آج کا دن
اسپیشل فیچر
بیت المقدس فتح ہوا
1187ء میں صلاح الدین ایوبی نے بیت المقدس کا محاصرہ کیا۔ بیت المقدس 583ھ بمطابق 1187ء میں صلاح الدین ایوبی کے ہاتھوں صلیبیوں کی شکست کے ساتھ فتح ہوا۔ صلاح الدین ایوبی نے جنگ حطین میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد بیت المقدس کا محاصرہ کر لیا تھا اور کئہ روز تک جاری محاصرے کے بعد شہر فتح کر لیا۔
پرتگالی مہم جو کی روانگی
1519ء میں آج کے روز پرتگالی مہم جو فرڈیننڈ میگلن (Ferdinand Magellan) نے دنیا کا پہلا بحری چکر لگانے کیلئے سپین سے روانگی اختیار کی۔ فرڈیننڈ میگلن پانچ جہازوں پر مشتمل ایک بیڑے کے ساتھ اسپین کے بندرگاہ شہر سیویلے (Seville) سے روانہ ہوا۔یہ مہم دنیا کے گرد پہلا مکمل بحری سفر بن گئی۔اس مہم نے ثابت کیا کہ زمین گول ہے اور سمندر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
برطانوی خفیہ ایجنسی پر حملہ
20ستمبر2000ء کو آئرش ریپبلکن آرمی نے برطانیہ کی خفیہ ایجنسی ایم آئی 6کی ایک عمارت پر حملہ کیا۔اس حملے میں روسی ساختہ اینٹی ٹینک راکٹ استعمال کیا گیا۔ راکٹ300میٹر دور سے فائر کیاگیا اور یہ جنوب کی جانب ایک عمارت سے ٹکرایا۔یہ پہلا موقع تھا جب برطانیہ میں راکٹ لانچر استعمال کیا گیا۔''ایم آئی 6‘‘کی عمارت بلٹ اور بم پروف تھی جس کی وجہ سے بہت کم نقصان ہوا۔
جرمنی ،سوویت معاہدہ
20ستمبر1955ء کو سوویت یونین اور جرمن ڈیمو کریٹک ریپبلک کے درمیان ایک معاہدہ ہوا ۔جرمن ڈیموکریٹک ریپبلک کو عام طور پر مشرقی جرمنی بھی کہا جاتا تھا۔یہ معاہدہ جرمنی میں سوویت افواج کے گروپ کی قانونی بنیاد بن گیا اور اسی معاہدے کے تحت اس کا جانشین گروہ مغربی گروپ آف فورسز سوویت قبضے کے خاتمے کے بعد جرمنی میں اپنی موجودگی برقرار رکھنے میں کامیاب ہوا۔
چکماؤگا کی جنگ
چکماؤگا کی جنگ،20 ستمبر1863ء کو امریکی اور کنفیڈریٹ افواج کے درمیان لڑی گئی ۔یہ جارجیا میں لڑی جانے والی سب سے بڑی جنگ تھی ۔اس لڑائی کو گیٹسبرگ میں ہونے والی لڑائی کے بعد سب سے زیادہ مہلک شمار کیا جاتا ہے۔اس جنگ میں میجر جنرل ولیم روزکرینز نے امریکی فوج اور جنرل بریکسٹن بریگ نے کنفیڈریٹ آرمی کی قیادت کی، اس جنگ کوچکماؤگا کریک کا نام دیا گیا۔
ریزوک مذاکرات
ریز وک امن معاہدے پر 1697ء میں دستخط کئے گئے۔جس سے فرانس اور گرینڈ الائنس کے درمیان 1688ء سے 1697ء تک جاری رہنے والی نو سالہ جنگ کا خاتمہ ہوا۔ہزاروں افراد ہلاک ہوئے لیکن کوئی بھی اس جنگ میں فتح یا علاقائی برتری حاصل کرنے میں ناکام رہا۔اس معاہدے کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہوئی کیونکہ اس نے ایک ایسی جنگ کا خاتمہ کیا جس کا کسی بھی ملک کو فائدہ نہیں ہو رہا تھا۔