کلیہ کامیابی
اسپیشل فیچر
ہم لوگ خوش قسمت ہیں کیونکہ ایک حیرت انگیز دور سے گزر رہے ہیں۔ آج تک انسان کو ترقی کرنے کے اتنے موقعے کبھی میسر نہیں ہوئے، پرانے زمانے میں ہرایک کو ہرہنرخود سیکھنا پڑتا تھا، لیکن آج کل ہر شخص دوسروں کی مدد پر خواہ مخواہ تلا ہوا ہے اوربلاوجہ دوسروں کو شاہراہ ِکامیابی پر گامزن دیکھنا چاہتا ہے۔
اس موضوع پربیشمارکتابیں موجود ہیں۔ اگرآپ کی مالی حالت مخدوش ہے تو فوراً ''لاکھوں کماؤ‘‘ خرید لیجئے۔ اگر مقدمہ بازی میں مشغول ہیں تو ''رہنمائے قانون‘‘ لے آئیے۔ اگر بیمار ہیں تو ''گھر کا طبیب‘‘ پڑھنے سے شفا یقینی ہے۔ اس طرح ''کامیاب زندگی‘‘، ''کامیاب مرغی خانہ‘‘، ''ریڈیو کی کتاب‘‘، ''کلید کامیابی‘‘، ''کلید مویشیاں‘‘ اور دوسری لاتعداد کتابیں بنی نوع انسان کی جو خدمت کر رہی ہیں، اس سے ہم واقف ہیں۔مصنف ان کتابوں سے اس قدر متاثر ہوا کہ اس نے ازراہ ِتشکر کلیدِ کامیابی، حصہ دوم، لکھنے کا ارادہ کیا تاکہ وہ چند نکتے جو اس افادی ادب میں پہلے شامل نہ ہو سکے، اب شریک کر لیے جائیں۔
عظمت کا راز
تاریخ دیکھئے۔ دنیا کے عظیم ترین انسان غمگین رہتے تھے۔ کار لائل کا ہاضمہ خراب رہتا تھا۔ سیزر کو مرگی کے دورے پڑتے تھے۔ روس کا مشہور IVAN نیم پاگل تھا۔ خود کشی کی کوشش کرنا کلائیو کا محبوب مشغلہ تھا۔ کانٹ کو یہ غم لے بیٹھا کہ اس کا قد عظیم ادب مغموم موڈ کی تخلیق ہے اور اکثر جیلوں میں لکھا گیا ہے۔ لہٰذا غمگین ہوئے بغیر کوئی عظیم کام کرنا ناممکن ہے۔ غم ہی عظمت کا راز ہے ''یا غم آسرا تیرا‘‘۔
تو پھر آج ہی سے رنجیدہ رہنا شروع کردیجئے۔ بہت تھوڑے ملک ایسے ہیں، جہاں غمگین ہونے کے اتنے موقعے میسر ہیں، جتنے ہمارے ہاں۔ ابھی چند اشعار پڑھئے، ہماری شاعری ماشاء اللہ حزن و الم سے بھر پور ہے۔ سوچئے کہ زندگی پیاز کی طرح ہے، چھیلتے رہیے اندر سے کچھ بھی برآمد نہیں ہوتا۔ رشتہ داروں اور ان کے طعنوں کو یاد کیجئے۔ پڑوسی عنقریب آپ کے متعلق نئی افواہیں اڑانے والے ہیں۔جن لوگوں نے آپ سے قرض لیا تھا، ایک پائی بھی ادا نہیں کی (ویسے جو قرض آپ نے لیا ہے، وہ بھی ادا نہیں ہوا) زندگی کتنی مختصر ہے؟ مرنے کے بعد کیا ہوگا؟ شام کی گاڑی سے کوئی پندرہ بیس رشتہ دار بغیر اطلاع دیئے آجائیں گے۔ ان کیلئے بستروں کا انتظام کرنا ہوگا۔ یہ چستی صاحب اپنے آپ کو کیا سمجھتے ہیں؟ پچھلے ہفتے قطب الدین صاحب نے کھانے پرسارے شہرکومدعو کیا، سوائے آپ کے وغیرہ وغیرہ۔
اب آپ غمگین ہیں۔ آہیں بھریئے۔ ماتھے پر شکنیں پیدا کیجئے۔ ہرایک سے لڑئیے۔ عنقریب آپ اس برتری سے آشنا ہوں گے جو سدا بیزار رہنے والوں کاہی حصہ ہے۔ وہ احساس جو انسان کے نطشے کا فوق الانسان بناتا ہے۔ اب آپ شاید کوئی عظیم کام کرنے والے ہیں۔عظیم کام کرچکنے کے بعد اگرموڈ بدلنا منظور ہو تو فوراً بازار سے 'مسرور ہو‘ مسکراتے رہیے، یا ایسی کوئی کتاب لے کر پڑھیے اور خوش ہو جائیے۔
اپنے آپ کو پہچانو
حکماء کا اصرار ہے کہ اپنے آپ کو پہچانو۔ لیکن تجربے سے ثابت ہوا کہ اپنے آپ کو کبھی مت پہچانو، ورنہ سخت مایوسی ہوگی۔ بلکہ ہو سکے تو دوسروں کو بھی مت پہچانو۔ایمرسن فرماتے ہیں کہ ''انسان جو کچھ سوچتا ہے، وہی بنتا ہے‘‘کچھ بننا کس قدر آسان ہے، کچھ سوچنا شروع کردواوربن جاؤ۔
خواب اورعمل
اپنے خوابوں کو عملی جامہ پہنائیے۔ یہ جامہ جتناجلد پہنایا گیا، اتنا ہی بہترہوگا۔ ان لوگوں سے بھی مشورہ کیجئے۔ جو اس قسم کے جامے اکثر پہناتے رہتے ہیں۔
حافظہ تیزکرنا
اگر آپ کوباتیں بھول جاتی ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کا حافظہ کمزور ہے۔ فقط آپ کو باتیں یاد نہیں رہتیں۔ علاج بہت آسان ہے۔آئندہ ساری باتیں یاد رکھنے کی کوشش ہی مت کیجئے۔ آپ دیکھیں گے کہ کچھ باتیں آپ کو ضرور یاد رہ جائیں گے۔
بہت سے لوگ باربار کہا کرتے ہیں،ہائے یہ میں نے پہلے کیوں نہیں سوچا؟ اس سے بچنے کی ترکیب یہ ہے کہ ہمیشہ پہلے سے سوچ کر رکھیے اور یا پھر ایسے لوگوں سے دور رہیے، جو ایسے فقرے کہا کرتے ہیں۔ دانشمندوں نے مشاہدہ تیز کرنے کے طریقے بتائے ہیں کہ پہلے پھرتی سے کچھ دیکھئے، پھر فہرست بنا ئیے کہ ابھی آپ نے کیا کیا دیکھا تھا۔ اس طرح حافظے کی ٹریننگ ہوجائے گی اور آپ حافظ بنتے جائیں گے۔ لہٰذا اگر اور کوئی کام نہ ہو تو آپ جیب میں کاغذ اور پنسل رکھیے۔ چیزوں کی فہرست بنائیے اور فہرست کو چیزوں سے ملایا کیجئے۔ بڑی فرحت حاصل ہوگی۔
مشہور فلسفی شو پنہارسیر پرجاتے وقت اپنی چھڑی سے درختوں کو چھوا کرتا تھا۔ ایک روز اسے یاد آیا کہ پل کے پاس جو لمبا درخت ہے، اسے نہیں چھوا۔ وہ مردعاقل ایک میل واپس گیا اور جب تک درخت نہ چھو لیا، اسے سکون قلب حاصل نہ ہوا۔شو پنہارکے نقش قدم پر چلیے۔ اس سے آپ کا مشاہدہ اس قدر تیز ہوگا کہ آپ اورسب حیران رہ جائیں گے۔