آج کا دن
اسپیشل فیچر
پاکستانی راکٹ ''رہبر1‘
6 جون 1962ء کو پاکستان نے اپنے خلائی پروگرام میں ایک تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے پہلا راکٹ ''رہبر1‘‘ کامیابی سے لانچ کیا۔ یہ تجربہ بلوچستان کے ساحلی علاقے سے انجام دیا گیا۔ اس کامیاب لانچ کے ساتھ پاکستان نہ صرف مسلم دنیا بلکہ جنوبی ایشیا کا پہلا ملک بن گیا جس نے خلائی تحقیق کے میدان میں عملی پیش رفت کی۔ اس منصوبے کی قیادت ممتاز سائنس دان ڈاکٹر طارق مصطفی نے کی۔رہبر1 کی کامیابی نے پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو کی بنیادوں کو مضبوط کیا اور ملک میں خلائی سائنس و تحقیق کے نئے دور کا آغاز کیا۔
پہلا ڈرائیو اِن تھیٹر
6جون1933ء کو دنیا کا پہلا ''ڈرائیو اِن تھیٹر‘‘ نیو جرسی میں کھولا گیا۔ ڈرائیو اِن تھیڑ ایک ایسا سینما گھر ہوتا ہے جس میں گاڑیوں کی پارکنگ کے سامنے سکرین نصب کی جاتی ہے جس سے لوگ اپنی کاروں میں رہتے ہوئے فلم دیکھ سکتے ہیں۔ڈرائیو اِن تھیٹر کا افتتاح کیا گیا تو یہ لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا کیونکہ اس سے قبل لوگوں کے دماغ میں صرف ایسے سینما کا ہی تصور تھا جس میں اندھیرے ہال میں کرسیوں پر بیٹھ کر فلم دیکھی جاتی تھی ۔ اپنی گاڑی میں بیٹھ کر فلم سے لطف اندوز ہونا لوگوں کیلئے منفرد چیز تھی۔
''دی گریٹ سیٹل فائر‘‘
6جون 1889ء کو سیٹل شہر میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جسے ''دی گریٹ سیٹل فائر‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اس آگ نے واشنگٹن کے پورے کاروباری مرکز اور ضلع کو تباہ کر کے رکھ دیا۔آگ دوپہر میں لگی اور رات گئے اس پر قابو پایا گیا۔ آ گ ایک ترکھان کی دکان سے شروع ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس نے پورے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے بعد ہنگامی بنیادوں پر شہر کی دوبارہ تعمیر کی گئی تاکہ معمولات زندگی بحال کئے جا سکیں۔ آج بھی اس آگ کو سیٹل شہر کے بدترین حادثے کی طور پر یاد کیا جاتا ہے۔
طیاروں کا تصادم
6 جون 1971ء کو امریکہ میں ایک ہولناک فضائی حادثہ پیش آیا۔ہیوز ایئرویسٹ فلائٹ 706‘‘امریکی ریاست کیلیفورنیا کے سان گیبریئل مائونٹینز کے اوپر پرواز کے دوران امریکی میرین کور کے ایک جنگی طیارے سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں طیارے تباہ ہو گئے۔ مسافر بردار طیارے میں سوار تمام افراد اور جنگی طیارے کے ایک پائلٹ سمیت مجموعی طور پر 50 افراد ہلاک ہوئے۔ یہ حادثہ امریکی فضائی تاریخ کے المناک فضائی تصادم میں شمار کیا جاتا ہے۔اس سانحے کے بعد فضائی ٹریفک کنٹرول اور فوجی و سول پروازوں کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات کیے گئے۔
آپریشن اوورلورڈ
آپریشن اوورلورڈ نارمینڈی میں لڑی جانے والی جنگ کا کوڈ نام نام تھا۔یہ دوسری عالمی جنگ کے دوران اتحادی افواج کی جانب سے کیا جانے والا آپریشن تھاجس میں جرمنی کے زیر قبضہ مغربی یورپ پر کامیاب حملے کا آغاز کیا گیا۔آپریش کا آغاز6جون1944ء کو نارمینڈی لینڈنگ کے ساتھ شروع کیا گیا تھا۔ آپریشن میں5ہزار سے زائد بحری جہازوں نے حصہ لیا۔6جون کوایک لاکھ60ہزار فوجیوں نے انگلش چینل عبور کیا اور20لاکھ اتحادی افواج فرانس میں موجود تھیں۔