آج کا دن
اسپیشل فیچر
لوور ابو ظہبی کا افتتاح
8نومبر 2017ء کومتحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں مشہور عجائب گھر لوور ابوظہبی (Louvre abu dhabi) کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ یہاں مختلف تہذیبوں اور ادوار کے فن پارے اور تاریخی نوادرات رکھے گئے ہیں۔یہ فرانس اور یو اے ای کے درمیان ثقافتی تعاون کی اہم علامت ہے۔
ایکس ریز کی دریافت
8 نومبر 1895ء کو جرمن سائنسدان ولہیلم رونٹگن نے کیتھوڈ ریز پر تجربات کے دوران ''ایکس ریز‘‘ دریافت کیں۔ یہ شعاع عام شعاعوں سے مختلف تھی، نہ دیکھی جا سکتی تھی اور نہ روکی جا سکتی تھی۔ چونکہ رونٹگن کو ان شعاعوں کی نوعیت معلوم نہ تھی، اس لیے انہوں نے انہیں ''ایکس ریز‘‘ کا نام دیا ۔
سمندری طوفان ہیان
2013ء میں آج کے روز فلپائن کے وسطی جزائر کے علاقے ویسایاس میں سمندری طوفان ہیان (Haiyan) نے تباہی مچائی۔ یہ اب تک ریکارڈ کیے گئے طاقتور ترین سمندری طوفانوں میں سے ایک تھا۔ جس کے نتیجے میں 6 ہزار 340 افراد ہلاک جبکہ ایک ہزار سے زائد لاپتا ہوئے۔طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی ، مجموعی مالی نقصان کا تخمینہ 2 ارب 86 کروڑ ڈالر لگایا گیا۔
بش صدر منتخب ہوئے
1988ء میں آج کے روز امریکہ میں ڈیموکریٹ کے مائیکل ڈوکاکس اور ریپبلکن کے جارج ڈبلیو بش کے درمیان صدارتی معرکہ ہوا۔ 41 ویں چار سالہ صدارتی انتخاب میں مائیکل ڈوکاکس کو شکست ہوئی اور جارج ایچ ڈبلیو بش 1989ء سے 1993ء تک امریکہ کے صدر رہے۔
ہٹلر پر قاتلانہ حملہ
8نومبر1939ء کو جرمن باشندے جوہان ایلسرنے میونخ میں ایڈولف ہٹلر پر قاتلانہ حملہ کیا۔ ایلسر نے اس پلیٹ فارم کے قریب بم رکھا جہاں سے ہٹلر نے تقریر کرنی تھی۔ وقت سے پہلے چلے جانے کے باعث ہٹلراس بم سے محفوظ رہے ۔ بم دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک، 62 افراد زخمی ہوئے۔
کمبل کی درخواست
دوسری عالمی جنگ کے دوران لندن پر مسلسل بمباری کی وجہ سے زیادہ تر لوگوں نے سرنگوں میں پناہ لے رکھی تھی۔ شدید سردی کی وجہ سے سرنگوں میں رہنا ناممکن تھا۔ 8نومبر1940ء کو پورے شہر میں اعلان کیا گیا کہ جس کے پاس اضافی کمبل یا گرم کپڑے موجود ہیں وہ سرنگوں تک پہنچائیں۔
پہلا مسلم کانگرس مین
2006ء میں آج کے دن ڈیمو کریٹ کیتھ ایلیسن امریکی کانگرس کیلئے منتخب ہوئے۔ یہ اعزاز پانے والے وہ پہلے مسلمان تھے۔کیتھ ایوان نمائندگان میں منیسوٹا کی نشست جیت کر پہنچے تھے۔ انہوں نے منیسوٹا کے 5 ویں کانگریشنل ڈسٹرکٹ میں دو امیدواروں کو شکست دے کر یہ سیاسی سنگ میل حاصل کیا تھا۔