
مسلسل مشق دماغ کے کام کرنے کا انداز بدل دیتی ہے
انسانی دماغ قدرت کا ایک ایسا شاہکار ہے جس کے بارے میں سائنسدان آج بھی نت نئی حیرت انگیز دریافتیں کر رہے ہیں۔ ہماری روزمرہ زندگی میں اکثر یہ سوال سامنے آتا ہے کہ کیا انسان واقعی ایک ہی وقت میں دو یا اس سے زیادہ کام انجام دے سکتا ہے یا پھر اس کا دماغ ایک کام چھوڑ کر دوسرے کام کی طرف منتقل ہوتا رہتا ہے؟ عام مشاہدہ یہی ہے کہ جب ہم کسی مشکل کام میں مصروف ہوتے ہیں تو ہماری پوری توجہ اسی پر مرکوز رہتی ہے اور دوسرا کام کرنے کی صورت میں پہلے کام کی رفتار یا معیار متاثر ہو جاتا ہے۔ اسی وجہ سے طویل عرصے تک سائنسی حلقوں میں یہ تصور عام رہا کہ انسانی دماغ بیک وقت دو پیچیدہ ذہنی کام مؤثر انداز میں انجام دینے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ امریکہ کی جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے میڈیکل سینٹر سے وابستہ محققین کی ایک نئی تحقیق نے اس تصور کو ایک نئی سمت دی ہے۔ تحقیق کے مطابق انسانی دماغ مسلسل مشق اور تجربے کے ذریعے اپنے عصبی سرکٹس کو اس انداز میں دوبارہ منظم کر سکتا ہے کہ ایک کام خودکار ہو جائے اور دماغ کے وہ حصے جو پہلے اس کام میں مصروف تھے، کسی دوسرے کام کے لیے دستیاب ہو جائیں۔ اس طرح انسان محض ایک کام سے دوسرے کام کی طرف تیزی سے منتقل ہونے کے بجائے بعض حالات میں دو الگ ذہنی سرگرمیاں بیک وقت انجام دینے کے قابل ہو سکتا ہے۔یہ دریافت نہ صرف انسانی دماغ کی غیر معمولی صلاحیتوں کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے بلکہ یہ بھی واضح کرتی ہے کہ مسلسل مشق ہماری ذہنی کارکردگی اور سیکھنے کے عمل کو کس حد تک تبدیل کر سکتی ہے۔
مسلسل مشق دماغ کے کام کرنے کا انداز بدل دیتی ہے
جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے نیورو سائنس کے پروفیسر میکسیمیلیان ریزنہوبر کی قیادت میں ہونے والی اس تحقیق میں سائنسدانوں نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ جب کوئی شخص کسی پیچیدہ کام کو بار بار دہراتا ہے تو اس کے دماغ میں کیا تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔ کیا وہ صرف کام کرنے میں تیز ہو جاتا ہے یا اس کا دماغ اس کام کو انجام دینے کے لیے اپنے اندر ایک نیا نظام بھی تشکیل دیتا ہے؟اس مقصد کے لیے شرکا کو کمپیوٹر پر گاڑیوں کی مختلف تصاویر دکھائی گئیں۔ یہ تصاویر اس انداز میں تیار کی گئی تھیں کہ بعض گاڑیاں ظاہری طور پر ایک دوسرے سے بہت ملتی جلتی تھیںلیکن انہیں مختلف زمروں میں تقسیم کرنا ضروری تھا۔ شرکاکو ان تصاویر کی باریک خصوصیات کو سمجھ کر انہیں دو مختلف گروہوں میں تقسیم کرنا تھا۔یہ بظاہر ایک سادہ مشق تھی لیکن اس میں توجہ، مشاہدے، یادداشت اور فیصلہ سازی کی صلاحیتیں درکار تھیں۔ شرکانے پانچ سے دس ہفتوں کے دوران 30 ہزار سے زائد مرتبہ یہ مشق مکمل کی۔ محققین نے اس عمل کے مختلف مراحل میں ان کے دماغ کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس مقصد کے لیے فنکشنل میگنیٹک ریزوننس امیجنگ (fMRI) اور الیکٹرو اینسفالوگرافی (EEG) جیسی جدید تکنیکیں استعمال کی گئیں جن کی مدد سے دماغ کے مختلف حصوں کی سرگرمی اور اس میں ہونے والی تبدیلیوں کا مشاہدہ کیا گیا۔
تحقیق کے ابتدائی نتائج سے معلوم ہوا کہ جب شرکا پہلی مرتبہ یہ کام انجام دے رہے تھے تو ان کے دماغ کا پریفرنٹل کارٹیکس زیادہ فعال تھا۔ یہ دماغ کا وہ اہم حصہ ہے جو توجہ، منصوبہ بندی، فیصلہ سازی، مسائل کے حل اور دیگر اعلیٰ ذہنی افعال کو کنٹرول کرتا ہے۔ لیکن مسلسل مشق کے بعد صورتحال تبدیل ہونے لگی۔
اس تحقیق کا سب سے اہم پہلو یہ سامنے آیا کہ طویل مشق کے نتیجے میں تصاویر کی درجہ بندی کا عمل پریفرنٹل کارٹیکس سے منتقل ہو کر ٹیمپورل کارٹیکس میں انجام پانے لگا۔ ٹیمپورل کارٹیکس دماغ کا وہ حصہ ہے جو یادداشت کی تشکیل، اشیا کی شناخت اور بصری معلومات کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ گویا دماغ نے سیکھے ہوئے کام کے لیے ایک نیا راستہ تشکیل دے لیا تھا۔اس تبدیلی کو سمجھنے کے لیے گاڑی چلانے کی مثال دی جا سکتی ہے۔ جب کوئی شخص پہلی مرتبہ گاڑی چلانا سیکھتا ہے تو اسے سٹیئرنگ، بریک، ایکسیلیریٹر، گیئر اور سڑک پر موجود دوسری گاڑیوں پر پوری توجہ دینا پڑتی ہے۔ لیکن برسوں کی مشق کے بعد یہی عمل بڑی حد تک خودکار ہو جاتا ہے۔تحقیق کے مطابق دماغ میں اس آٹومیشن کے پیچھے صرف تجربے میں اضافہ نہیں بلکہ عصبی سرکٹس کی تنظیمِ نو بھی کارفرما ہوتی ہے۔
بیک وقت دو کام کرنے کی صلاحیت
تحقیق کے اگلے مرحلے میں سائنسدانوں نے یہ جانچنے کا فیصلہ کیا کہ آیا دماغ میں پیدا ہونے والی یہ تبدیلی واقعی انسان کو بیک وقت دو کام کرنے کے قابل بناتی ہے یا نہیں۔ اس مقصد کے لیے شرکاکو گاڑیوں کی تصاویر کی درجہ بندی کے ساتھ ایک دوسرا ذہنی کام بھی دیا گیا۔ انہیں سکرین پر رنگین دائرے دکھائے گئے اور یہ شناخت کرنا تھی کہ سرخ یا سبز رنگ دائرے کے کس حصے میں موجود ہے۔یہ دوسرا کام بھی توجہ اور ذہنی یکسوئی کا تقاضا کرتا تھا۔نتائج حوصلہ افزا تھے۔ جن شرکانے طویل مشق کے ذریعے گاڑیوں کی درجہ بندی کے عمل کو خودکار بنانے میں کامیابی حاصل کی تھی وہ دوسرا کام بھی بیک وقت بہتر انداز میں انجام دینے کے قابل ہو گئے۔محققین کے مطابق دماغ نے سیکھے ہوئے کام کو ایک مختلف عصبی نظام کے حوالے کر کے اپنی ذہنی صلاحیت کے استعمال کا نیا راستہ پیدا کیا۔ اس تحقیق کے نتائج صرف سائنسی نظریات تک محدود نہیں بلکہ انسانی زندگی کے مختلف شعبوں کے لیے بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ تعلیم کے میدان میں یہ دریافت اس تصور کو تقویت دیتی ہے کہ کسی مہارت کو بار بار دہرانے سے انسان نہ صرف اس میں بہتر ہوتا ہے بلکہ اس کا دماغ اس مہارت کو انجام دینے کے لیے زیادہ مؤثر نظام بھی تشکیل دے سکتا ہے۔