آج کا دن
اسپیشل فیچر
جنگ ستمبر: ٹینکوں کا حملہ پسپا
1965ء میں آج کے روز پاک بھارت جنگ کے دوران افواج پاکستان نے چونڈہ (پسرور) کے محاذ پر ٹینکوں کا بڑا حملہ پسپا کیا ، اس لڑائی میں دشمن کے 187 ٹینک تباہ ہوئے۔ بین الاقوامی مبصرین نے جنگ عظیم کے بعد اسے ٹینکوں کی سب سے بڑی جنگ قرار دیا۔آج ہی کے دن کھیم کرن میں بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل اننت سنگھ نے تین سو سپاہیوں کے ساتھ پاکستانی فوج کے سامنے ہتھیار ڈالے۔
خلائی تحقیق کا نیا سنگ میل
2013ء میں ناسا نے تصدیق کی کہ خلائی تحقیقاتی مشن ''وائجر 1‘‘ نظامِ شمسی سے باہر بین النجمی خلا میں داخل ہونے والی انسان کی بنائی ہوئی پہلی شے بن گیا ہے۔ یہ تاریخی کامیابی خلائی تحقیق کے میدان میں اہم سنگ میل قرار دی گئی۔ اس کامیابی سے سائنسدانوں کو نظامِ شمسی کی حدود اورماحول کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہوئیں۔
فرانس:قدیم غار دریافت
فرانس میں12 ستمبر 1940ء کو 17 ہزار سالہ پرانا غار ''لاسکاو‘‘ دریافت ہوا۔یہ قدیم فن پاروں کی سب سے محفوظ شکلوں میں سے ایک ہے۔ غار میں600 پینٹگز اور ایک ہزار نقش نگاریاں ملیں۔1963ء میں دیواروں پر فنگس آنے کی وجہ سے اسے بند کر دیا گیا ۔ 1979ء میں اس غار کو یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا گیا۔
انڈونیشیا کے زلزلے
12ستمبر2007ء کو انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں دو شدید زلزلے آئے، جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر بالترتیب 8.4 اور 7.9 ریکارڈ کی گئی۔ ان طاقتور زلزلوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی اور عمارتوں و دیگر املاک کو نقصان پہنچا۔ قدرتی آفت کے باعث 25 افراد جاں بحق جبکہ 161 زخمی ہوئے۔
بارودفیکٹری تباہ
12ستمبر1634ء کو مالٹا کے شہر والیٹا میں بارود بنانے والی ایک فیکٹری دھماکے سے تباہ ہو گئی۔ اس دھماکے میں 22افراد ہلاک اور متعدد عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔یہ کارخانہ شہر میں غلاموں کی جیل کے قریب بنایا گیا تھا۔ دھماکے سے قریبی جیسوئٹ چرچ اور کالج کو نقصان پہنچا۔ چرچ کو 1647ء میں دوبارہ تعمیر کیا گیا۔
ائیر فرانس حادثہ
12 ستمبر 1961ء کی ایئر فرانس کی پرواز 2005ء اورلی ہوائی اڈے سے کاسا بلانکا ہوائی اڈے کیلئے ایک طے شدہ بین الاقوامی مسافر پرواز تھی۔جہا ز رن وے سے تقریباًآٹھ کلومیٹر دور گر کر تباہ ہو گیا۔جہاز میں موجود تمام77افراد ہلاک ہو گئے۔ جہاز میں عملے کے 6ارکان بھی سوار تھے۔ یہ حادثہ موسم خراب ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔
سارہ گڑھی کی لڑائی
سارہ گڑھی کی لڑائی برطانوی راج اور افغان قبائلیوں کے درمیان لڑی گئی۔12ستمبر 1897ء کو 12 سے24 ہزار افغانیوں نے سارہ گڑھی کی چوکی پر حملہ کیا اور قلعہ کو گھیرے میں لے لیا۔ قلعہ میں موجود 21 سپاہیوں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ دو دن بعد برطانوی ہندوستانی دستہ نے دوبارہ قلعہ پر قبضہ کر لیا۔ ان 21 فوجیوں کو بعد از مرگ ''انڈین آرڈر آف میرٹ‘‘ سے نوازا گیا، جو اس وقت ایک ہندوستانی فوجی کو ملنے والا سب سے بڑا بہادری اعزاز تھا۔