آج کا دن
اسپیشل فیچر
''اوسلو معاہدہ‘‘
13 ستمبر 1993ء کو وائٹ ہائوس امریکہ میں فلسطین اور اسرائیل کے مابین ''اوسلو معاہدہ‘‘ طے پایا۔ یہ اسرائیلی فوج کے غزہ اوراردن کے علاقوں سے انخلا کا معاہدہ تھا جس پر فلسطین کے صدر یاسر عرفات اور اسرائیلی وزیرا عظم اسحاق رابن نے دستخط کئے۔ یہ معاہدہ کرانے میں امریکی صدر بل کلنٹن نے اہم کردار ادا کیا۔
جوئیانیا تابکاری
13ستمبر1987ء کو برازیل میں تابکاری آلودگی کا ایک حادثہ پیش آیا جسے ''جوئیانیا تابکاری حادثہ‘‘ کہا جاتا ہے۔ اس واقعہ کے بعدتقریباً ایک لاکھ 12ہزار افراد کا تابکاری آلودگی کیلئے معائنہ کیا گیا،249افراد میں اس کے اثرات پائے گئے۔بین الاقوامی جریدے نے اسے دنیا کی بدترین جوہری آفات میں سے ایک قرار دیا۔
انگولا ٹرین حملہ
2001ء میں آج کے روز انگولا میں ایک مسافر ٹرین کو مسلح حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ اس افسوسناک واقعے میں ٹرین پر سوار مسافروں کو شدید جانی نقصان اٹھانا پڑا اور مجموعی طور پر 252 افراد ہلاک ہوئے۔ یہ حملہ انگولا کی تاریخ کے انتہائی المناک واقعات میں شمار ہوتا ہے۔
کالا ماتا زلزلہ
1986ء میں آج کے روز یونان میں زلزلہ آیا، جس کی شدت 6.0 سے6.2 تک ریکارڈ کی گئی۔ یہ کالا ماتا میں آنے والے بدترین زلزلو ں میں سے ایک تھا۔ اس زلزلے میں تقریباً20 افراد ہلاک اور 300 زخمی ہوئے۔ یونان میں معمول سے زیادہ زلزلے اس لئے آتے ہیں کہ یہ پلیٹوں کے سنگم کے ایک پیچیدہ زون میں واقع ہے۔
خلائی شٹل پروگرام
2001ء میں امریکی خلائی شٹل ڈسکوری کو مشن ایس ٹی ایس105 کے تحت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی جانب روانہ کیا گیا۔ اس مشن کے دوران ایکسپیڈیشن 3 کے خلابازوں کو خلائی اسٹیشن پہنچایا گیا تاکہ وہ وہاں موجود ایکسپیڈیشن 2 کے عملے کی جگہ ذمہ داریاں سنبھال سکیں۔ یہ مشن بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر مستقل انسانی موجودگی برقرار رکھنے اور سائنسی و تکنیکی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی کوششوں کا اہم حصہ تھا۔
گیس لائن حادثہ
2018ء میں آج کے روز لارنس، اینڈور اور نارتھ اینڈور کے قصبوں میں گیس پائپ لائنز میں ضرورت سے زیادہ دباؤ ہونے کی وجہ سے اچانک دھماکے شروع ہو گئے۔ 40گھروں سمیت متعدد مقامات پر گیس کے پائپ پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے کی وجہ سے 30ہزار سے زائد افراد کوگھر خالی کرنے کا کہا گیا۔
باسوٹوگن جنگ
''باسوٹو گن جنگ‘‘ باسوٹو اور برطانوی کالونی کے درمیان ایک تنازع تھا۔ یہ13ستمبر 1880ء سے 29 اپریل 1881ء تک جاری رہا اور باسوٹو کی فتح پر ختم ہوا۔ 12 مارچ 1868ء کو باسوٹو لینڈ کے برطانوی شاہی تسلط میں تبدیل ہونے کے بعد، یہ کالونی انتظامیہ کی جانب سے تیزی سے اس کا نظام مغربی طرز پر بنانے کی کوششوں میں مصروف ہو گئی۔
1879ء میں، کیپ پارلیمنٹ نے پیس پرزرویشن ایکٹ کو باسوٹو لینڈ تک بڑھا دیا، جس کا مقصد باسوٹو لوگوں کو غیر مسلح کرنا تھا۔