آج کا دن
اسپیشل فیچر
امریکہ اور کینیڈا میں معیاری وقت کا نظام
18 نومبر 1883ء کو امریکہ اور کینیڈا کی ریلوے کمپنیوں نے وقت کے ایک نئے معیاری نظام کو نافذ کیا۔ اس سے پہلے مختلف شہروں میں طلوع آفتاب کے مطابق الگ الگ وقت مقرر ہوتا تھا۔ اس وجہ سے ریلوے گاڑیوں کے اوقات مرتب کرنے اور مسافروں کے سفر میں مشکلات پیش آتی تھیں۔اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ریلوے حکام نے خطے کو چار بڑے معیاری ٹائم زونز میں تقسیم کیا جنہیں ایسٹرن، سینٹرل، ماؤنٹین اور پیسیفک ٹائم زونز کہا گیا۔ 18 نومبر کو یہ نظام نافذ کیا گیا۔اس تبدیلی نے نہ صرف ریلوے کے نظام کو بہتر بنایا بلکہ روزمرہ زندگی، تجارت اور مواصلات میں بھی وقت کی یکسانیت پیدا کی۔ بعد میں یہی تصور دنیا بھر میں معیاری ٹائم زونز کے قیام میں مددگار ثابت ہوا۔
امریکہ پاناما اہم معاہدہ
18 نومبر 1903ء کو امریکہ اور جمہوریہ پاناما کے درمیان ایک اہم معاہدہ طے پایا، جسے ''ہے بونو واریلا معاہدہ‘‘ (Hay-Bunau-Varilla Treaty) کہا جاتا ہے۔ اس معاہدے پر امریکہ کی جانب سے وزیر خارجہ جان ہے اور پاناما کی جانب سے فلپ بونو واریلا نے دستخط کیے۔اس معاہدے کا بنیادی مقصد بحرِ اوقیانوس اور بحرالکاہل کو ملانے والی پاناما نہر کی تعمیر اور انتظام کے لیے قانونی انتظامات کرنا تھا۔ اس معاہدے کے تحت پاناما نے امریکہ کو نہر کے اطراف دس میل چوڑا علاقہ استعمال اور انتظام کرنے کے لیے دیا۔ بعد میں اسی مسئلے نے دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی بھی پیدا کی۔ بالآخر 1977ء میں نئے معاہدے کیے گئے اور 1999ء میں پاناما نہر کا مکمل انتظام پاناما کے حوالے کر دیا گیا۔
مکی ماؤس کی پہلی بڑی فلمی نمائش
18 نومبر 1928ء کو نیویارک میں والٹ ڈزنی کی مشہور مختصر اینیمیٹڈ فلم ''سٹیم بوٹ ولی‘‘ (Steamboat Willie) کی نمائش ہوئی۔ اس فلم میں مکی ماؤس نامی کردار کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا۔ یہ فلم اینیمیشن کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل سمجھی جاتی ہے کیونکہ اس میں کرداروں کی حرکات کے ساتھ آواز اور موسیقی کو ہم آہنگ کیا گیا تھا۔اس دور میں خاموش کارٹون فلمیں زیادہ عام تھیں۔ فلمی صنعت میں آواز کو متحرک تصاویر کے ساتھ شامل کرنا ایک بڑا تکنیکی چیلنج تھا۔ والٹ ڈزنی اور ان کی ٹیم نے اس چیلنج پر کام کیا اور ایک ایسی فلم پیش کی جس میں کرداروں کی حرکات، موسیقی اور صوتی اثرات ایک دوسرے کے ساتھ مربوط تھے۔اس فلم کی کامیابی نے اینیمیٹڈ فلموں کے مستقبل کو بدلنے میں اہم کردار ادا کیا۔
سوم کی جنگ کا اختتام
18 نومبر 1916ء کو پہلی جنگِ عظیم کی مشہورBattle of the Somme کا اختتام ہوا۔ یہ جنگ یکم جولائی 916ء کو فرانس کے علاقے دریائے سوم کے قریب شروع ہوئی تھی۔ اس جنگ میں برطانوی اور فرانسیسی افواج نے جرمن فوج کے خلاف مشترکہ کارروائی کی۔اس جنگ کا بنیادی مقصد جرمن فوج پر دباؤ کم کرنا اور مغربی محاذ پر اتحادی افواج کی پوزیشن مضبوط بنانا تھا۔ یہ جنگ پہلی جنگِ عظیم کی سب سے خونریز لڑائیوں میں شمار ہوتی ہے۔ اس میں لاکھوں فوجی ہلاک، زخمی یا لاپتا ہوئے۔ستمبر 1916ء میں برطانوی فوج نے پہلی مرتبہ ٹینکوں کو جنگ میں استعمال کیا جس نے عسکری تاریخ میں ایک نئی تبدیلی کی بنیاد رکھی۔18 نومبر کو موسم کی خرابی اور مسلسل نقصانات کے باعث یہ کارروائی روک دی گئی۔
جونز ٹاؤن میں المناک سانحہ
18 نومبر 1978ء کو جنوبی امریکہ کے ملک گیانا میں جونز ٹاؤن کے مقام پر ایک انتہائی المناک واقعہ پیش آیا۔ اس واقعے میں پیپلز ٹیمپل نامی تنظیم کے 900 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے۔ اس تنظیم کا سربراہ جم جونز تھا جس نے اپنے پیروکاروں کو گیانا میں ایک علیحدہ بستی قائم کرنے پر آمادہ کیا تھا۔اس روز امریکی کانگریس کے رکن لیو جے ریان ایک تحقیقاتی دورے پر جونز ٹاؤن پہنچے تو تنظیم کے مسلح افراد نے ان پر حملہ کر دیا۔ اس حملے میں ریان سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔اس کے بعد جونز ٹاؤن میں بڑے پیمانے پر اجتماعی قتل اور خودکشی کا المناک واقعہ پیش آیا۔ 900 سے زیادہ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔