عمر رسیدہ ونگ واکر 98 سالہ جنگی ہیرو کا حیرت انگیز کارنامہ
اسپیشل فیچر
زندگی کی آخری دہائیوں میں بھی حوصلہ اور عزم کی مثال قائم کرتے ہوئے دوسری عالمی جنگ کے ایک 98 سالہ سابق فوجی نے ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جس نے دنیا بھر کے لوگوں کو حیران اور متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کینسر کے مریضوں کی مدد کیلئے فنڈ اکٹھا کرنے کی خاطر ایک خطرناک وِنگ واکنگ (ہوائی جہاز کے پروں پر چلنے) کا مظاہرہ کیا اور اس عمل کے ذریعے ہزاروں پاؤنڈ جمع کرنے میں کامیاب رہے۔
یہ بزرگ جنگی ہیرو نہ صرف اپنی طویل عمر کے باوجود غیر معمولی جسمانی جرات کا مظاہرہ کر رہے ہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کے جذبے کو بھی زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ ان کا یہ اقدام اس بات کی روشن مثال ہے کہ عمر کسی بھی انسان کے عزم، ہمت اور نیک مقاصد کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔98 سالہ شخص نے اپنی زندگی کا دیرینہ خواب پورا کیا کہ وہ ایک اڑتے ہوئے جہاز کے اوپر کھڑے ہو سکیں اور ساتھ ہی انہوں نے ایک عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ہیری ہیزمین نے آسمانوں کا سفر کیا اور تاریخ کے معمر ترین مرد وِنگ واکر بن گئے۔
بے خوف بزرگ شہری نے یہ سنسنی خیز چیلنج اپنی مرحوم بیوی اور بیٹے کی یاد میں لیا، جو دونوں کینسر کے باعث وفات پا گئے تھے، اور اس کے ذریعے وہ ''لینوکس چلڈرنز کینسر فنڈ‘‘ کیلئے عطیات جمع کر رہے ہیں۔
دوسری عالمی جنگ کے سابق فوجی ہیری، جنہیں جہاز کے اوپر مضبوطی سے باندھا گیا تھا، کے ساتھ طیارہ ایک ہزار فٹ سے زیادہ بلندی تک جا پہنچا اور برطانیہ کے دیہی علاقوں کے اوپر پرواز کرتا رہا۔ اس دوران ہیری نے نہ صرف دلکش مناظر سے لطف اٹھایا بلکہ تاریخ کے معمر ترین مرد وِنگ واکر بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں خود کو پہلے سے ایک ہزار گنا مختلف اور 100 گنا بہتر محسوس کر رہا ہوں۔ یہ میری زندگی کا سب سے حیرت انگیز تجربہ تھا اور اگر ممکن ہو تو میں بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اسے دوبارہ کرنا چاہوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں بچپن سے اس خواب کو دیکھ رہا تھا اور 98 سال کی عمر میں اسے حقیقت بنانا اور گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بننا میرے وہم و گمان سے بھی بڑھ کر ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے جج پروین پٹیل، جو اس کوشش کی نگرانی کیلئے موجود تھے، نے کہا کہ ہیری واقعی ایک متاثر کن شخصیت ہیں۔ وِنگ واکنگ جیسے جسمانی طور پر مشکل کام کو انجام دینا آسان نہیں، اور پھر ذہنی طور پر اتنی مضبوطی کہ آپ اس چیلنج کو پورا کر سکیں، یہ واقعی حیرت انگیز ہے۔
ہیری کو اس فضائی سفر کا خیال اس وقت آیا جب ان کے کیئر ہوم کی منیجر کیرولن سِسٹو نے ان سے اپنی خواہشات لکھنے کو کہا۔ جب اس نے دیکھا کہ وہ فلاحی کام کیلئے وِنگ واکنگ کرنا چاہتے ہیں تو اس نے ان کا خواب پورا کرنے کیلئے عملی اقدامات شروع کر دیئے۔
ہیری نے اپنے بڑے دن کیلئے خود کو تیار کرنے کیلئے فزیو تھراپسٹ ریف کوول کے ساتھ کام کیا اور تقریباً 11 ماہ تک سخت محنت کرتے ہوئے اپنی جسمانی فٹنس کو بہتر بنایا۔ کیئر ہوم ایسٹ ہیم کیئر ہوم سے تعلق رکھنے والی کیرولن نے کہا کہ ہیری نے صرف وِنگ واک مکمل نہیں کیا بلکہ دنیا کی اس سوچ کو بدل دیا کہ 98 سال کی عمر میں کیا کچھ ممکن ہے۔
ہیری نے اپنے اس خطرناک اور دلیرانہ اقدام کے ذریعے 5ہزار پاؤنڈ جمع کرنے کا ہدف رکھا تھا، لیکن انہوں نے یہ ہدف پہلے ہی عبور کر لیاتھا۔
لینزی بِڈویل، جو ''لینوکس چلڈرنز کینسر فنڈ‘‘ سے وابستہ ہیں، نے کہا کہ ہیری اس بات کا ثبوت ہیں کہ خوابوں کے پیچھے دوڑنے کیلئے کبھی بھی دیر نہیں ہوتی۔ 98 سال کی عمر میں انہوں نے جو کچھ حاصل کیا ہے وہ غیر معمولی سے کم نہیں۔ گزشتہ چند مہینوں میں مجھے انہیں جاننے اور اس چیلنج کے پیچھے ان کے عزم کو دیکھنے کا موقع ملا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ کینسر میں مبتلا بچوں کی مدد کیلئے رقم جمع کرتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دینا اسے اور بھی خاص بنا دیتا ہے۔ ہیری واقعی ایک قومی سرمایہ ہیں، اور ہماری ٹیم اور وہ خاندان جن کیلئے وہ یہ رقم اکٹھا کر رہے ہیں، ہمیشہ ان کے شکر گزار رہیں گے۔
98 سالہ جنگی ہیرو کا یہ حیرت انگیز کارنامہ اس حقیقت کا زندہ ثبوت ہے کہ حوصلہ، عزم اور جذبہ زندگی عمر کی قید سے آزاد ہوتے ہیں۔ ونگ واکنگ جیسے خطرناک اور سنسنی خیز مظاہرے میں حصہ لے کر انہوں نے نہ صرف ایک نئی مثال قائم کی بلکہ دنیا بھر کے لوگوں، خصوصاً بزرگ افراد کو یہ پیغام بھی دیا کہ خوابوں کی تکمیل اور نئی بلندیوں کو چھونے کیلئے عمر کوئی رکاوٹ نہیں۔
اُن کی جرات اور خود اعتمادی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے اور یہ سبق دیتی ہے کہ انسان اگر ارادہ مضبوط کر لے تو زندگی کے کسی بھی مرحلے میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کر سکتا ہے۔