آج کا دن
اسپیشل فیچر
کلاک ٹاور
1859ء میں برطانیہ کی پارلیمنٹ کی عمارت، ہاؤسز آف پارلیمنٹ، میں موجود مشہور کلاک ٹاور نے باقاعدہ طور پر وقت بتانا شروع کیا۔ اسی ٹاور میں دنیا کی معروف گھنٹی ''بگ بین‘‘ نصب ہے، جو آج لندن کی ایک اہم علامت سمجھی جاتی ہے۔ بگ بین دراصل گھنٹی کا نام ہے، لیکن عام طور پر پورے ٹاور کو اسی نام سے پکارا جاتا ہے۔ یہ گھڑی اپنی درستگی، خوبصورت تعمیر اور گونج دار آواز کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہوئی۔
کوئٹہ زلزلہ
31مئی 1935ء کو کوئٹہ جو اس وقت سلطنت برطانیہ کا حصہ تھا میں رات 2 سے 3بجے کے درمیان ایک خوفناک زلزلہ آیاجس نے پورے شہر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ زلزلے کی شدت7.7تھی۔ رپورٹس کے مطابق اس زلزلے کے نتیجے میں تقریباً60 ہزار افراد جاں بحق ہوئے۔ یہ 2005ء میں کشمیر میں آنے والے زلزلے تک جنوبی ایشیا میں آنے والے زلزلوں میں سب سے زیادہ خطرناک تھا۔ زلزلے کا مرکز علی جان، بلوچستان اس وقت کے برطانوی ہندوستان سے 4 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔
کولڈ ہاربر کی جنگ
امریکی خانہ جنگی کے دوران ورجینیا میں 31 مئی 1864ء کو ایک جنگ لڑی گئی جسے '' کولڈ ہاربر‘‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔اس جنگ کے دوران سب سے اہم لڑائی 3جون کو لڑی گئی اور یہ یونین لیفٹیننٹ جنرل یولیسز کی آخری لڑائیوں میں سے ایک تھی۔جنگ کے دوران ایس گرانٹ کی اوور لینڈ مہم کو امریکی تاریخ کی سب سے خونریز، خطرناک اور یکطرفہ لڑائیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ کنفیڈریٹ جنرل رابرٹ ای لی کی فوج کی مضبوط حکمت عملی اور پوزیشن کی وجہ سے اتحادی افواج کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
امریکہ :بدترین سیلاب
31مئی1889ء کو امریکہ کے علاقے پنسلوینیا کے قصبے میں ڈیم میں شگاف پڑ جانے کی وجہ سے سیلاب آیا۔ڈیم کئی دن کی مسلسل بارش کی وجہ سے دباؤ برداشت نہیں کر سکا اور پھٹ گیا۔پانی کے شدید بہاؤ کی وجہ سے سیلاب آگیا جس کی وجہ سے 2209افراد لقمۂ اجل بنے۔اس سیلاب کے نتیجے میں 513ملین ڈالر کا نقصان ہوا۔اس واقع کو امریکہ کی تاریخ میں پیش آنے والی بدترین آفات میں شمار کیا جاتا ہے۔
کنکورڈ سروس کا اختتام
کنکورڑ جہاز کو اب تک دنیا کا تیز ترین مسافر جہاز تصور کیا جاتا ہے۔ کنکورڈ نے اپنی پہلی فلائٹ2مارچ1969ء کو بھری جو کامیاب رہی ۔ کنکورڈ سروس شروع ہونے کے کچھ ہی عرصہ بعد اس جہاز کے ساتھ ایک خوفناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں جہاز ائیرپورٹ سے کچھ فاصلے پر گر کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے کے بعد انتظامیہ کیلئے کنکورڈ سروس کو جاری رکھنا ناممکن ہوگیا اور 31 مئی2003ء کو اس سروس کا اختتام کر دیا گیا۔
یوسین بولٹ کا ریکارڈ
2008ء میں جمیکا کے شہرہ آفاق ایتھلیٹ یوسین بولٹ نے 100 میٹر دوڑ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔ انہوں نے یہ فاصلہ صرف 9.72 سیکنڈ میں طے کیا۔ اس شاندار کارکردگی نے انہیں دنیا کا تیز ترین انسان بنا دیا۔ یوسین بولٹ اپنی برق رفتار دوڑ، منفرد انداز اور مسلسل کامیابیوں کے باعث عالمی شہرت حاصل کر چکے ہیں۔ ان کا یہ ریکارڈ ایتھلیٹکس کی تاریخ کا ایک یادگار لمحہ سمجھا جاتا ہے۔