دوڑتے ہوئے چار پزل کیوبز حل
اسپیشل فیچر
برطانوی رنر جارج شولے نے 5 منٹ 9.25 سیکنڈ میں چیلنج مکمل کیا
کچھ لوگ اپنی غیر معمولی صلاحیتوں اور حیرت انگیز کارناموں سے یہ ثابت کر دیتے ہیں کہ انسانی ذہن اور جسم کی حدود عام تصور سے کہیں آگے ہیں۔ عموماً دوڑ کے دوران رفتار برقرار رکھنا ہی ایک مشکل کام ہوتا ہے، جبکہ کسی ذہنی مشق پر توجہ مرکوز رکھنا الگ مہارت کا تقاضا کرتا ہے۔ لیکن ایک غیر معمولی رنر نے ان دونوں صلاحیتوں کو یکجا کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔ اس نے ایک میل کی دوڑ کے دوران چار چکر مکمل کیے اور ساتھ ہی چار پزل کیوبز بھی حل کر ڈالے۔ حیرت انگیز طور پر یہ کارنامہ صرف پانچ منٹ میں انجام دیا گیا، جس کے نتیجے میں اس نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ یہ کامیابی نہ صرف غیر معمولی جسمانی برداشت بلکہ ذہنی یکسوئی، تیز رفتار سوچ اور ہم آہنگی کی بھی مثال ہے۔
برطانیہ سے تعلق رکھنے والے جارج شولے نے 12 اکتوبر کو کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں واقع سینٹرل ٹیک ہائی اسکول کے ٹریک پر یہ کارنامہ انجام دیا۔ تیز ہواؤں کے باوجود وہ پورے عزم کے ساتھ میدان میں اترے۔ مقابلے میں انہیں ایک میل کا فاصلہ طے کرنا تھا اور اس دوران چار پزل کیوبز حل کرنے تھے۔ہارن بجتے ہی جارج نے پہلے کیوب سے غلاف ہٹایا اور صرف 9 سیکنڈ میں اسے حل کرکے دوڑ شروع کر دی۔ انہوں نے پہلا چکر 67 سیکنڈ میں مکمل کیا۔ دوسرے مرحلے میں کیوب 10.5 سیکنڈ میں حل کیا اور دوسرا چکر بھی 67سیکنڈ میں طے کیا۔ تیسرے مرحلے میں انہوں نے اپنی بہترین رفتار دکھاتے ہوئے کیوب محض 8.5 سیکنڈ میں حل کیا، تاہم تیسرا چکر مکمل کرنے میں 70 سیکنڈ لگے۔
آخری مرحلے میں جارج نے چوتھا کیوب 9.5 سیکنڈ میں حل کیا اور پھر فیصلہ کن چکر کیلئے دوڑ پڑے۔ حامیوں کی پرجوش تالیوں کے درمیان انہوں نے آخری مرحلہ 68 سیکنڈ میں مکمل کیا۔ اس طرح 5 منٹ 9.25 سیکنڈ کے مجموعی وقت کے ساتھ وہ عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ کامیابی کے بعد وہ خوشی سے اچھل پڑے اور اپنے دوستوں کے گلے لگ کر جشن منایا۔
انگلینڈ کے علاقے نارتھمپٹن شائر میں پرورش پانے والے جارج شولے اسپیڈ کیوبنگ کے چیمپئن ہیں اور اس سے پہلے بھی کئی عالمی ریکارڈ قائم کر چکے ہیں۔ اکتوبر 2022ء میں انہوں نے اسکیٹ بورڈ پر سفر کرتے ہوئے 90 منٹ سے کچھ زیادہ وقت میں 500 پزل کیوبز حل کیے اور پہلا عالمی اعزاز حاصل کیا۔ اسی سال نومبر میں انہوں نے 24 گھنٹوں کے دوران 6,931 کیوبز حل کرکے ایک اور ریکارڈ قائم کیا۔ اس چیلنج میں انہوں نے اوسطاً ہر 12.5 سیکنڈ میں ایک کیوب مکمل کیا۔
2024ء میں انہوں نے لندن میراتھن کے دوران دوڑتے ہوئے 520 کیوبز حل کیے اور اس شعبے میں ایک اور ریکارڈ اپنے نام کیا، تاہم بعد میں اسپین کے توتی موراگاس پاردیل نے 561 کیوبز حل کرکے یہ اعزاز اپنے نام کر لیا۔
جارج شولے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کے باعث مختلف کمپنیوں کے سفیر بھی ہیں۔ ایک میل کی دوڑ کے دوران کیوبز حل کرنے کا چیلنج معلوم ہونے پر انہوں نے سات ہفتوں تک بھرپور تیاری کی۔ اس دوران دوڑنے اور کیوبز حل کرنے کی رفتار بہتر بنانے پر توجہ دی۔ مقابلے سے چند ہفتے قبل وہ ایک کیوب محض 3.86 سیکنڈ میں حل کرنے کے قابل ہو چکے تھے، جبکہ ایک ریلے مقابلے میں ایک میل کا فاصلہ 4 منٹ 50 سیکنڈ میں طے کیا تھا۔
ٹریک پر مزید مشقوں کے بعد انہوں نے اس منفرد چیلنج میں حصہ لیا اور اپنی محنت کو عالمی ریکارڈ میں بدل دیا۔ جارج شولے کی یہ کامیابی اس بات کی مثال ہے کہ مسلسل مشق، عزم اور ذہنی و جسمانی ہم آہنگی سے بظاہر ناممکن دکھائی دینے والے اہداف بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔