آج کا دن
اسپیشل فیچر
کراچی:سانحہ کارساز
سابق وزیراعظم بینظیر بھٹوکے قافلے پر کراچی کے علاقے کارساز میں اس وقت خودکش حملہ کیا گیا جب وہ 18 اکتوبر 2007ء کو 7 برس بعد خود ساختہ جلا وطنی ختم کرکے واپس پاکستان آئیں۔وہ پر ہجوم ریلی کی صورت میں اپنی رہائش گاہ کی جانب رواں دواں تھیں کہ یکے بعد دیگرے 2 خودکش دھماکے ہوئے۔تقریباً 200 افراد ہلاک ہوئے ۔
الاسکا کی خریداری
1867ء میں آج کے روز امریکہ نے روس سے الاسکا خریدنے کے بعد اس کا کنٹرول سنبھالا۔ابتدا میں امریکی عوام نے اس خریداری کا مذاق اڑایا کیونکہ الاسکا برف پوش علاقہ تھا۔بعد میں جب وہاں معدنی وسائل دریافت ہوئے تو یہ سودا امریکی تاریخ کے منافع بخش فیصلوں میں شمار ہوا۔ الاسکا کو 1959ء میں امریکہ کی 49ویں ریاست کا درجہ ملا۔
بی بی سی کا قیام
برطانوی نشریاتی کمپنی (بی بی سی)کا18 اکتوبر 1922ء کوقیام عمل میں آیا ، جس کی بنیاد برطانوی اور امریکی کمپنیوں نے رکھی تھی۔ بی بی سی ایک تجارتی نشریاتی ادارے کے طور پر ایئر ٹائم فروخت نہیں کرتا تھا لیکن اس کے پاس متعدد اسپانسر شدہ پروگرام ہوتے تھے جن کی ادائیگی برطانوی اخبارات کرتے تھے۔
تھامس ایڈیسن کا انتقال
عظیم امریکی موجد تھامس ایڈیسن کا1931ء میں آج کے روز انتقال ہوا۔11 فروری 1847ء کو امریکی ریاست اوہائیو کے شہر میلان میں پیدا ہونے والے تھامس ایڈیسن دنیا کے ان چند موجدوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے انسانی زندگی کو صنعتی انقلاب کے بعد سب سے زیادہ بدل دیا۔ان کے نام ایک ہزار سے زائد ایجادات رجسٹرڈ ہیں۔ان کی اہم ایجادات میں برقی بلب،گراموفون،موشن پکچر کیمرہ ،ٹیلی گراف اور ٹیلی فون شامل ہیں۔
سلمبر کی جنگ
سلمبر کی جنگ18اکتوبر1599ء کو لڑی گئی۔اس جنگ میں رومانیہ اورہنگری کی افواج مدمقابل تھیں۔ہنگری کی فوج تقریباً 30ہزار افراد پر مشتمل تھی لیکن جنگ کے دوران بہت سے فوجی منحرف ہو گئے۔ جنگ کے آغاز میں رومانیہ کی فوج نے بالادستی حاصل کی لیکن ہنگری فوج سے انہیں تیزی سے پیچھے دھکیل دیا۔
دنیا کا پہلا ٹرانزسٹر ریڈیو
1954ء میں آج کے روز امریکی کمپنی ٹیکساس انسٹرومنٹس نے دنیا کا پہلا ٹرانزسٹر ریڈیو تجارتی طور پر متعارف کرایا۔یہ ایجاد جدید پورٹ ایبل الیکٹرانکس کے دور کا آغاز ثابت ہوئی۔اس ریڈیو کا نام''ریجنسی ٹی آر1‘‘تھا۔اس کاوزن تقریباً 340 گرام تھا اور سائز چھوٹا ہونے کی وجہ سے یہ آسانی سے ہاتھ یا جیب میں رکھا جا سکتا تھا۔
سنڈون کی لڑائی
ڈنمارک اور انگریز افواج کے درمیان 18اکتوبر1016ء میں سنڈون کی لڑائی لڑی گئی۔ تاریخ میں اس جنگ کے مقام پر کچھ اختلافات پائے جاتے ہیں لیکن اس لڑائی کا اختتام ڈینز کی فتح پر ہوا۔فاتح فوج کی قیادت کنگ کینٹ کر رہے تھے جنہوں نے نگریزی فوج کو شکست دی۔یہ جنگ ڈنمارک کیلئے بہت اہم تھی کیونکہ اس کے بعد ڈنمارک نے انگریزوں کو بہت سے محاذوں پر شکست دی۔