آج کا دن
اسپیشل فیچر
غلاموں کی آزادی کا مسودہ
22 جولائی 1862ء کو امریکی صدر ابراہام لنکن نے اپنی کابینہ کے سامنے غلاموں کی آزادی کا ابتدائی مسودہ پیش کیا۔ اس وقت امریکہ خانہ جنگی کی لپیٹ میں تھا جہاں شمالی اور جنوبی ریاستیں ایک دوسرے کے خلاف برسرِ پیکار تھیں۔ جنوبی ریاستوں کی معیشت غلامی پر قائم تھی جبکہ شمالی ریاستیں غلامی کے خاتمے کی حامی تھیں۔لنکن نے اپنے وزراکو بتایا کہ وہ غلامی کے خاتمے کا اعلان کرنا چاہتے ہیں لیکن وزیر خارجہ ولیم سیورڈ کے مشورے پر فیصلہ کیا کہ اسے کسی بڑی فوجی کامیابی کے بعد جاری کیا جائے تاکہ اسے کمزوری کی علامت نہ سمجھا جائے۔ بعد ازاں ستمبر 1862ء میں اینٹیٹم کی جنگ کے بعد ابتدائی اعلان جاری ہوا اور یکم جنوری 1863ء کو باقاعدہ نافذ کیا گیا۔
پہلی کار ریس
22 جولائی 1894ء کو فرانس میں پیرس سے روان تک دنیا کی پہلی باقاعدہ کار مقابلہ ریس منعقد ہوئی۔ اس مقابلے کا انعقاد فرانسیسی اخبار Le Petit Journalنے کیا تھا۔ اس ریس کا مقصد صرف رفتار کا مقابلہ نہیں بلکہ یہ ثابت کرنا تھا کہ موٹرگاڑیاں گھوڑا گاڑیوں کا قابلِ اعتماد متبادل بن سکتی ہیں۔تقریباً 126 کلومیٹر طویل اس راستے میں مختلف قسم کی گاڑیاں شریک ہوئیں جن میں بھاپ، تیل اور دیگر ذرائع سے چلنے والی گاڑیاں شامل تھیں۔ اگرچہ تیز ترین گاڑی نے پہلے منزل حاصل کی لیکن انعام اس گاڑی کو دیا گیا جو محفوظ، قابلِ اعتماد اور روزمرہ استعمال کے لیے زیادہ موزوں سمجھی گئی۔یہ مقابلہ جدید آٹوموبائل صنعت کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوا۔
دنیا کا فضائی چکر
22 جولائی 1933ء کو امریکی ہوا بازWiley Post نے سات دن، 18 گھنٹے اور 49 منٹ میں تنہا دنیا کا فضائی چکر مکمل کر کے تاریخ رقم کی یوں دنیا کے پہلے شخص بن گئے جس نے اکیلے یہ کارنامہ انجام دیا۔اس سفر کے دوران انہوں نے جدید نیویگیشن آلات اور خودکار پائلٹ نظام کا استعمال کیا جو اُس دور میں ایک نئی ایجاد تھی۔ولی پوسٹ کی اس کامیابی نے عالمی ہوابازی میں انقلاب برپا کیا۔ بعد کے برسوں میں بین الاقوامی فضائی سفر، جدید نیویگیشن، اور مسافر بردار طیاروں کی ترقی کی راہ ہموار ہوئی۔ ان کی پرواز نے انجینئروں اور ہوا بازوں کو نئی تحقیق پر آمادہ کیا اور عالمی فضائی رابطوں کو فروغ ملا۔
مجدانیک نازی کیمپ
22 جولائی 1944ء کو دوسری جنگِ عظیم کے دوران سوویت فوجوں نے پولینڈ کے شہر لوبلن کے قریب واقع مجدانیک (Majdanek) نازی حراستی کیمپ کو آزاد کرایا۔ یہ پہلا بڑا نازی کیمپ تھا جو اتحادی افواج کے قبضے میں آیا اور جس کے ذریعے دنیا کو نازی جرائم کی ہولناک حقیقت کا براہِ راست ثبوت ملا۔کیمپ میں گیس چیمبرز، بھٹیاں، قیدیوں کا سامان اور دیگر شواہد تقریباً اصل حالت میں موجود تھے۔ یہاں ہزاروں افراد، خصوصاً یہودی، پولستانی، سوویت جنگی قیدی اور دیگر شہری قید رکھے گئے تھے اور بڑی تعداد میں قتل کیے گئے۔مجدانیک کی آزادی نے عالمی رائے عامہ کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔